قومی خبریں

بدرالدین اجمل ’قربانی‘ دینے کو تیار، کیونکہ بی جے پی کے نشانے پر ہیں 3500 مساجد!

بدرالدین اجمل کا کہنا ہے کہ ’’وہ (بی جے پی والے) لوگوں کو یہ کہہ کر بے وقوف بنا رہے ہیں کہ شیر آ رہا ہے، شیر آ رہا ہے۔ لیکن وہ کوئی شیر نہیں بلکہ ایک انسان ہیں۔‘‘

بدرالدین اجمل، تصویر آئی اے این ایس
بدرالدین اجمل، تصویر آئی اے این ایس 

جن پانچ ریاستوں میں اس سال اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں، ان میں آسام کا نام بھی شامل ہے۔ بی جے پی پورا زور لگا رہی ہے کہ آسام میں وہ ایک بار پھر حکومت پر قابض ہو جائے، لیکن اے آئی یو ڈی ایف (آل انڈیا یونائٹیڈ ڈیموکریٹک فرنٹ) سربراہ بدرالدین اجمل ہر حال میں بی جے پی کو ریاست سے بے دخل کرنا چاہتے ہیں۔ بدرالدین اجمل بی جے پی کو اقتدار سے ہٹانے کے لیے کوئی بھی قربانی دینے کے لیے تیار ہیں کیونکہ وہ نہیں چاہتے کہ نفرت کی سیاست مزید کی جائے۔ وہ ملک کی تقریباً 3500 مساجد (جنھیں بی جے پی منہدم کرنا چاہتی ہے) کی حفاظت بھی یقینی بنانا چاہتے ہیں۔

Published: 20 Feb 2021, 4:40 PM IST

دراصل گزشتہ مہینے بدرالدین اجمل نے اپنے ایک بیان میں مرکزی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ اگر 2024 میں بی جے پی پھر سے اقتدار میں آئی تو ملک کی 3500 مساجد کو وہ منہدم کر دے گی۔ بدرالدین نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ بی جے پی نے ابھی سے ملک بھر کی 3500 مساجد کی فہرست بنا لی ہے جسے 2024 کے عام انتخابات میں حکومت بننے کے بعد گرایا جائے گا۔ اس تعلق سے بدرالدین اجمل کا ایک تازہ بیان سامنے آیا ہے جس میں انھوں نے واضح لفظوں میں کہا ہے کہ وہ بی جے پی کو آسام میں ہر حال میں شکست دینا چاہتے ہیں اور اس کے لیے وہ کوئی بھی قربانی دینے کو تیار ہیں۔

Published: 20 Feb 2021, 4:40 PM IST

یہاں قابل غور ہے کہ کانگریس نے اسمبلی انتخابات کے پیش نظر جن پانچ پارٹیوں سے آسام میں اتحاد کیا ہے، ان میں اے آئی یو ڈی ایف بھی شامل ہے۔ بدرالدین اجمل نے کانگریس کے ساتھ ہاتھ ملا کر بی جے پی کو اقتدار سے باہر کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ ساتھ ہی انھوں نے جارحانہ انداز اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’میرا مقصد بی جے پی کو آسام سے باہر کرنا ہے۔ اس کے لیے وہ کانگریس کے ساتھ مل کر لڑائی لڑیں گے۔‘‘ بقول اجمل وہ قربانی دے کر بی جے پی کو ہرائیں گے کیونکہ بی جے پی ایک خاص طبقہ کے خلاف نفرت پھیلانے کا کام کر رہی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ہیمنت بسوا سرما وزیر اعلیٰ بننے کے لیے تقسیم کی سیاست کر رہے ہیں جو ریاست اور ملک کے لیے نقصاندہ ہے۔

Published: 20 Feb 2021, 4:40 PM IST

بی جے پی کے خلاف اپنی ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے بدرالدین اجمل نے کہا کہ ’’وہ (بی جے پی والے) لوگوں کو یہ کہہ کر بے وقوف بنا رہے ہیں کہ شیر آ رہا ہے، شیر آ رہا ہے۔ لیکن وہ کوئی شیر نہیں بلکہ ایک انسان ہیں۔‘‘ دراصل بی جے پی لیڈران لگاتار بدرالدین اجمل کے خلاف بیان بازیاں کر رہے ہیں۔ ہیمنت بسوا سرما نے تو حال ہی میں یہاں تک کہہ دیا تھا کہ ’’عطر لگانے والے آسام کے دشمن ہیں۔‘‘ اس طرح کے حملوں سے بدرالدین اجمل کافی ناراض ہیں اور ہر حال میں بی جے پی کو ریاست سے باہر کرنا چاہتے ہیں۔

Published: 20 Feb 2021, 4:40 PM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 20 Feb 2021, 4:40 PM IST