قومی خبریں

جھارکھنڈ: لاک ڈاؤن کے سبب ایک مہینے سے پھنسے 70 باراتی، گھر پہنچنے کے لیے بے تاب

جھارکھنڈ کے رام گڑھ میں اڑیسہ، مغربی بنگال اور چھتیس گڑھ کے تقریباً 70 مرد و خواتین باراتی دلہن کے گھر پر پھنسے ہوئے ہیں۔ یہ سبھی ہاتھ جوڑ کر حکومت سے اپیل کر رہے ہیں کہ انھیں ان کے گھر پہنچا دیا جائے

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

25 مارچ سے پورے ہندوستان میں لاک ڈاؤن ہونے کے سبب کئی لوگ جہاں تہاں پھنس گئے ہیں۔ کوئی دفتر کے کام سے کسی شہر گیا اور وہیں پھنس گیا، تو کوئی کسی تقریب میں شامل ہونے رشتہ دار کے گھر دوسرے گاؤں پہنچا اور پھر مجبوراً وہیں ٹھہر گیا۔ اس درمیان ایک معاملہ جھارکھنڈ کا سامنے آ رہا ہے جہاں ایک دو لوگ نہیں، بلکہ 70 باراتی ایک ساتھ پھنس کر رہ گئے ہیں اور ایک مہینے سے گھر جانے کے لیے بے تاب ہیں۔

Published: 24 Apr 2020, 12:11 PM IST

میڈیا ذرائع کے مطابق جھارکھنڈ کے رام گڑھ میں اڑیسہ، مغربی بنگال اور چھتیس گڑھ کے تقریباً 70 مرد و خواتین باراتی دلہن کے گھر پر پھنسے ہوئے ہیں۔ یہ سبھی ہاتھ جوڑ کر حکومت سے اپیل کر رہے ہیں کہ انھیں ان کے گھر پہنچا دیا جائے۔ مسئلہ واقعی ان باراتیوں کے ساتھ بہت بڑا ہے اور دلہن کے گھر پھنسے رہنے کی وجہ سے باراتیوں کو اچھا بھی نہیں لگ رہا ہے۔ بہر حال، ضلع انتظامیہ نے ان کی پریشانی کو دیکھتے ہوئے لاک ڈاؤن ختم ہونے تک کھانے پینے کا تو انتظام کروا دیا ہے، لیکن باراتی لگاتار حکومت سے اپیل کر رہے ہیں کہ کسی طرح ان کی گھر واپسی کا انتظام کیا جائے۔

Published: 24 Apr 2020, 12:11 PM IST

قابل ذکر بات یہ ہے کہ رام گڑھ کے ارگڈّا میں لاک ڈاؤن کے دوران کسی طرح شادی تو ہو گئی، لیکن شادی کے 30 دن کے بعد بھی دلہن کی وداعی نہیں ہو سکی ہے۔ اڑیسہ، آسنسول اور چھتیس گڑھ سے آئے باراتی اور دولہا سمیت دلہن کے کچھ رشتہ داروں سمیت 70 لوگ ہیں جن میں مرد و خواتین کے ساتھ بچے بھی شامل ہیں۔ سبھی گزشتہ 30 دنوں سے ارگڈّا کے پنچایت سکریٹریٹ میں ہی ٹھہرے ہوئے ہیں۔ ٹینٹ لگا کر سبھی کو صبح کا ناشتہ، دوپہر اور رات کا کھانا لڑکی والے کے ساتھ ساتھ وہاں کے سماجی ادارے مل کر کھلا رہے ہیں۔

Published: 24 Apr 2020, 12:11 PM IST

بتایا جاتا ہے کہ سی سی ایل ارگڈّا مائنس کوارٹر باشندہ مرحوم راج کپور جگدلّا کی بیٹی مانیکا عرف مونی کی شادی 22 مارچ کو آسنسول (مغربی بنگال) کے نیچوپوڑا باشندہ داسو دیپ کے بیٹے راکیش دیپ کے ساتھ ہونا طے پایا تھا۔ شادی والے دن یعنی 22 مارچ کو عوامی کرفیو لگ جانے کی وجہ سے شادی نہیں ہو پائی تھی۔ 23 مارچ کی رات کو شادی ہوئی لیکن 24 مارچ کو لڑکی کی وداعی نہیں ہو پائی تھی اور اسی رات کو کورونا پر قابو پانے کے لیے پی ایم نریندر مودی نے پورے ملک میں لاک ڈاؤن کا اعلان کر دیا۔ اس اعلان نے سبھی باراتیوں اور دلہن والوں کے ہوش اڑا دیے۔ اب تو سب یہی دعا کر رہے ہیں کہ جلد لاک ڈاؤن کی مدت ختم ہو جائے تاکہ وہ گھر جا سکیں۔

Published: 24 Apr 2020, 12:11 PM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 24 Apr 2020, 12:11 PM IST