
سوشل میڈیا
بہار اسمبلی انتخاب کے پہلے مرحلہ کی ووٹنگ سے قبل مہاگٹھ بندھن کی پارٹیاں اس بات کو لے کر فکرمند تھیں کہ سگولی سیٹ پر ان کے امیدوار کا پرچۂ نامزدگی خارج کر دیا گیا ہے۔ اب اس سلسلے میں مہاگٹھ بندھن نے ایک ایسا اعلان کیا ہے، جس نے این ڈی اے کی خوشیوں پر پانی پھیر دیا ہے۔ اس سیٹ پر مہاگٹھ بندھن نے تیج پرتاپ یادو کی پارٹی کے امیدوار کو اپنی حمایت دینے کا اعلان کر دیا ہے۔ سگولی اسمبلی سیٹ پر مہاگٹھ بندھن میں شامل وی آئی پی امیدوار کی نامزدگی منسوخ کر دی گئی تھی، جس کے بعد این ڈی اے کا خیال تھا کہ اس سیٹ پر اسے آسانی سے جیت حاصل ہو جائے گی۔ مہاگٹھ بندھن کے تازہ فیصلے کے بعد اس سیٹ پر تیج پرتاپ یادو اور این ڈی کے امیدوار کے درمیان براہ راست مقابلہ ہوگا۔
Published: undefined
مہاگٹھ بندھن کے اس قدم کو ریاست میں انتخاب کے بعد بننے والی حکمت عملی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ رپورٹ کے مطابق سگولی اسمبلی سیٹ پر وکاس شیل انسان پارٹی (وی آئی پی) سمیت مہاگٹھ بندھن کی تمام پارٹیوں نے تیج پرتاپ یادو کے امیدوار شیام کشور چودھری کو اپنی حمایت دینے کا اعلان کر دیا ہے۔ وی آئی پی کے قومی ترجمان دیو جیوتی نے بتایا کہ ’’پارٹی کے سربراہ مکیش سہنی کی ہدایت کے مطابق اور مہاگٹھ بندھن میں شامل تمام پارٹیوں سے مشاورت کے بعد وی آئی پی نے سگولی اسمبلی سیٹ سے تیج پرتاپ یادو کی پارٹی جن شکتی جنتا دل کے امیدوار شیام کشور چودھری کو اپنی حمایت دینے کا فیصلہ لیا ہے۔‘‘
Published: undefined
وی آئی پی کے ترجمان دیو جیوتی نے یہ بھی بتایا کہ شیام کشور چودھری کو اب مہاگٹھ بندھن کی مکمل حمایت حاصل ہے۔ انہوں نے اپنی پارٹی کے تمام مقامی لیڈران، کارکنان اور حامیوں سے شیام کشور چودھری کے حق میں اتحاد کا مظاہرہ پیش کرنے کی گزارش کی ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ شیام کشور چودھری کو بھاری اکثریت سے جیت دلانے کے لیے مہاگٹھ بندھن میں شامل تمام پارٹیاں ہر ممکن کوشش کریں گی۔
Published: undefined
واضح رہے کہ مہاگٹھ بندھن میں سیٹ شیئرنگ کے بعد سگولی کی اسمبلی سیٹ وکاس شیل انسان پارٹی (وی آئی پی) کے حصہ میں آئی تھی۔ اس سیٹ پر پارٹی نے اپنا امیدوار بھی کھڑا کر دیا تھا۔ لیکن تکنیکی خامی کے باعث سگولی سیٹ سے مہاگٹھ بندھن کے امیدوار کی نامزدگی منسوخ کر دی گئی تھی۔ اب اسی سیٹ پر مہاگٹھ بندھن نے تیج پرتاپ یادو کی پارٹی کے امیدوار کو اپنی حمایت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined
تصویر: پریس ریلیز