نیویارک سے اسرائیل پہنچے ڈیلٹا ایئرلائنز کے مسافر طیارہ میں بم کی اطلاع سے مچی افراتفری!
اسرائیل ایئرپورٹس اتھارٹی کو اطلاع ملی تھی کے طیارہ میں بم موجود ہے۔ طیارہ کے لینڈ ہوتے ہی سیکورٹی ایجنسیوں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تمام مسافروں کو بحفاظت باہر نکال لیا۔

نیویارک سے اسرائیل کے بین گورین ایئرپورٹ پہنچی ڈیلٹا ایئرلائنز کی پرواز میں بم ہونے کی گمنام اطلاع ملنے سے افراتفری مچ گئی۔ اسرائیل ایئرپورٹس اتھارٹی کو اطلاع ملی تھی کے طیارہ میں بم موجود ہے۔ طیارہ کے لینڈ ہوتے ہی سیکورٹی ایجنسیوں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تمام مسافروں کو بحفاظت باہر نکال لیا۔ اس کے بعد بم ڈسپوزل اسکواڈ اور سیکورٹی اہلکاروں نے طیارے کو اپنی تحویل میں لے کر اس کی باریک بینی سے تلاشی شروع کر دی۔ فی الحال کسی بھی مشتبہ چیز کی موجودگی کی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔
واضح رہے کہ یہ تازہ ترین واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب چند روز قبل ہی دبئی سے اسرائیل آنے والی پرواز میں عمانی پائلٹ نے اپنے ہی معاون پائلٹ پر حملہ کر دیا تھا۔ یہ واقعہ 30 ستمبر کو دبئی سے اسرائیل کے شہر تل ابیب جانے والی فلائی دبئی کی پرواز میں پیش آیا تھا۔ ہندوستانی پائلٹ کیپٹن اسمت مچھار دبئی سے اسرائیل کے تل ابیب جا رہی فلائٹ ’ایف زیڈ 1073‘ کے کیپٹن تھے۔ اسی طیارے کے شریک پائلٹ عمانی شہری ہمام الحمامی نے فلائٹ کو کریش کرنے کی کوشش کے تحت اچانک کاک پٹ میں رکھی ’کریش ایکس‘ سے کیپٹن مچھار پر حملہ کر دیا تھا۔
کاک پٹ میں دونوں پائلٹوں کے درمیان ہوئی ہاتھا پائی کے دوران طیارہ چند ہی منٹوں میں اپنی مقررہ بلندی سے ہزاروں فٹ نیچے گر گیا تھا اور حادثے کی جانب بڑھ رہا تھا۔ لیکن کیپٹن مچھار نے شریک پائلٹ کے حملے میں شدید زخمی ہونے کے باوجود غیر معمولی حاضر دماغی اور حوصلے کا مظاہرہ کرتے ہوئے کاک پٹ کا دروازہ کھول دیا۔ اس کے بعد طیارے میں موجود مسافر کاک پٹ میں داخل ہوئے اور حملہ آور کو قابو میں کر لیا۔ طیارہ میں موجود آف ڈیوٹی پائلٹ نے طیارہ کو سعودی عرب کے تبوک ایئرپورٹ پر بحفاظت لینڈ کرایا تھا۔ معاملے کی تحقیقات اب بھی جاری ہے۔ اس واقعہ کے بعد ہندوستانی پائلٹ اسمت مچھار کی بہادری کی دنیا بھر میں تعریف کی گئی۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
