عالمی خبریں

احمد آباد طیارہ حادثہ پر ٹرمپ کا ردعمل، فضائی تاریخ کے سب سے افسوسناک واقعات میں سے ایک قرار دیا

ٹرمپ نے احمد آباد طیارہ حادثے کو فضائی تاریخ کے سب سے افسوسناک واقعات میں سے ایک قرار دیا اور ہر ممکن امریکی مدد کی پیشکش کی۔ حادثہ کا شکار طیارہ میں 242 افراد سوار تھے، جن میں سے 241 ہلاک ہو گئے

امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ / Getty Images
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ / Getty Images 

احمد آباد میں پیش آئے افسوسناک فضائی حادثے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے اسے فضائی تاریخ کے سب سے افسوسناک حادثات میں سے ایک قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکہ ہر طرح کی مدد فراہم کرنے کے لیے تیار ہے اور ہندوستان جیسے مضبوط ملک اس طرح کے چیلنج کا کامبابی کے ساتھ سامنا کرنے کی صلاحیت کے حامل ہیں۔

Published: undefined

ٹرمپ نے ایک بیان میں کہا، "یہ حادثہ نہایت ہی خوفناک ہے۔ ہم نے طیارے کو دیکھا، وہ بالکل ٹھیک پرواز کر رہا تھا لیکن شاید انجنوں کی طاقت ختم ہو گئی تھی۔ یہ بہت ہی افسوسناک واقعہ ہے، فضائی تاریخ میں بدترین حادثوں میں شمار ہوگا۔ میں نے ہندوستانی حکام سے کہا ہے کہ اگر کسی بھی طرح کی مدد درکار ہو تو ہم فوری طور پر وہاں موجود ہوں گے۔‘‘

واضح رہے کہ یہ حادثہ ایئر انڈیا کی پرواز اےآئی-171 کو پیش آیا، جو بوئنگ 787-8 ڈریم لائنر طیارہ تھا۔ یہ طیارہ احمد آباد ہوائی اڈے سے لندن کے لیے روانہ ہوا تھا لیکن پرواز کے کچھ ہی لمحے بعد حادثے کا شکار ہو گیا۔ طیارے میں عملے سمیت 242 افراد سوار تھے۔

Published: undefined

ایئر انڈیا کے سی ای او اور مینیجنگ ڈائریکٹر کیمبل ولسن نے بھی اس واقعے پر شدید رنج کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اسے ایئر انڈیا کے لیے ایک مشکل دن قرار دیا اور کہا کہ تمام تر توجہ اب متاثرہ مسافروں، عملے اور ان کے اہل خانہ کی مدد پر مرکوز ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری ایک ویڈیو پیغام میں ولسن نے کہا، ’’ہم فوری طور پر مقامی حکام کے ساتھ مل کر ہنگامی ردعمل پر کام کر رہے ہیں۔ زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ ہماری ایک خصوصی میڈیکل ٹیم بھی احمد آباد روانہ کی جا رہی ہے تاکہ اضافی مدد فراہم کی جا سکے۔‘‘

Published: undefined

انہوں نے مزید بتایا کہ ایئر انڈیا نے ایک خصوصی ہیلپ لائن قائم کی ہے تاکہ مسافروں کے رشتہ دار اور دوست ان سے رابطہ کر سکیں۔ ولسن نے کہا، ’’ہم جانتے ہیں کہ بہت سے لوگ اپنے عزیزوں کی خیریت کے بارے میں پریشان ہیں، اس لیے ہم نے ایک مخصوص ہیلپ لائن قائم کی ہے تاکہ وہ ہم سے براہ راست معلومات حاصل کر سکیں۔‘‘

حادثے کی وجوہات کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں، تاہم ابتدائی اطلاعات کے مطابق طیارے کے انجن میں تکنیکی خرابی پیش آئی تھی جس کی وجہ سے وہ کنٹرول کھو بیٹھا اور زمین سے ٹکرا گیا۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined