قومی خبریں

جیور ایئرپورٹ کا افتتاح ہوئے 8 ماہ گزر گئے لیکن بین الاقوامی پرواز کا ہنوز انتظار، مودی حکومت پر کانگریس کا حملہ

جئے رام رمیش نے طنزیہ انداز میں سوال کیا ہے کہ احمد آباد کرکٹ اسٹیڈیم کے بعد جیور ایئرپورٹ بھی مودی کے نام پر رکھ دیا گیا، اب اگلا نمبر کس کا ہوگا؟

<div class="paragraphs"><p>جئے رام رمیش / آئی اے این ایس</p></div>

جئے رام رمیش / آئی اے این ایس

 

کانگریس نے جیور انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو وزیر اعظم نریندر مودی کے نام سے منسوب کرنے اور اس کے افتتاح کے 8 ماہ بعد بھی وہاں سے ایک بھی مقررہ بین الاقوامی پرواز شروع نہ ہونے پر مودی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ کانگریس جنرل سکریٹری جئے رام رمیش نے اس معاملے پر کہا ہے کہ جیور ایئرپورٹ سے اب تک ایک بھی مقررہ بین الاقوامی مسافر پرواز نے اڑان نہیں بھری ہے، اس کے باوجود اس کا نام بدل کر ’نریندر مودی انٹرنیشنل ایئرپورٹ نوئیڈا-جیور‘ رکھ دیا گیا ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ احمد آباد میں نریندر مودی اسٹیڈیم اور نریندر مودی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے بعد اب اگلا نمبر کس کا ہوگا؟

جئے رام رمیش نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر انگریزی روزنامہ ’دی ٹریبیون‘ میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے مذکورہ بالا تبصرہ کیا ہے۔ ساتھ ہی کہا ہے کہ وزیر اعظم نے 28 مارچ 2026 کو جیور انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا افتتاح بڑے پیمانے پر تشہیر اور شور و غل کے ساتھ کیا تھا۔ اس منصوبے کے پہلے مرحلہ کے لیے تنازعات کے درمیان 3000 ایکڑ سے زیادہ زمین حاصل کی گئی اور اس پر 30 ہزار کروڑ روپے سے زیادہ کی سرمایہ کاری کی گئی۔ اس کے باوجود افتتاح کے 8 ماہ بعد بھی وہاں سے ایک بھی مقررہ بین الاقوامی پرواز شروع نہیں ہو سکی ہے۔ مسافروں کی آمد و رفت بھی انتہائی سست رفتار ہے۔ کچھ حوصلہ افزا کام کرنے کی جگہ حکومت نے ایئرپورٹ کا نام بدل کر نریندر مودی انٹرنیشنل ایئرپورٹ نوئیڈا-جیور رکھنے کا فیصلہ کر لیا۔

جئے رام رمیش نے ’دی ٹریبیون‘ کی رپورٹ کے اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے ایئرپورٹ کی کارکردگی پر بھی سوال اٹھائے۔ رپورٹ کے مطابق ایئرپورٹس اتھارٹی آف انڈیا کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق جیور ایئرپورٹ نے ستمبر میں صرف 55,890 مسافروں کو خدمات فراہم کیں، جو جولائی میں درج 76,593 مسافروں کے مقابلے میں 27 فیصد کم ہے۔ اگست میں مسافروں کی تعداد گھٹ کر 58,520 رہ گئی تھی۔ طیاروں کی آمد و رفت، یعنی پروازوں کے اترنے اور اڑان بھرنے کی تعداد بھی جولائی کے 1049 سے کم ہو کر ستمبر میں 893 رہ گئی، جو تقریباً 15 فیصد کی گراوٹ ہے۔ 15 جون سے 30 ستمبر کے درمیان ایئرپورٹ نے مجموعی طور پر 2,11,525 مسافروں کو خدمات فراہم کیں، لیکن اس پورے عرصہ میں ایک بھی بین الاقوامی مسافر پرواز ریکارڈ نہیں کی گئی۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔