
پونے-بنگلورو شاہراہ پر ہوئے حادثہ کے بعد کا منظر، ویڈیو گریب
مہاراشٹر میں پونے-بنگلورو شاہراہ پر جمعرات کی دیر شام ایک دردناک حادثہ پیش آیا جس میں کم از کم 8 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔ یہ حادثہ نولے برج کے پاس پیش آیا، جہاں 2 کنٹینر، ایک منی بس اور 3 سے 4 کاریں آپس میں ٹکرا گئیں۔ تقریباً 7 گاڑیوں کی شدید ٹکر کے سبب آگ لگ گئی، جس سے موقع پر چیخ و پکار اور افرا تفری کا ماحول پیدا ہو گیا۔
Published: undefined
میڈیا رپورٹس کے مطابق اس حادثہ میں 8 لوگوں کی موت زندہ جلنے کی وجہ سے ہوئی ہے، جبکہ کچھ دیگر افراد زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال میں علاج کے لیے داخل کرایا گیا۔ اس حادثہ کی جانکاری ملتے ہی پونے فائر بریگیڈ کی کئی ٹیمیں جائے وقوع پر پہنچیں اور آگ پر قابو پانے کی کوششیں شروع کر دیں۔ حادثہ شام میں اس وقت ہوا جب سڑک پر ٹریفک زیادہ ہوتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ پونے-بنگلورو شاہراہ پر لمبا جام لگ گیا۔ پولیس اور فائر بریگیڈ کی ٹیمیں راحت و بچاؤکاری کے عمل میں مصروف ہیں۔ مہلوکین کی شناخت بھی کی جا رہی ہے۔
Published: undefined
حادثہ کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ یہ اتنا شدید تھا کہ کچھ گاڑیوں کے پرخچے اڑ گئے۔ کچھ لوگ گاڑیوں کے اندر ہی پھنس گئے، جنھیں زخمی حالت میں بمشکل نکالا جا سکا۔ بچاؤ ٹیم نے سخت مشقت کے بعد آگ پر قابو پایا اور پھنسے ہوئے لوگوں کو گاڑیوں سے باہر نکالا۔ زخمیوں کو قریب کے سسون اور نولے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
Published: undefined
حادثہ میں ہلاک ہونے والوں کی شناخت فی الحال نہیں ہو سکی ہے۔ جائے وقوع پر موجود پولیس نے کہا کہ گاڑی ڈرائیورس کی لاپروائی یا بریک فیل ہونے کی وجہ سے حادثہ ہونے کا امکان ہے۔ موقع پر موجود لوگوں کا کہنا ہے کہ 2 کنٹینر، ایک بس اور 4 کاریں آپس میں ٹکرا گئیں، جس کے بعد آگ لگ گئی۔ آگ اتنی شدید تھی کہ اونچی اونچی لپٹیں اٹھنے لگیں۔ خوفناک آگ کو دیکھ کر وہاں موجود لوگ ڈر گئے اور فوری طور پر انفرادی مدد نہیں پہنچا سکے۔
Published: undefined
پونے فائر بریگیڈ نے 8 لاشیں برآمد ہونے کی تصدیق کی ہے۔ جلتی گاڑیوں میں مزید لوگوں کے پھنسے ہونے کا اندیشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔ اس صورت میں مہلوکین کی تعداد بڑھ سکتی ہے۔ موقع پر موجود ایک پولیس افسر نے بتایا کہ حادثہ کی وجہ سے متعلق جانچ کی جا رہی ہے۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined
تصویر: پریس ریلیز