
آئندہ کل، یعنی 26 نومبر کو ’یومِ آئین‘ منایا جائے گا۔ اس سے ٹھیک ایک روز قبل کانگریس جنرل سکریٹری جئے رام رمیش نے اس واقعہ کو یاد کیا ہے، جب آئین ساز اسمبلی میں آئین کا مسودہ پیش کیا گیا تھا۔ وہ 25 نومبر 1949 کا دن تھا، جب آئین کا مسودہ پیش کرتے ہوئے ڈاکٹر بی آر امبیڈکر نے ایک تاریخی تقریر کی تھی۔ اس تقریر کو یاد کرتے ہوئے جئے رام رمیش نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا ہے کہ ’’آج سے ٹھیک 77 سال قبل ڈاکٹر بی آر امبیڈکر نے ایک تاریخی تقریر کی تھی۔ یہ تقریر 20ویں صدی کے ہندوستان کے سب سے اہم، بااثر اور یادگار تقریروں میں سے ایک ہے۔‘‘ وہ یہ بھی بتاتے ہیں کہ ’’وہ (ڈاکٹر امبیڈکر) آئین ساز اسمبلی میں آئین کے مسودہ کے نفاذ کی تجویز پیش کرتے ہوئے بول رہے تھے۔ اگلے دن آئین کو نافذ کیا جانا تھا۔‘‘
جئے رام رمیش نے آئین ساز اسمبلی میں ڈاکٹر امبیڈکر کی تقریر کے کچھ اہم حصوں کو اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں شامل بھی کیا ہے۔ خاص طور سے انھوں نے 5 نکات پیش کیے ہیں، جنھیں انھوں نے تقریر کی بنیادی نظریات ٹھہرایا ہے۔ وہ 5 نکات اس طرح ہیں:
آئین ساز اسمبلی میں کانگریس پارٹی کی موجودگی کے باعث بدنظمی کا امکان پوری طرح ختم ہو گیا تھا۔ کانگریس پارٹی نے اسمبلی کی کارروائی میں نظم و ضبط اور ترتیب کو یقینی بنایا۔ دستور ساز اسمبلی میں دستور کے مسودے کی کارروائی کو خوش اسلوبی سے آگے بڑھانے کا پورا سہرا کانگریس پارٹی کو جاتا ہے۔
یہ پوری طرح ممکن ہے کہ یہ نوزائیدہ جمہوریت اپنی ظاہری شکل تو برقرار رکھے، لیکن حقیقت میں آمریت میں تبدیل ہو جائے۔ اگر ہم جمہوریت کو صرف ظاہری شکل میں ہی نہیں بلکہ حقیقت میں بھی برقرار رکھنا چاہتے ہیں تو ہمیں اپنے سماجی اور معاشی مقاصد کے حصول کے لیے آئینی طریقوں پر سختی سے عمل کرنا ہوگا۔
مذہب میں عقیدت روح کی نجات کا راستہ ہو سکتی ہے، لیکن سیاست میں عقیدت یا شخصیت پرستی زوال اور بالآخر آمریت کی طرف لے جانے والا یقینی راستہ ہے۔
ہمیں اپنی سیاسی جمہوریت کو سماجی جمہوریت میں بھی تبدیل کرنا ہوگا۔ سماجی جمہوریت کا کیا مطلب ہے؟ اس سے مراد زندگی کا ایسا طریقہ ہے جو آزادی، مساوات اور اخوت کو زندگی کے اصولوں کے طور پر تسلیم کرتا ہے۔ یہ تینوں مل کر ایک ایسی تثلیث تشکیل دیتے ہیں، جس میں کسی ایک کو دوسرے سے الگ کرنا جمہوریت کے بنیادی مقصد کو ہی ناکام بنا دینا ہے۔
26 جنوری 1950 کو ہم تضادات سے بھرپور زندگی میں داخل ہونے جا رہے ہیں۔ سیاست میں ہمارے پاس مساوات ہوگی، لیکن سماجی اور معاشی زندگی میں عدم مساوات ہوگی۔ سیاست میں ہم ’ایک شخص، ایک ووٹ‘ اور ’ایک ووٹ، ایک قدر‘ کے اصول کو تسلیم کریں گے، لیکن اپنی سماجی اور معاشی زندگی میں، اپنے سماجی و معاشی ڈھانچے کی وجہ سے ہم ایک شخص، ایک قدر کے اصول کو مسترد کرتے رہیں گے۔ آخر ہم کب تک تضادات سے بھرپور یہ زندگی گزارتے رہیں گے؟ ہمیں جلد از جلد اس تضاد کو ختم کرنا ہوگا۔
اس سوشل میڈیا پوسٹ کے آخر میں کانگریس جنرل سکریٹری جئے رام رمیش نے اس بات کو دہرایا ہے کہ ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کی مذکورہ تقریر یادگار اور زندہ و جاوید ہے۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ اس تقریر کی اہمیت ہمیشہ برقرار رہے گی۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔