دہلی میں آلودگی / فائل تصویر / Getty Images
نئی دہلی: دیوالی سے قبل دہلی کی فضا ایک بار پھر آلودگی کی لپیٹ میں آ گئی ہے۔ سردی بڑھنے کے ساتھ ہی راجدھانی کی ہوا کی کیفیت بھی خراب ہو گئی ہے۔ جمعرات کی صبح 4 بجکر 45 منٹ پر دہلی کا ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) 210 درج کیا گیا، جو ’خراب‘ زمرے میں آتا ہے۔ ماہرین کے مطابق، بدھ کو لگاتار دوسرے دن بھی دہلی کی ہوا کا معیار ’خراب‘ رہا، جبکہ کئی علاقوں میں اے کیو آئی 300 سے تجاوز کرتے ہوئے ’بہت خراب’ کی سطح پر پہنچ گیا۔
Published: undefined
مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ (سی پی سی بی) کے اعداد و شمار کے مطابق، بدھ کی صبح دہلی کے 38 مانیٹرنگ مراکز میں سے پانچ نے ہوا کے معیار کو ’بہت خراب‘ درجے میں رپورٹ کیا۔ آنند وہار میں صورتحال سب سے زیادہ تشویشناک رہی جہاں اے کیو آئی 345 ریکارڈ کیا گیا۔ اس کے بعد وزیرپور میں 325، دوارکا سیکٹر 8 میں 314، اور دہلی یونیورسٹی نارتھ کیمپس و سی آر آر آئی متھرا روڈ پر بالترتیب 307 درج کیا گیا۔ مجموعی طور پر دہلی کا 24 گھنٹے کا اوسط اے کیو آئی 233 رہا جو ’خراب‘ زمرے میں آتا ہے۔
سی پی سی بی کے مطابق 0 سے 50 تک اے کیو آئی ’اچھا‘، 51 سے 100 ’اطمینان بخش‘، 101 سے 200 ’درمیانہ‘، 201 سے 300 ’خراب‘، 301 سے 400 ’بہت خراب‘ اور 401 سے 500 ’سنگین‘ مانا جاتا ہے۔
Published: undefined
دہلی کی فضا میں آلودگی بڑھنے کی ایک بڑی وجہ پرالی جلانا بھی بتائی جا رہی ہے۔ ڈسیژن سپورٹ سسٹم (ڈی ایس ایس) کے مطابق بدھ کو فضائی آلودگی میں سب سے بڑا حصہ ٹرانسپورٹ کے دھوئیں کا رہا جو کل آلودگی کا تقریباً 16.7 فیصد ہے۔ سیٹلائٹ تصاویر کے مطابق 6 ریاستوں میں بدھ کو پرالی جلانے کے 136 واقعات درج کیے گئے جن میں اترپردیش میں 46، پنجاب میں 11، ہریانہ میں 7 اور خود دہلی میں ایک واقعہ شامل ہے۔
محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے بتایا کہ بدھ کو دہلی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32.5 ڈگری سیلسیس اور کم سے کم 18.3 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جو معمول سے بالترتیب 0.7 اور 1.3 ڈگری کم ہے۔ جمعرات کے لیے موسم عام طور پر صاف رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 17 اور زیادہ سے زیادہ 32 ڈگری کے آس پاس رہنے کی امید ہے۔
Published: undefined
دہلی میں بڑھتی آلودگی کے پیش نظر کمیشن برائے ایئر کوالٹی مینجمنٹ (سی اے کیو ایم) نے جمعرات کو گریڈڈ ریسپانس ایکشن پلان (جی آر اے پی) کے پہلے مرحلے کو نافذ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس مرحلے میں کھلے عام جلانے کی سرگرمیوں پر پابندی، سڑکوں پر دھول کنٹرول کے اقدامات اور تعمیراتی ملبہ ہٹانے جیسے اقدامات پر زور دیا گیا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر اگلے چند دنوں میں ہوا کے بہاؤ میں بہتری نہیں آئی تو آلودگی کی سطح میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔ دیوالی کے قریب آتے ہی پٹاخوں کے استعمال سے فضا مزید بوجھل ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ صبح کے وقت باہر جانے سے گریز کریں اور ماسک کا استعمال لازمی بنائیں۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined