
مہاراشٹر میں گزشتہ کافی وقت سے نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے دونوں گروپ کے انضمام کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔ اس دوران شیو سینا (یو بی ٹی) کے رہنما اور راجیہ سبھا رکن سنجے راوت نے بڑا دعویٰ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اجیت پوار کی این سی پی کے 20 سے 22 اراکین اسمبلی پارٹی چھوڑ کر شرد پوار کی قیادت والی این سی پی میں شامل ہو سکتے ہیں۔ ان کے اس دعوے سے مہاراشٹر کی سیاست میں ہلچل مچ گئی ہے۔
ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سنجے راؤت نے دونوں این سی پی گروپ کے انضمام کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’اجیت پوار جیسا کوئی رہنما نہیں ہے۔ مجھے انضمام کے بارے میں کچھ نہیں معلوم لیکن این سی پی کی اجیت پوار کے 20 سے 22 اراکین اسمبلی پارٹی چھوڑنے کی تیاری کر رہے ہیں اور یہ اراکین اسمبلی این سی پی کے بانی شرد پوار سے ملاقات کر رہے ہیں۔‘‘ سنجے راؤت نے کہا کہ اجیت پوار کی قیادت باقی نہیں رہی ہے۔ ایک طرح سے انہیں غلامی کرنی پڑ رہی ہے اور اپنا وقار داؤ پر لگانا پڑ رہا ہے۔ ایسے وقت میں یا تو وہ اپنے گھر (پارٹی میں) واپس لوٹ آئیں گے، جسے انضمام نہیں کہتے یا پھر وہ انتخابات سے قبل دیگر پارٹیوں میں شامل ہو جائیں گے۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ امت شاہ کی یہ پارٹی ایک بار پھر ٹوٹے گی۔ ان کے مطابق سنیترا پوار کی پارٹی امت شاہ کی ہے۔
سنجے راؤت کے مذکورہ دعوے کی تائید کرنے والے کئی واقعات بھی سامنے آ رہے ہیں۔ شرد پوار کی ممبئی رہائش گاہ (سلور اوک) پر ان دنوں ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے۔ حال ہی میں جینت پاٹل اور امول کولہے نے شرد پوار سے ایک گھنٹے تک ملاقات کی اور مختلف امور پر تبادلۂ خیال کیا۔ دوسری جانب پنکج بھجبل اور ان کے اہل خانہ نے بھی شرد پوار سے ملاقات کی تھی۔ قابل ذکر ہے کہ شرد پوار فی الحال ممبئی میں اپنی رہائش گاہ پر آرام کر رہے ہیں۔ کچھ دن قبل انہیں اسپتال سے ڈسچارج کیا گیا تھا۔ ان کو سینے میں انفیکشن کی وجہ سے اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ حال ہی میں پرفل پٹیل اور پارتھ پوار نے شرد پوار سے ملاقات کی تھی اور ان کی خیریت دریافت کی تھی۔