قومی خبریں

آندھرا پردیش کے پلناڈو میں پیش آیا خوفناک سڑک حادثہ، پرائیویٹ بس اور آٹو کی ٹکر میں 7 افراد جاں بحق

وجے واڑہ سے تروپتی جا رہی پرائیویٹ بس نے آٹو رکشہ کو ٹکر مار دی۔ آٹو رکشہ میں تقریباً 15 لوگ سوار تھے، ان میں سے 7 لوگوں کی موت ہو گئی۔ 4 بچوں سمیت 8 دیگر زخمی ہو گئے۔

سڑک حادثہ، تصویر یو این آئی
سڑک حادثہ، تصویر یو این آئی 

آندھرا پردیش کے پلناڈو ضلع میں جمعرات کی صبح ایک پرائیویٹ بس اور آٹو رکشہ کی ٹکر میں کم از کم 7 لوگوں کی موت ہو گئی اور 8 دیگر زخمی ہو گئے۔ مرنے والوں میں 6 خواتین شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق یہ حادثہ پلناڈو ضلع کے چلکالوری پیٹ میں اڈا روڈ کے پاس پیش آیا۔ وجے واڑہ سے تروپتی جا رہی پرائیویٹ بس نے آٹو رکشہ کو ٹکر مار دی۔ آٹو رکشہ میں تقریباً 15 لوگ سوار تھے، ان میں سے 7 لوگوں کی موت ہو گئی۔ 4 بچوں سمیت 8 دیگر زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو گنٹور کے سرکاری جنرل اسپتال اور چلکالوری پیٹ سرکاری اسپتال میں داخل کرایا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرین چلکالوری پیٹ منڈل کے ویلورو گاؤں کے رہنے والے تھے۔ وہ لوگ پرکاشم ضلع کے کونڈامانجولور میں ایک سالگرہ کی پارٹی سے لوٹ رہے تھے۔ 4 لوگوں کی موت موقع پر ہی ہو گئی، جبکہ 2 لوگوں کی موت گنٹور کے سرکاری جنرل اسپتال میں اور ایک کی موت چلکالوری پیٹ سرکاری اسپتال میں ہوئی۔ حادثہ میں مرنے والوں کی شناخت بونٹو بابو (62)، بونٹو مانیما (55)، سمپورنما (70)، گنگما (50)، لکشمما (75)، چوتوپلی سوارتھما (45) اور مریمما (45) کے طور پر کی گئی ہے۔

ریاستی وزیر اعلیٰ این چندرابابو نائیڈو نے اس خوفناک سڑک حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ زخمیوں کو ہر ممکن بہتر علاج ملے اور ان کی صحت پر مسلسل نظر رکھی جائے۔ نائب وزیر اعلیٰ پون کلیان نے بھی سڑک حادثے پر گہر دکھ کا اظہار کیا۔ انہوں ضلعی افسران سے بات کی اور انہیں زخمیوں کے لیے بہتر علاج یقینی بنانے کی ہدایت دی۔

دوسری جانب جھارکھنڈ کے دھنباد میں پیش آئے خوفناک سڑک حادثے میں بائیک سوار 2 نوجوانوں کی دردناک موت ہو گئی۔ یہ حادثہ راج گنج تھانہ علاقہ کے چالی بنگلہ کے قریب این ایچ-19 پر پیش آیا۔ ایک نامعلوم گاڑی نے بائیک کو زور کی ٹکر ماری، حادثہ اس قدر شدید تھا کہ دونوں نوجوانوں نے جائے وقوع پر ہی دم توڑ دیا۔ مرنے والوں کی شناخت پنڈرپالا-رحمت گنج کے اسامہ اور تبریز کے طور پر ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق یہ حادثہ بدھ کی شام کو پیش آیا تھا۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔