قومی خبریں

وزیراعلیٰ ریکھا گپتا پر حملہ: دہلی کی بگڑتی ہوئی قانون و امن پر کانگریس کا سوال، ’یہ محض فرد پر نہیں بلکہ جمہوریت پر وار ہے‘

دہلی کی وزیراعلیٰ ریکھا گپتا پر حملے نے راجدھانی کے سکیورٹی نظام پر سنگین سوال کھڑے کر دیے ہیں۔ کانگریس رہنماؤں نے اسے جمہوریت پر حملہ قرار دیتے ہوئے سخت کارروائی اور سکیورٹی کا مطالبہ کیا

<div class="paragraphs"><p>دیویندر یادو اور نریش کمار / سوشل میڈیا</p></div>

دیویندر یادو اور نریش کمار / سوشل میڈیا

 

نئی دہلی: دہلی کی وزیراعلیٰ ریکھا گپتا پر حملے کے واقعے نے نہ صرف ریاستی سیاست کو ہلا کر رکھ دیا ہے بلکہ راجدھانی کی سکیورٹی اور قانون و امن کی صورتحال پر بھی سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ اس واقعے کے بعد دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر دیویندر یادو اور پارٹی کے سینئر ترجمان ڈاکٹر نریش کمار نے الگ الگ بیانات دیتے ہوئے اس حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کی اور اسے جمہوریت پر براہ راست حملہ قرار دیا۔

Published: undefined

دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر دیویندر یادو نے کہا کہ وزیراعلیٰ ریکھا گپتا پر حملہ بہت ہی افسوسناک اور تشویشناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ دہلی پولیس اور سکیورٹی ایجنسیوں کی مکمل ناکامی کو ظاہر کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب ایک وزیراعلیٰ اپنی ہی سرکاری رہائش گاہ پر، چاق چوبند سکیورٹی کے باوجود عوامی ملاقات کے دوران نشانہ بن سکتی ہیں تو عام خواتین اور عام شہریوں کی حفاظت کا سوال خود بخود پیدا ہوتا ہے۔ یادو نے مزید کہا کہ دہلی میں بڑھتے جرائم خاص طور پر خواتین کے خلاف وارداتوں کا یہ واقعہ کھلا ثبوت ہے۔ ان کے مطابق ریکھا گپتا پر حملہ ایک بڑی سکیورٹی چُوک ہے اور اس میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہیے۔

Published: undefined

انہوں نے کہا کہ سیاست میں تشدد کی کوئی گنجائش نہیں ہے اور اس حملے کو معمولی واقعہ سمجھنے کی بجائے ایک بڑے بحران کے طور پر لینا ہوگا۔ یادو نے وزیراعلیٰ کی صحتیابی کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ دہلی پولیس اگر وزیراعلیٰ کو تحفظ نہیں دے سکتی تو عام شہریوں اور رات کی ڈیوٹی کرنے والی خواتین کی حفاظت کیسے کرے گی۔ انہوں نے اس موقع پر یاد دلایا کہ ابھی حال ہی میں اسمبلی کے مانسون اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ نے اعلان کیا تھا کہ دہلی میں خواتین کو رات کے وقت بھی کام کرنے کی اجازت دی جائے گی اور ان کی حفاظت کے لیے مؤثر انتظامات کیے جائیں گے۔ یادو نے کہا کہ موجودہ حالات میں یہ سوال شدت سے اٹھتا ہے کہ جب وزیراعلیٰ خود محفوظ نہیں تو رات میں سفر کرنے والی لاکھوں خواتین کی جان و عزت کی حفاظت کون کرے گا۔

Published: undefined

دیویندر یادو نے مزید کہا کہ دہلی کی بگڑتی ہوئی قانون و امن کی صورتحال پر وہ بارہا لیفٹیننٹ گورنر، مرکزی وزیر داخلہ، وزیراعلیٰ اور پولیس کمشنر کو عوام کی طرف سے متوجہ کر چکے ہیں، لیکن نتیجہ صفر ہے۔ ان کے مطابق دہلی میں جرائم کی فہرست طویل ہے، جن میں کھلے عام لوٹ اور جھپٹ ماری، خواتین پر بڑھتے حملے اور زیادتیاں، تعلیمی اداروں میں بم کی جھوٹی دھمکیاں، گینگ وار اور فائرنگ کے واقعات شامل ہیں۔ یادو نے الزام لگایا کہ چھبیس برس بعد اقتدار میں آئی حکومت اور وزیراعظم آفس کے دباؤ میں چلنے والی انتظامیہ کے درمیان باہمی کھینچا تانی نے دہلی کی سیکیورٹی کو برباد کر دیا ہے۔ وزیراعلیٰ پر حملہ اسی بگڑی ہوئی صورتحال کا زندہ ثبوت ہے۔

Published: undefined

دوسری جانب دہلی کانگریس کے سینئر ترجمان ڈاکٹر نریش کمار نے اس حملے کو محض ایک فرد پر نہیں بلکہ جمہوری اقدار پر حملہ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ واقعہ صرف وزیراعلیٰ پر حملہ نہیں بلکہ پورے جمہوری نظام پر وار ہے۔ جمہوریت کی طاقت اختلاف رائے کو برداشت کرنے اور مکالمہ قائم رکھنے میں ہے، نہ کہ تشدد میں۔ ڈاکٹر نریش کمار نے کہا کہ اس واقعے نے دہلی کی قانون و امن کی صورتحال پر بڑے سوال کھڑے کر دیے ہیں۔ اگر وزیراعلیٰ کے سرکاری گھر پر اس طرح کا حملہ ہو سکتا ہے تو عام شہریوں کے تحفظ کی حالت خود واضح ہے۔

Published: undefined

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ محض سخت کارروائی پر اکتفا نہ کیا جائے بلکہ دہلی کی سکیورٹی کا پورا نظام نئے سرے سے پرکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ ایک وارننگ ہے جسے معمولی واقعہ سمجھنے کی غلطی نہیں کی جانی چاہیے۔ ڈاکٹر نریش کمار نے کہا کہ کانگریس ہمیشہ جمہوری اقدار کے تحفظ اور تشدد کے خلاف کھڑی رہی ہے۔ ان کے مطابق یہ وقت حکومت کے لیے سنجیدگی دکھانے اور دہلی کی بگڑتی ہوئی سکیورٹی صورتحال کو سنبھالنے کا ہے۔

Published: undefined

وزیراعلیٰ ریکھا گپتا پر حملے نے دہلی کی سیاست میں ہلچل پیدا کر دی ہے اور عوامی سطح پر یہ بحث زور پکڑ گئی ہے کہ جب راجدھانی میں ہی خواتین اور وزرائے اعلیٰ محفوظ نہیں تو عام شہریوں کی حالت کیا ہوگی۔ کانگریس نے اس حملے کو نہ صرف جمہوریت پر چوٹ قرار دیا بلکہ دہلی پولیس اور حکومت کی ناکامی کا بھی سخت نوٹس لیا ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ آیا حکومت اس سنگین معاملے کو محض وقتی ردعمل تک محدود رکھتی ہے یا قانون و امن کی بحالی کے لیے کوئی عملی قدم بھی اٹھاتی ہے۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined