قومی خبریں

اٹل بہاری واجپئی ہار گئے زندگی کی جنگ، 7 روزہ قومی غم کا اعلان

سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی کی حالت نازک ہے اور مختلف رہنماؤں کے اسپتال پہنچ کر ان کی عیادت کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ کچھ ہی دیر میں راہل گاندھی واجپئی کا حال جاننے کے لئے ایمس پہنچیں گے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

یو پی اے چیئرپرسن سونیا گاندھی کے ذریعہ اٹل بہاری واجپئی کو خراج عقیدت پیش

یو پی اے چیئرپرسن سونیا گاندھی نے سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی کی رہائش پر پہنچ کر ان کے جسد خاکی کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انھوں نے واجپئی کے انتقال پر غم ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ واجپئی جی کی سادگی بھری شخصیت اور دوستانہ سلوک کی وجہ سے سبھی پارٹیوں اور زندگی کے ہر شعبہ میں ان کو پسند کرنے والے لوگ ہیں۔ ان کے انتقال سے ایک بہت بڑا خلا پیدا ہو گیا ہے۔ میں ان کے انتقال سے ہوئے نقصان کے غم اور پرواز کر چکی روح کے سکون کے لیے دعا کر رہے لاکھوں ہندوستانیوں کے ساتھ کھڑی ہوں۔

Published: 16 Aug 2018, 9:45 AM IST

اٹل بہاری واجپئی کے گھر ممتا بنرجی کی آمد

مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی کا دیدار کرنے ان کے گھر پہنچ گئی ہیں۔ ایمس سے کچھ گھنٹے پہلے اٹل بہاری واجپئی کا جسد خاکی ان کے گھر آ چکا ہے جہاں ان کا دیدار کرنے کے لیے لوگوں کی بھیڑ جمع ہو رہی ہے۔

Published: 16 Aug 2018, 9:45 AM IST

اٹل بہاری واجپئی کی آخری رسوم 17 اگست کو شام 4 بجے

بی جے پی کے قومی صدر امت شاہ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ کل صبح یعنی 17 اگست کو 9 بجے سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی کے آخری رسومات کی ادائیگی کا سلسلہ بی جے پی صدر دفتر میں شروع ہوگا اور ان کا آخری سفر 1 بجے شروع ہوگا جو اسمرتی استھل کی طرف بڑھے گا۔ 4 بجے شام اسمرتی استھل پر ان کی آخری رسم ادا کی جائے گی۔

Published: 16 Aug 2018, 9:45 AM IST

سابق وزیر اعظم کا جسد خاکی ایمس سے ان کے گھر روانہ

سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی کا جسد خاکی ایمس اسپتال سے ان کی رہائش گاہ کے لیے روانہ ہو چکا ہے۔ رہائش گاہ پر ان کے چاہنے والوں کی آمد کا سلسلہ بھی شروع ہو چکا ہے۔

Published: 16 Aug 2018, 9:45 AM IST

جموں و کشمیر کے لوگوں کا درد سمجھنے والے پہلے وزیر اعظم تھے واجپئی: محبوبہ مفتی

جموں و کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے اٹل بہاری واجپئی کے انتقال کو ملک، خصوصاً جموں و کشمیر کے عوام کے لیے ناقابل تلافی خسارہ قرار دیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’اٹل بہاری واجپئی ایسے پہلے وزیر اعظم تھے جنھوں نے ہمارے لوگوں کے درد کو سمجھا۔‘‘

Published: 16 Aug 2018, 9:45 AM IST

اٹل جی سیاست کے آسمان پر درخشاں ستارہ تھے: سمترا مہاجن

اٹل بہاری واجپئی کے انتقال کی خبر ملنے کے بعد لوک سبھا اسپیکر سمترا مہاجن نے کہا کہ ’’اٹل جی سیاست کے آسمان پر موجودہ وہ ستارہ تھا جو دوسروں کے مطابق کہیں زیادہ چمکدار تھے۔ ان کے اندر ایسی صلاحیت موجود تھی جو سبھی کو ایک پلیٹ فارم کھڑا کر سکیں۔ یہاں تک کہ اگر آپ اپوزیشن سے بھی پوچھیں گے تو وہ اٹل جی کے لیے احترام کی بات کریں گے۔‘‘

Published: 16 Aug 2018, 9:45 AM IST

واجپئی جی نے ہند-امریکہ رشتوں کو مضبوط دی: ہندوستان میں امریکی سفارتخانہ

ہندوستان میں واقع امریکی سفارتخانہ نے سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی کے انتقال پر اظہارِ غم کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہندوستان اور امریکہ کے درمیان مضبوط رشتہ قائم کرنے کے لیے وہ ہمیشہ یاد کیے جائیں گے۔

Published: 16 Aug 2018, 9:45 AM IST

مرکزی حکومت نے پورے ملک میں 7 دن کے ریاستی غم کا اعلان کیا

سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی کے انتقال پر مرکزی حکومت نے پورے ملک میں 7 دنوں کا غم منانے کا اعلان کیا ہے۔ اس دوران ہندوستان کا قومی پرچم نصف جھکا رہے گا۔ واجپئی کا آخری رسوم بھی ریاستی اعزاز کے ساتھ ادا کیا جائے گا۔

Published: 16 Aug 2018, 9:45 AM IST

واجپئی جی کے انتقال سے ایک سیاسی دور کا خاتمہ ہو گیا: موتی لال وورا

سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی کے انتقال پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے سینئر کانگریس لیڈر اور پارٹی کے ٹریزرار موتی لال وورا نے کہا کہ واجپئی جی کے انتقال کے ساتھ ایک سیاسی دور کا خاتمہ ہو گیا۔ انھوں نے کہا ’’وہ حکمراں اور اپوزیشن طبقہ دونوں کے لیے معزز تھے اور ان کے انتقال سے مجھے بہت افسوس ہوا ہے۔‘‘

Published: 16 Aug 2018, 9:45 AM IST

اٹل بہاری واجئی کا انتقال ناقابل تلافی نقصان: ملائم سنگھ

اتر پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ اور سماجوادی پارٹی لیڈر ملائم سنگھ یادو نے اٹل بہاری واجپئی کے انتقال کو ناقابل تلافی نقصان قرار دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’’سابق وزیر اعظم بھارت رتن اٹل بہاری واجپئی ہندوستانی سیاست کے یُگ پُرُش تھے اور ان کا انتقال ایک بڑا خسارہ ہے۔ ایشور ان کی روح کو امن عطا کرے۔‘‘

Published: 16 Aug 2018, 9:45 AM IST

اٹل بہاری واجپئی بہترین مقرر، قابل قدر شاعر اور عظیم وزیر اعظم تھے: منموہن سنگھ

سابق وزیر اعظم اور کانگریس کے سینئر لیڈر منموہن سنگھ نے اٹل بہاری واجپئی کے انتقال پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’اٹل جی بہترین مقرر، قابل قدر شاعر، نایاب عوامی خدمت گار، بے مثال رکن پارلیمنٹ اور عظیم وزیر اعظم تھے۔ ان کے انتقال سے مجھے دکھ پہنچا ہے۔‘‘

Published: 16 Aug 2018, 9:45 AM IST

مودی حکومت نے کابینہ کی ایمرجنسی میٹنگ طلب کی

سابق وزیر اعظم بھارت رتن اٹل بہاری واجپئی کے انتقال کے بعد مرکزی حکومت نے کابینہ کی ایمرجنسی میٹنگ طلب کی ہے۔ مرکزی کابینہ کی یہ میٹنگ 6.30 بجے شام میں ہوگی۔

Published: 16 Aug 2018, 9:45 AM IST

اٹل بہاری واجپئی کے انتقال سے غمزدہ ہوں: تیجسوی

بہار کے سابق نائب وزیر اعلیٰ اور آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو نے اٹل بہاری واجپئی کے انتقال کو ایک مضبوط ہندوستانی سیاستداں کا انتقال قرار دیا ہے۔ انھوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ اٹل بہاری واجپئی ان کے والد کی طرح تھے اور ان کے انتقال سے سیاست میں ایک بڑا خلا پیدا ہو گیا ہے۔

Published: 16 Aug 2018, 9:45 AM IST

ہم اٹل بہاری واجپئی کی کمی ہمیشہ محسوس کریں گے: راہل گاندھی

کانگریس صدر راہل گاندھی نے بھارت رتن اٹل بہاری واجپئی کے انتقال کو ہندوستان کے عظیم بیٹے کا انتقال قرار دیا ہے۔ انھوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ لاکھوں لوگ اٹل بہاری واجپئی سے محبت کرتے تھے اور ان کا احترام کرتے تھے۔ راہل گاندھی نے اٹل بہاری واجپئی کے اہل خانہ کے تئیں ہمدردی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ’’میری نیک خواہشات ان کے ساتھ ہیں۔‘‘

Published: 16 Aug 2018, 9:45 AM IST

اٹل بہاری واجپئی عظیم سیاستداں تھے: کانگریس

بھارت رتن اٹل بہاری واجپئی کے انتقال پر کانگریس کی جانب سے بھی خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر واجپئی کی تصویر کے ساتھ کانگریس نے لکھا کہ ’’سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی ایک عظیم سیاستداں تھے جن سے ہر کوئی محبت کرتا ہے۔ میری دعائیں اور نیک خواہشات ان کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔‘‘

Published: 16 Aug 2018, 9:45 AM IST

اٹل بہاری واجپئی کی موت کی خبر دردناک: صدر جمہوریہ

صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند نے اٹل بہاری واجپئی کی موت کی خبر کو دردناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’’ہمارے سابق وزیر اعظم اور سچے ہندوستانی سیاست داں نہیں رہے۔ ان کی کمی ہر کوئی محسوس کرے گا۔‘‘

Published: 16 Aug 2018, 9:45 AM IST

ہمارے اٹل جی نہیں رہے، اظہارِ غم کے لیے کوئی لفظ نہیں: نریندر مودی

وزیر اعظم نریندر مودی نے سابق وزیر اعظم بھارت رتن اٹل بہاری واجپئی کے انتقال پر اظہارِ غم کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’ہمارے اٹل جی اب ہمارے درمیان نہیں رہے۔ اظہارِ غم کے لیے میرے پاس کوئی لفظ نہیں۔ اٹل جی نے اپنی زندگی کا ہر لمحہ ملک کے نام کیا۔‘‘

Published: 16 Aug 2018, 9:45 AM IST

سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی کا انتقال

سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی کا آج 93 سال کی عمر میں انتقال ہو گیا۔ طویل علالت کے بعد شام ایمس کے ذرائع نے ان کے انتقال کی تصدیق کی۔

Published: 16 Aug 2018, 9:45 AM IST

شیوراج چوہان اور رمن سنگھ نے بھی کی اٹل بہاری کی عیادت

مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ شیو راج سنگھ چوہان نے ایمس پہنچ کر سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی کی عیادت کی جو ہنوز لائف سپورٹ سسٹم پر رکھے گئے ہیں۔ شیو راج سنگھ چوہان سے قبل چھتیس گڑھ کے وزیر اعلیٰ رمن سنگھ نے بھی اٹل بہاری واجپئی کی عیادت کی اور ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعاء بھی کی۔

Published: 16 Aug 2018, 9:45 AM IST

واجپئی کی حالت انتہائی نازک، راہل گاندھی نے عیادت کی

راہل گاندھی نے ایمس میں پہنچ کر سابق وزیر اعظم اٹل بہارئی واجپئی کی عیادت کی ہے۔ ان کی حالت بدستور نازک بنی ہوئی ہے۔

Published: 16 Aug 2018, 9:45 AM IST

وزیر اعظم مودی اور امت شاہ دوبارہ سے ایمس میں پہنچے۔ وزیر اعظم نے ایمس کے ڈائریکٹر رندیپ گلیریا اور واجپئی کے اہلخانہ کے ساتھ ان کی صحت پر تبادلہ خیال کیا۔ اٹل بہاری واجپئی کی صحت پر ایمس دوبارہ سے بلیٹن جاری کرے گا جس پر سبھی کی نظریں مرکوز ہیں۔

Published: 16 Aug 2018, 9:45 AM IST

ایمس کے قریب سیکورٹی انتظامات سخت

آل انڈیا انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنس (ایمس) میں داخل سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی کی صحت کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کے لئے آج بڑی تعداد میں مرکزی وزراء، سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں اور ان کے مداحوں کے آنے کی وجہ سے یہاں سیکورٹی انتظامات سخت کردئے گئے ہیں۔

جوائنٹ پولیس کمشنر (جنوبی) دیویش شریواستو کی قیادت میں بڑی تعداد میں پولیس اہلکاروں کو ایمس کے ارد گرد تعینات کیا گیا ہے۔ سینئر حکام ایمس کے اندر اور باہر موجود ہیں اور ٹریفک کو معمول کے مطابق برقرار رکھنے کے لئے خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ واجپئی کی حالت بہت ناز ہے اور وہ وینٹی لیٹر ہیں۔

وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ ہسپتال میں موجود ہیں۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کے صدر امت شاہ واجپئی کی صحت کے بارے میں معلوم کرنےآئے تھے۔ بی جے پی کے سینئر لیڈر لال کرشن اڈوانی اور مرلی منوہر جوشی نے بھی ہسپتال جاکر سابق وزیر اعظم کی صحت کی معلومات حاصل کی۔

Published: 16 Aug 2018, 9:45 AM IST

واجپئی کی صحتیابی کے لئے کئی شہروں میں دعاؤں کا سلسلہ
شیوراج نے جن آشیرواد یاترا ملتوی کی

مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان نےسابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی کی حالت انتہائی نازک ہونے کی وجہ سے جن آشیرواد یاترا ملتوی کرنے کا اعلان کیا ہے۔ چوہان نے واجپئی کی مکمل طور پر صحت مند ہونے کی خواہش کرتے ہوئے کہا کہ وہ بھی اس سے ملنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

شیوراج چوہان نے کہا کہ وہ چھندواڑا کے عوام سے معذرت خواہ ہیں۔ واجپئی کے صحت مند نہ ہونے کی وجہ سے انہوں نے جن آشیرواد یاترا کو ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

Published: 16 Aug 2018, 9:45 AM IST

ایمس کا ہیلتھ بلیٹن جاری

راجدھانی دہلی کے آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس) میں داخل سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی کی حالت انتہائی نازک بنی ہوئی ہے۔ گزشتہ 36 گھنٹوں سے ان کی صحت میں کوئی بہتری نہیں آئی ہے۔ جمعرات کی صبح واجپئی کی طبیعت کا نیا بلیٹن جاری کر دیا گیا ہے۔ ہیلٹھ بلیٹھ نے مطابق ان حالت نازک ہے اور انہیں ابھی تک لائف سپورٹ سسٹم پر رکھا گیا ہے۔

Published: 16 Aug 2018, 9:45 AM IST

وزیر اعظم نریندر مودی اب سے کچھ دیر بعد ایمس پہنچنے والے ہیں۔ بی جے پی کے صدر امت شاہ، لال کرشن آڈوانی، مرلی منوہر جوشی سمیت بی جے پی کے کئی بڑے رہنما کافی دیر سے ایمس میں موجود ہیں۔ دریں اثنا اٹل بہاری واجپئی کے گھر پر ایس پی جی کی ٹیم پہنچ گئی ہے اور پورے علاقہ کی سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔ پولس کی طرف سے کئی مقامات پر بیریکیڈنگ بھی کی گئی ہے۔

Published: 16 Aug 2018, 9:45 AM IST

دہلی پولس کی جانب سے نئی ٹریفک ایڈوائزری جاری کی گئی ہے۔ ایمس کی جانب جانے والے راستہ پر وی وی آئی پی سرگرمیاں بڑھ گئی ہیں جس کی وجہ سے کئی روٹ تبدیل کر دئے گئے ہیں۔

Published: 16 Aug 2018, 9:45 AM IST

اٹل بہاری واجپئی کی حالت نازک ہے اور مختلف رہنماؤں کے عیادت کے لئے پہنچنے کا سلسلہ جاری ہے۔ کچھ دیر قبل مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ ایمس میں واجپئی کے عیادت کے لئے پہنچے۔ اس کے علاوہ بی جے پی کے سینئر رہنما لال کرشن ادوانی اپنی بیٹی پرتبھا کے ہمراہ واجپئی کا حال جاننے پہنچے۔

Published: 16 Aug 2018, 9:45 AM IST

اٹل بہاری واجپئی کی صحت خراب ہونے کی وجہ سے ان کے لواحقین گہرے دکھ میں ہیں۔ ان کی بھتیجی کانتی مشرا نے کہا، ’’میں بھگوان سے دعا کر رہی ہوں کہ وہ جلد صحت یاب ہو جائیں تاکہ میں انہیں ایک مرتبہ پھر سے تقریر دیتے دیکھ سکوں۔ ان کی جو شبیہ تھی اسے ہمارا خاندان کبھی بھلا نہیں سکتا۔ مجھے امید ہے وہ جلد ٹھیک ہو جائیں گے۔‘‘

Published: 16 Aug 2018, 9:45 AM IST

سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی کی حالت نازک ہے اور مختلف رہنماؤں کے اسپتال پہنچ کر ان کی عیادت کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ کچھ ہی دیر میں راہل گاندھی واجپئی کا حال جاننے کے لئے ایمس پہنچیں گے۔

Published: 16 Aug 2018, 9:45 AM IST

نئی دہلی: نائب صدر وینکیا نائیڈو نے( آج) جمعرات کو آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنس (ایمس) پہنچ کر اسپتال میں داخل سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی کی صحت کی معلومات حاصل کی۔

اسپتال کے ڈاکٹروں کے مطابق واجپئی کی حالت گزشتہ 24 گھنٹے میں کافی تشویش ناک بنی ہوئی ہے انہیں وینٹی لیٹر پر رکھا گیا ہے۔ واجپئی کی حالت بدھ کے روز سے کافی نازک ہے۔

بدھ کو وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی استپال پہنچ کر واجپئی کی عیادت کی تھی۔ مودی کے علاوہ مرکزی صحت اور خاندانی بہبود کے وزیر جگت پرکاش نڈا، وزیر تجارت سریش پربھو، ریلوے کے وزیر پیوش گوئل، مرکزی وزیر کپڑا اسمرتی ایرانی، سائنس اور وزیر ماحولیات ہرش وردھن، وزیر اعظم کے دفتر کے وزیر مملکت جتیندر سنگھ اور وزیر صحت اشونی کمار چوبے بھی واجپئی کی عیادت کر چکے ہیں۔

Published: 16 Aug 2018, 9:45 AM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 16 Aug 2018, 9:45 AM IST