قومی خبریں

دہلی میٹرو کے سبھی بند اسٹیشنز کو پھر سے کھولنے کا اعلان، مسافروں کی پریشانی ہوئی دور

فی الحال میٹرو اسٹیشنوں پر سیکورٹی فورسز تعینات ہیں، لیکن ٹرینوں کی خدمات اور مسافروں کی آمد و رفت مکمل طور پر معمول کے مطابق جاری ہے۔

<div class="paragraphs"><p>دہلی میٹرو / آئی اے این ایس</p></div>

دہلی میٹرو / آئی اے این ایس

 

راجدھانی دہلی میں مودی حکومت اور وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کے خلاف طلبا تحریک کے پیش نظر احتیاطاً بند کیے گئے دہلی کے میٹرو اسٹیشنز کے دروازے عام مسافروں کے لیے پھر سے کھول دیے گئے ہیں۔ آج جیسے ہی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان نے اپنے عہدہ سے استعفیٰ دیا، طلبا میں جشن کا ماحول پیدا ہو گیا۔ ایسے میں کشیدگی والے حالات ختم ہوتے نظر آئے اور صلاح و مشورہ کے بعد میٹرو انتظامیہ نے پہلے راجیو چوک، منڈی ہاؤس اور سنٹرل سکریٹریٹ میٹرو اسٹیشنز کے دروازے کھولنے کا اعلان کیا، پھر کچھ ہی دیر بعد ایک ایک کر بند سبھی میٹرو اسٹیشنز کے دروازے کھولنے کا اعلان کر دیا گیا۔

بتایا جاتا ہے کہ سیکورٹی ایجنسیوں سے مشورے کے بعد دہلی میٹرو ریل کارپوریشن (ڈی ایم آر سی) نے داخلے اور باہر نکلنے کے دروازے کھول دیے ہیں، جس سے لٹینس دہلی اور کناٹ پلیس آنے جانے والے مسافروں اور ملازمت پیشہ افراد کو بڑی راحت ملی ہے۔

قابل ذکر ہے کہ جنتر منتر پر جاری طلبا تحریک کے باعث بڑی بھیڑ اور پرتشدد جھڑپوں کے پیش نظر پولیس کی ہدایت پر کئی میٹرو اسٹیشنز کے دروازے بند کر دیے گئے تھے۔ اس کی وجہ سے راجیو چوک اور منڈی ہاؤس جیسے مصروف انٹرچینج اسٹیشنز پر مسافروں کو کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ فی الحال میٹرو اسٹیشنوں پر سیکورٹی فورسز تعینات ہیں، لیکن ٹرینوں کی خدمات اور مسافروں کی آمد و رفت مکمل طور پر معمول کے مطابق جاری ہے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔