ہنگری میں خوفناک سڑک حادثہ، پولینڈ کی سیاحتی بس کھائی میں گری، 12 افراد جاں بحق
ابتدائی تحقیقات کی بنیاد پر پولیس کا ماننا ہے کہ ڈرائیور کو اچانک نیند کی جھپکی آ گئی، جس کے باعث وہ گاڑی پر قابو کھو بیٹھا اور یہ حادثہ پیش آیا۔

ہنگری میں اتوار کی صبح سویرے ایک خوفناک سڑک حادثے میں 12 افراد ہلاک ہو گئے، جبکہ 10 افراد کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔ ایم3 موٹر وے (شاہراہ) پر میزوکیریشتیش شہر کے قریب پولینڈ میں رجسٹرڈ ایک سیاحتی بس کھائی میں جا گری۔ 24 ٹن وزنی بس کو ہٹانے کے لیے کرین کا استعمال کرنا پڑا۔ اس کے نیچے کئی مسافر دبے ہوئے تھے۔ پولیس کے مطابق یہ حادثہ رات تقریباً ایک بجے میزوکیریشتیش سے روانہ ہونے کے کچھ دیر بعد نیریگ ہازا شہر کی جانب جانے والی موٹر وے پر پیش آیا۔ سرکاری خبر رساں ایجنسی ’ایم ٹی آئی‘ کے مطابق بس میں 57 مسافر اور 2 ڈرائیور سوار تھے۔
ابتدائی تحقیقات کی بنیاد پر پولیس کا ماننا ہے کہ ڈرائیور کو اچانک نیند کی جھپکی آ گئی، جس کے باعث وہ گاڑی پر قابو کھو بیٹھا اور یہ حادثہ پیش آیا۔ ڈرائیور کو پولیس کی تحویل میں لے لیا گیا ہے۔ نیشنل ایمبولنس سروس (او ایم ایس زیڈ) نے کہا کہ حادثہ شدید نوعیت کا تھا، اس لیے 14 ایمبولینس یونٹس کو موقع پر بھیجا گیا۔ ایک شخص کی حالت تشویش ناک ہے، جبکہ 9 افراد کو شدید چوٹیں آئی ہیں اور 37 دیگر افراد کو معمولی چوٹیں آئی ہیں۔
ریسکیو آپریشن کے دوران کافی مشکلات پیش آئی تھیں کیونکہ کئی مسافر الٹی ہوئی بس کے نیچے پھنسے ہوئے تھے۔ صبح تقریباً 3 بجے تک فائر فائٹرز نے بس سے 35 افراد کو بچا لیا تھا۔ 24 ٹن وزنی بس کو ہٹانے کے لیے کافی مشقت کرنی پڑی تاکہ ریسکیو ٹیم اس کے نیچے پھنسے لوگوں تک پہنچ سکے۔ موقع پر سویلین کرینیں بلائی گئیں، جبکہ کرینوں کے پہنچنے تک فائر فائٹرز نے گاڑی کے پچھلے ایکسل کو اٹھانے کے لیے ونچ کا استعمال کیا۔
اس حادثے پر ہنگری اور پولینڈ کے حکام نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعظم پیٹر میگيار نے متاثرین کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا اور امدادی کارروائی میں شامل ایمرجنسی سروسز اور شہریوں کا شکریہ ادا کیا۔ ہنگری کی وزیر خارجہ انیتا اوربن نے کہا کہ ان کا ملک ہر ممکن مدد فراہم کر رہا ہے، جبکہ پولش سفارتخانہ حادثے کے متاثرین سے متعلق معاملات پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے۔ پولینڈ کے صدر کارول ناوروکی اور وزیر خارجہ رادوسلاو سیکورسکی نے حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پولش قونصلر حکام مسلسل ہنگری کے حکام کے رابطے میں ہیں اور صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
