آئی پی ایل

آئی پی ایل 2023: گجرات کو 154 رن بنانے میں چھوٹ گئے پسینے، آخری اوور میں پنجاب کو 6 وکٹ سے ہرایا

پنجاب نے گجرات کے سامنے جیت کے لیے محض 154 رنوں کا ہدف دیا تھا، لیکن اس کو حاصل کرنے میں ہی گجرات کے پسینے چھوٹ گئے۔

<div class="paragraphs"><p>شبھمن گل، @IPL</p></div>

شبھمن گل، @IPL

 

گزشتہ کچھ دنوں سے آئی پی ایل میں دھڑکنیں تیز کر دینے والے مقابلے دیکھنے کو مل رہے ہیں، اور آج بھی کچھ ایسا ہی نظارہ سامنے تھا جب گجرات نے بیسویں اوور کی پانچویں گیند پر پنجاب کو 6 وکٹ سے شکست دی۔ پنجاب نے گجرات کے سامنے جیت کے لیے محض 154 رنوں کا ہدف دیا تھا، لیکن اس کو حاصل کرنے میں ہی گجرات کے پسینے چھوٹ گئے۔ جب تک گجرات کے سلامی بلے باز شبھمن گل میدان میں تھے، کبھی بھی گجرات جیت سے دور دکھائی نہیں دے رہا تھا، لیکن آخری اوور میں جب جیت کے لیے 7 رن بنانے تھے اور پہلی ہی گیند پر سیم کرن نے گل کو بولڈ کر دیا تو سبھی کی سانسیں اٹک گئیں۔ اگلی تین گیندوں پر تین ہی رن بن سکے اور جب 2 گیندوں پر 4 رن کی ضرورت تھی تو راہل تیوتیا نے چوکا لگا کر گجرات کے خیمہ میں خوشی کا ماحول پیدا کر دیا۔

Published: undefined

آج گجرات کے کپتان ہاردک پانڈیا نے ٹاس جیت کر پہلے گیندبازی کا فیصلہ کیا تھا۔ گجرات کے تیز گیندباز محمد سمیع نے اس فیصلے کو درست ٹھہراتے ہوئے اننگ کے پہلے اوور کی دوسری ہی گیند پر پربھ سمرن سنگھ کو پویلین بھیج دیا۔ ٹورنامنٹ میں زبردست فارم میں دکھائی دے رہے پنجاب کے کپتان شکھر دھون آج ناکام ہو گئے جب جوش لٹل نے انھیں 8 رن کے انفرادی اسکور پر جوزف کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرا دیا۔ اس کے بعد آنے والے بلے بازوں میں سے کسی نے بھی بڑا اسکور نہیں بنایا اور بیشتر نے دھیمی بلے بازی بھی کی۔

Published: undefined

پنجاب کی طرف سے سب سے زیادہ 36 رن میتھیو شارٹ نے بنائے اور اس کے لیے انھوں نے 24 گیندوں کا سامنا کیا۔ بھانوکا راج پکشے نے 26 گیندوں میں 20 رن، جیتیش شرما نے 23 گیندوں میں 25 رن اور سیم کرن نے 22 گیندوں میں 22 رن کا تعاون کیا۔ شاہ رخ خان کی تعریف کرنی ہوگی جنھوں نے آخر میں محض 9 گیندوں پر 22 رن بنا کر ٹیم کا اسکور 150 کے پار پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ ہرپریت برار 5 گیندوں میں 8 رن اور رشی دھون 1 گیند پر 1 رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ 20 اوور میں پنجاب کسی طرح 8 وکٹ کے نقصان پر 153 رن بنانے میں کامیاب ہوئی۔ گجرات کی طرف سے گیندبازی میں قابل تعریف مظاہرہ موہت شرما نے کیا جنھوں نے 4 اوور میں محض 18 رن دے کر 2 وکٹ لیے۔ باقی سبھی گیندبازوں (محمد سمیع، جوش لٹل، الزاری جوزف اور راشد خان) کے حصے میں 1-1 وکٹ آئے۔

Published: undefined

جب گجرات کی ٹیم بلے بازی کرنے اتری تو شروع سے ہی مضبوط پوزیشن میں دکھائی دی۔ سلامی بلے باز ردھیمان ساہا جب 19 گیندوں پر 30 رن بنا کر آؤٹ ہوئے تو اس وقت گجرات کا اسکور 4.4 اوور میں 48 رن تھا، یعنی ٹیم تیزی کے ساتھ جیت کی طرف بڑھ رہی تھی۔ پھر سائی سدرشن نے سلامی بلے باز شبھمن گل کے ساتھ اچھی شراکت داری کی اور جب ٹیم کا اسکور 89 رن تھا تو وہ 19 رن کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہو گئے۔ شبھمن گل نے 49 گیندوں پر 67 رن بنائے جو گجرات کی جیت میں انتہائی اہم ثابت ہوئے۔

Published: undefined

کپتان ہاردک پانڈیا 11 گیندوں میں محض 8 رن اور ڈیوڈ ملر نے 18 گیندوں میں ناٹ آؤٹ 17 رن بنائے۔ تیوتیا 2 گیندوں میں 5 رن بنا کر ناٹ آؤٹ میدان سے لوٹے، اور تیوتیا نے ہی چوکا لگا کر ٹیم کو جیت دلائی۔ گجرات نے جیت کے لیے ضروری 154 رنوں کا ہدف 19.5 اوور میں 4 وکٹ کے نقصان پر حاصل کیا۔ یعنی سانسیں روک دینے والے مقابلے میں گجرات نے پنجاب پر 6 وکٹ سے جیت حاصل کی۔ پنجاب کی طرف سے عرشدیپ سنگھ، کگیسو رباڈا، ہرپریت برار اور سیم کرن نے 1-1 وکٹ لیے۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined