
عآپ کا احتجاج / بشکریہ ایکس
نئی دہلی: دہلی اسمبلی کے سرمائی اجلاس کے پانچویں اور آخری دن آلودگی کے مسئلے اور ایک فیک ویڈیو تنازعہ پر عام آدمی پارٹی کے ارکان نے زبردست ہنگامہ کیا، جس کے بعد انہوں نے ایوان سے واک آؤٹ کر دیا۔ کارروائی کے دوران اسپیکر وجندر گپتا نے عآپ کے رکن اسمبلی سنجیو جھا کو ایک تبصرے پر سخت کارروائی کرتے ہوئے مارشلوں کے ذریعے ایوان سے باہر نکلوایا اور پورے دن کی کارروائی کے لیے معطل کر دیا۔
Published: undefined
جمعہ کو صبح 11 بجے جیسے ہی اسمبلی کی کارروائی شروع ہوئی، عآپ ارکان نے آلودگی پر فوری بحث کا مطالبہ کرتے ہوئے نعرے بازی شروع کر دی۔ اسپیکر نے واضح کیا کہ دن کے ایجنڈے میں آلودگی پر بحث شامل ہے، تاہم چند ضروری امور پہلے نمٹانا ہوں گے۔ اس وضاحت کے باوجود ارکان خاموش نہ ہوئے اور ہنگامہ آرائی جاری رکھی۔ اسپیکر نے متعدد بار نظم و ضبط برقرار رکھنے کی اپیل کی، مگر صورت حال میں بہتری نہ آ سکی۔
اسی دوران بھارتیہ جنتا پارٹی کے رکن ستیش اپادھیائے نے اسپیکر کے سامنے اعتراض درج کراتے ہوئے الزام لگایا کہ سنجیو جھا نے ان کے خلاف قابل اعتراض الفاظ استعمال کیے اور ایوان کی کارروائی سے متعلق نامناسب تبصرہ کیا۔ اسپیکر نے اعتراض کا نوٹس لیتے ہوئے سنجیو جھا کے خلاف کارروائی کی، جس کے بعد عآپ ارکان نے واک آؤٹ کر دیا۔
Published: undefined
اسمبلی کے باہر عام آدمی پارٹی نے ایک الگ احتجاج بھی کیا، جس میں دہلی حکومت کے وزیر کپِل مشرا کے فوری استعفے کا مطالبہ کیا گیا۔ پارٹی کا الزام ہے کہ ایک فیک اور گمراہ کن ویڈیو جان بوجھ کر پھیلائی گئی، جس میں ایک مذہبی حوالے کو جوڑ کر عوامی جذبات بھڑکانے کی کوشش کی گئی۔ عآپ کے مطابق اس ویڈیو کے ساتھ غلط متن تحریر کر کے اسے سوشل پلیٹ فارمز پر پھیلایا گیا۔
عآپ کے اراکین اسمبلی سنجیو جھا، جرنیل سنگھ اور کلدیپ کمار نے کہا کہ یہ معاملہ محض غلط معلومات کا نہیں بلکہ سماجی ہم آہنگی کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہے۔
Published: undefined
انہوں نے مطالبہ کیا کہ ویڈیو پر فوری پابندی لگائی جائے اور اسے پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ جرنیل سنگھ نے کہا کہ ویڈیو میں ایک بیان کچھ اور ہے جبکہ اسکرین پر متن مختلف دکھایا گیا، جو واضح طور پر گمراہ کن ہے۔
آلودگی کے مسئلے پر گفتگو نہ ہونے پر بھی عآپ نے بی جے پی کو نشانہ بنایا اور الزام لگایا کہ حکومت اہم عوامی مسائل سے جان بوجھ کر گریز کر رہی ہے۔ پارٹی نے واضح کیا کہ وہ آلودگی اور فیک ویڈیو، دونوں معاملات پر جواب دہی تک اپنا احتجاج جاری رکھے گی۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined