قومی خبریں

اعظم خان کے بعد سماجوادی پارٹی کے لیڈر عرفان سولنکی کو بھی جیل سے ملے گی رِہائی، الٰہ آباد ہائی کورٹ سے ملی ضمانت

عرفان سولنکی کے وکیل نے کہا کہ ’’عرفان اور رضوان سولنکی کو تمام معاملات میں ضمانت مل چکی تھی، لیکن ایک گینگسٹر معاملہ تھا جس میں ان کی ضمانت نہیں ہوئی تھی۔ اسی وجہ سے ان کی رہائی نہیں ہو پا رہی تھی۔‘‘

سماجوادی پارٹی رکن اسمبلی عرفان سولنکی / آئی اے این ایس
سماجوادی پارٹی رکن اسمبلی عرفان سولنکی / آئی اے این ایس 

اعظم خان کے بعد سماجوادی پارٹی کے سابق رکن اسمبلی عرفان سولنکی کے بھی جیل سے باہر آنے کا راستہ صاف ہو گیا ہے۔ الٰہ آباد ہائی کورٹ نے عرفان سولنکی، ان کے بھائی رضوان سولنکی اور عزرائیل آٹے والا کی ضمانت منظور کر لی ہے۔ گینگسٹر معاملہ میں ان تینوں کے خلاف کانپور نگر کے جاجمؤ تھانے میں ایف آئی آر درج ہیں۔ عرفان سولنکی فی الحال مہاراج گنج کے جیل میں قید ہیں۔ واضح رہے کہ ہائی کورٹ نے سبھی فریقین کی بحث مکمل ہونے کے بعد 2 ستمبر کو فیصلہ محفوظ کر لیا تھا، اور آج جسٹس سمیر جین کی سنگل بنچ نے یہ فیصلہ سنایا۔

Published: undefined

سماجودی پارٹی کے لیڈر اور سابق رکن اسمبلی عرفان سولنکی کو ہائی کورٹ سے ضمانت ملنے پر عرفان کی ماں خورشید سولنکی نے اللہ کا شکر ادا کیا ہے۔ دوسری جانب عرفان سولنکی کے وکیل شیوکانت دیکشت نے بتایا کہ ’’عرفان سولنکی اور رضوان سولنکی کو تمام معاملات میں ضمانت مل چکی تھی، لیکن ایک گینگسٹر معاملہ تھا جس میں ان کی ضمانت نہیں ہوئی تھی۔ اسی وجہ سے ان کی رہائی نہیں ہو پا رہی تھی، لیکن اب انہیں گینگسٹر معاملے میں بھی ضمانت مل چکی ہے۔ اب عرفان اور رضوان کا جیل سے باہر آنے کا راستہ صاف ہے۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ’’عدالتی کارروائی کی بنیاد پر ان کی جیل سے رہائی میں 2 سے 3 دن کا وقت لگ سکتا ہے۔‘‘

Published: undefined

واضح ہو کہ کانپور کے جاجمؤ علاقہ کی رہنے والی خاتون نے الزام عائد کیا تھا کہ 22 نومبر 2022 کو سماجوادی پارٹی کے لیڈر عرفان سولنکی نے ان کی جھونپڑی میں آگ لگا دی تھی۔ متاثرہ نے شکایت درج کرائی تھی کہ عرفان سولنکی اور ان کے ساتھیوں نے زمین پر قبضہ کرنے کے لیے رقم کا مطالبہ کیا تھا اور مخالفت کرنے پر گھر میں آگ لگا دی تھی۔ اس معاملے میں کانپور کے ایم پی-ایم ایل اے کی خصوصی عدالت نے عرفان سولنکی سمیت ان کے بھائی رضوان سولنکی، عزرائیل آٹے والا، شوکت پہلوان اور شریف کو 7 سال  کی سزا سنائی تھی۔ اس سزا کی وجہ سے عرفان سولنکی کی سیسامؤ اسمبلی سیٹ سے رکنیت ختم ہو گئی تھی۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined