قومی خبریں

پی ایم مودی کے جلسہ میں شریک ہونے جا رہے 4 بی جے پی حامی ٹرین کی زد میں آ کر ہلاک، وزیر اعظم کا اظہارِ افسوس

20 دسمبر کو پی ایم مودی طاہر پور میں ریلی سے خطاب کرنے والے تھے، لیکن شدید دھند کے سبب ان کا ہیلی کاپٹر لینڈ نہیں کر پایا۔ خراب موسم کو دیکھتے ہوئے پی ایم مودی نے فون سے ہی جلسہ کو خطاب کیا۔

پی ایم مودی، تصویر یو این آئی
پی ایم مودی، تصویر یو این آئی 

مغربی بنگال کے نادیا میں وزیر اعظم نریندر مودی کے جلسہ میں شریک ہونے جا رہے بی جے پی کے کچھ حامی ٹرین کی زد میں آ گئے۔ اس حادثہ میں 4 بی جے پی حامیوں کی موت ہو گئی ہے، جبکہ ایک حامی کا اسپتال میں علاج چل رہا ہے۔ اس کی حالت بھی سنگین بتائی جا رہی ہے۔ یہ حادثہ ہفتہ کی صبح پیش آیا، جس کے بعد علاقہ میں افرا تفری پیدا ہو گئی۔ بتایا جا رہا ہے کہ سبھی مہلوکین اور زخمی افراد مرشد آباد کے باشندہ ہیں۔

Published: undefined

بتایا جاتا ہے کہ حادثہ کے شکار سبھی بی جے پی حامی پی ایم مودی کی اس ریلی میں شامل ہونا چاہتے تھے جو کہ نادیہ کے طاہر پور میں پہلے سے مقرر تھی۔ وہ ریلی والی جگہ پر جا رہے تھے، تبھی راستے میں دردناک حادثہ پیش آ گیا۔ حادثہ طاہر پور اسٹیشن کے پاس ہوا۔ غور کرنے والی بات یہ ہے کہ خراب موسم کی وجہ سے پی ایم مودی ریلی سے خطاب کرنے پہنچ بھی نہیں پائے۔ ہفتہ کے روز شدید دھند کے سبب پی ایم مودی کا ہیلی کاپٹر طاہر پور میں لینڈ نہیں کر پایا اور پی ایم مودی نے فون سے جلسہ کو خطاب کیا۔

Published: undefined

بذریعہ فون جلسہ کو خطاب کرتے ہوئے پی ایم مودی نے تقریب میں موجود نہ ہونے کے لیے معافی مانگی۔ انھوں نے کہا کہ ’’سب سے پہلے میں آپ سے معافی طلب کرتا ہوں کہ موسم خراب ہونے کی وجہ سے میں آپ کے درمیان حاضر نہیں ہو سکا۔‘‘ انھوں نے آگے کہا کہ ’’کہرے کی وجہ سے وہاں ہیلی کاپٹر اترنے کی حالت نہیں تھی، اس لیے میں آپ کو ٹیلی فون کے ذریعہ سے خطاب کر رہا ہوں۔‘‘

Published: undefined

پی ایم مودی نے طاہرپور اسٹیشن پر پیش آئے حادثہ کا ذکر بھی اپنے خطاب میں کیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’مجھے جانکاری ملی ہے کہ ریلی والی جگہ پر پہنچتے وقت خراب موسم کی وجہ سے بی جے پی کنبہ کے کچھ کارکنان ریل حادثہ کا شکار ہوئے ہیں۔ جن بی جے پی کارکنان کی افسوسناک موت ہوئی ہے، ان کے اہل خانہ کے تئیں میری ہمدردی ہے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’جو لوگ اس حادثہ میں زخمی ہوئے ہیں، میں ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کرتا ہوں۔ غم کے اس وقت میں ہم سبھی متاثرہ کنبوں کے ساتھ ہیں۔‘‘

Published: undefined

ریلوے ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثہ طاہر پور اور بڑکولا کے درمیان ہوا۔ بی جے پی حامی ریلوے ٹریک سے ریلی والی جگہ پر جا رہے تھے۔ اچانک وہ ٹرین کی زد میں آ گئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر شکتی نگر ہاسپیٹل میں داخل کرایا گیا۔ حادثہ میں 74 سالہ رام پرساد گھوش، 55 سالہ مکتی پد سوتردھار اور 35 سالہ گوپی ناتھ داس کی حادثہ والی جگہ پر ہی موت ہو گئی۔ تینوں بریان تھانہ علاقہ میں رہتے تھے۔ 47 سالہ بھیرو گھوش کی سنگین حالت میں اسپتال لے جاتے وقت موت ہوئی۔ اس حادثہ میں مزید ایک زخمی شخص کا علاج چل رہا ہے، جس کی حالت سنگین بنی ہوئی ہے۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined