
فوٹو سوشل میڈیا
اترپردیش میں پریاگ راج کے پھاپھامئو علاقے میں گزشتہ روز ایک المناک حادثہ پیش آیا جب ایک کولڈ اسٹوریج کی عمارت زور دار دھماکے کے ساتھ زمیں دوز ہوگئی۔ چھت گرنے سے 4 مزدوروں کی موت اور متعدد زخمی ہو گئے۔ راحت اور بچاؤ کا کام جاری ہے۔ ضلع مجسٹریٹ منیش کمار ورما نے کہا کہ کولڈ اسٹوریج کے منہدم ہونے کی واردات میں اب تک 4 لوگوں کی موت ہو چکی ہے جب کہ 12 مزدور زخمی ہیں جن کا اسپتال میں علاج کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع انتظامیہ، پولیس، ایس ڈی آر ایف اور فائر ڈپارٹمنٹ کی ٹیمیں جائے وقوعہ سے ملبہ ہٹا رہی ہیں اور زندہ بچ جانے والوں کی تلاش کر رہی ہیں۔
Published: undefined
یہ واقعہ پریاگ راج لکھنؤ ہائی وے پر واقع چندا پور گاؤں میں پیش آیا جہاں ایک پرائیویٹ کولڈ اسٹوریج کی عمارت اچانک زور دار دھماکے سے منہدم ہوگئی۔ پولیس کمشنر جوگیندر کمار نے بتایا کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، انتظامیہ اور امدادی ایجنسیاں موقع پر پہنچ گئیں۔ نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (این ڈی آر ایف) اور اسٹیٹ ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (ایس ڈی آر ایف) کی ٹیموں نے مشترکہ طور پر ریسکیو آپریشن شروع کیا اور اب تک 16 لوگوں کو باہر نکالا گیا ہے اور ایمبولینس کے ذریعے فوری طور پر سوروپ رانی نہرو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ حادثے میں 4 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے۔
Published: undefined
انتظامیہ کے مطابق یہ کولڈ اسٹوریج مقامی کاروباری انصار احمد کا بتایا جارہا ہے۔ ابتدائی تحقیقات میں ساختی ڈھانچہ جاتی لاپرواہی کا اندیشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔ معاملے کی جانچ ضلعی سطح پر کی جا رہی ہے، جب کہ پولیس بھی تمام پہلوؤں سے تفتیش کر رہی ہے۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس (ڈی سی پی-گنگا نگر) کلدیپ گناوت نے بتایا کہ پھاپھامئو تھانہ علاقے میں ایک ’کولڈ اسٹوریج‘ اچانک منہدم ہوگیا جس سے امونیا گیس کا اخراج ہونے لگا جس سے علاقے میں افراتفری پھیل گئی۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع انتظامیہ اور پولیس کی ٹیمیں راحت اور بچاؤ کاموں میں مصروف ہیں، اور فائر ڈپارٹمنٹ بھی گیس کے اخراج کو روکنے کے لیے سرگرم عمل ہے۔
Published: undefined
حادثے کے بعد پریاگ راج لکھنؤ شاہراہ پر ٹریفک میں کچھ دیر خلل پڑا، جس سے ملاک ہرہر علاقے میں طویل ٹریفک جام ہوگیا۔ جائے وقوعہ پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کر کے ٹریفک کا رخ موڑ دیا گیا۔ ملبہ ہٹانے کے لیے جے سی بی مشینوں کا استعمال کیا گیا اور رات گئے تک امدادی کارروائیاں جاری تھیں۔ ضلع مجسٹریٹ منیش کمار ورما اور سینئر پولیس افسران بچاؤ کی کوششوں کی نگرانی کے لیے جائے وقوعہ پر موجود تھے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ملبے تلے دبے تمام افراد کو نکالنے کی ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔ انتظامیہ نے حادثے کی وجوہات کی تفصیلی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی یقین دہانی کرائی ہے۔
Published: undefined
اس سلسلے میں منگل کے روز اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے پریاگ راج کے پھاپھامئو میں ہونے والے اس واقعہ کا نوٹس لیا اور مہلوکین کے سوگوار خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا۔ وزیر اعلیٰ نے مرنے والوں کے لواحقین کو دو دو لاکھ روپے کی مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے زخمیوں کو فی کس 50,000 روپے مالی امداد کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے زخمیوں کے علاج معالجے کا مناسب بندوبست کرنے کی بھی ہدایت کی۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined