امریکہ نے علی بابا کی ایک معاون کمپنی سمیت 7 کمپنیوں پر لگائی برآمدات کی پابندی
امریکی محکمہ تجارت نے واضح کیا ہے کہ پابندیاں 23 نومبر سے نافذ ہو گئی ہیں، حالانکہ انہیں باضابطہ طور پر 25 نومبر کو امریکی فیڈرل رجسٹر میں شائع کیا گیا۔

امریکہ نے جدید کمپیوٹنگ آلات اور جدید ترین سیمی کنڈکٹر چپ کے غیر مجاز صارفین تک پہنچنے کے خدشے کے پیش نظر سنگاپور کی کمپنی میگا اسپیڈ اور علی بابا کی ایک معاون کمپنی سمیت 7 کمپنیوں پر برآمدات کی پابندی عائد کردی ہے۔ امریکی محکمۂ تجارت کے بیورو آف انڈسٹری اینڈ سیکورٹی (بی آئی ایس) نے ان کمپنیوں کو اپنی ’اینٹیٹی لسٹ‘ میں شامل کرلیا ہے۔ اس کے بعد امریکی برآمدی ضوابط کے دائرے میں آنے والی مصنوعات، ٹیکنالوجی اور آلات کی برآمد، دوبارہ برآمد یا منتقلی کے لیے خصوصی لائسنس حاصل کرنا لازمی ہوگا۔ محکمہ نے واضح کیا ہے کہ ایسے لائسنس کی درخواستیں عام طور پر مسترد کردی جائیں گی۔ یہ پابندیاں 23 نومبر سے نافذ ہوگئی ہیں، حالانکہ انہیں باضابطہ طور پر 25 نومبر کو امریکی فیڈرل رجسٹر میں شائع کیا گیا۔
پابندیوں کے دائرے میں سنگاپور کی میگا اسپیڈ انٹرنیشنل، سوئفٹ ڈاٹا اور ایپیکس انٹرپرائز سولیوشنز، ملائیشیا کی ایم ایس فیوژن، پی ٹی میگا اسپیڈ انٹرنیشنل اور اسپیڈ میٹرکس کے علاوہ تھائی لینڈ میں میگا اسپیڈ کی سرگرمیاں بھی شامل ہیں۔ امریکی کارروائی کے بعد علی بابا نے اپنی ذیلی کمپنی ایپیکس کو اس فہرست میں شامل کیے جانے پر اعتراض کیا ہے۔ دی وال اسٹریٹ جرنل کی رپورٹ کے مطابق کمپنی نے اس فیصلے کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایپیکس نے امریکی پابندیوں کے دائرے میں آنے والی جدید چپ کسی بھی غیر مجاز فریق تک نہیں پہنچائی ہے۔ علی بابا نے اپنے حقوق اور ساکھ کے تحفظ کے لیے قانونی راستہ اختیار کرنے کی بات بھی کہی ہے۔
اس دوران سنگاپور کے وزیر اعظم لارنس وونگ نے منگل کے روز کہا کہ میگا اسپیڈ کے خلاف جانچ جاری ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ سنگاپور امریکہ کے برآمدی کنٹرول کے قوانین نافذ نہیں کرتا، لیکن وہ اپنے ملک کو امریکی پابندیوں سے بچنے کے لیے استعمال کیے جانے کے حق میں بھی نہیں ہے۔ وونگ نے کہا کہ سنگاپور امریکی حکام کی جانچ میں تعاون کرتا ہے اور اپنے ملکی قوانین کی ممکنہ خلاف ورزیوں کی جانچ کرتا ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ سنگاپور نے امریکہ سے اس معاملے میں اضافی معلومات طلب کی ہیں، لیکن ابھی تک مکمل معلومات فراہم نہیں کی گئی۔ ان کے مطابق میگا اسپیڈ نے این ویڈیا سے جو چپ خریدی تھیں، وہ سنگاپور میں استعمال ہونے کے بجائے دوسرے ممالک بھیج دی گئی تھیں۔ اس وجہ سے جانچ کا معاملہ پیچیدہ ہو گیا ہے۔
سنگاپور امریکی حکام کے ساتھ بات چیت کرکے یہ معلوم کرنے کی کوشش کر رہا ہے کہ ان چپ کا حتمی استعمال کن ممالک اور اداروں نے کیا اور متعلقہ دستاویزات کی صداقت کیا ہے۔ اس معاملے کی امریکی جانچ 2024 میں شروع ہوئی تھیں۔ امریکی محکمۂ تجارت اور محکمۂ انصاف نے 17 نومبر کو جاری مشترکہ بیان میں کہا تھا کہ تفتیش کاروں کو حساس سیمی کنڈکٹر چپ کی ممکنہ غیر مجاز سپلائی سے متعلق مشتبہ سرگرمیوں کا پتہ چلا ہے۔ بیان کے مطابق محکمۂ تجارت نے مئی 2025 میں این ویڈیا سے میگا اسپیڈ کو براہ راست یا بالواسطہ طور پر کی گئی فروخت کا ریکارڈ طلب کیا تھا۔ اس کے اگلے ماہ این ویڈیا نے میگا اسپیڈ کو اپنی ممنوعہ فروخت کی فہرست میں شامل کر لیا تھا۔
امریکی تفتیش کاروں نے سنگاپور کے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر جون 2025 میں میگا اسپیڈ کے احاطے کا معائنہ بھی کیا تھا۔ اس کے بعد امریکی محکمۂ انصاف نے فوجداری تحقیقات کی ذمہ داری سنبھال لی۔ حالانکہ امریکی حکام نے واضح کیا ہے کہ 7 کمپنیوں کو اینٹیٹی لسٹ میں شامل کرنے کی کارروائی اور میگا اسپیڈ کے خلاف جاری فوجداری جانچ دو الگ الگ کارروائیاں ہیں۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
