عالمی خبریں

جنوبی امریکہ کے جنوبی سرے پر خوفناک جھٹکے، 7.5 شدت کا زلزلہ، سونامی الرٹ جاری نہیں ہوا

ڈریک پاسج میں 7.5 شدت کا زلزلہ آیا، سونامی وارننگ جاری نہیں ہوئی۔ مختلف اداروں نے شدت 7.1 سے 7.5 تک بتائی، کوئی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں

<div class="paragraphs"><p>جنوبی امریکہ کے قریب زلزلہ / تصویر اے آئی</p></div>

جنوبی امریکہ کے قریب زلزلہ / تصویر اے آئی

 

جنوبی امریکہ میں زلزلے کے زوردار جھٹکے محسوس کیے گئے۔ امریکی جیولوجیکل سروے (یو ایس جی ایس) کے مطابق زلزلے کی ابتدائی شدت 8.0 بتائی گئی تھی، تاہم بعد میں اسے 7.5 تک کم کردیا گیا۔ یہ زلزلہ مقامی وقت کے مطابق صبح تقریباً 7:46 بجے (ہندوستانی وقت) آیا۔ تاہم کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ خیال رہے کہ ڈریک پاسج ایک گہرا اور چوڑا سمندری راستہ ہے اور جنوبی مغربی اٹلانٹک سمندر کو جنوبی مشرقی بحرالکاہل سے جوڑتا ہے۔

Published: undefined

امریکی جیولوجیکل سروے کے اعداد و شمار کے مطابق زلزلے کی گہرائی 10.8 کلومیٹر تھی، جو کہ نسبتاً کم سمجھی جاتی ہے اور اس وجہ سے جھٹکوں کی شدت زیادہ محسوس ہو سکتی ہے۔ زلزلے کا مرکز ڈریک پاسج کے علاقے میں تھا جو جنوبی امریکہ کے کیپ ہارن اور انٹارکٹیکا کے ساؤتھ شیٹ لینڈ جزائر کے درمیان واقع ہے۔ یہ علاقہ اپنے جغرافیائی محلِ وقوع کے سبب سمندری اور موسمیاتی اعتبار سے نہایت اہم سمجھا جاتا ہے۔

جرمن ریسرچ سینٹر فار جیو سائنسز نے زلزلے کی شدت کچھ کم یعنی 7.1 بتائی جبکہ ہندوستان کے نیشنل سینٹر فار سیزمولوجی (این سی ایس) کے مطابق زلزلے کی شدت 7.4 تھی اور اس کی گہرائی 36 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔ مختلف اداروں کے اعداد و شمار میں معمولی فرق کے باوجود اس زلزلے کو ایک طاقتور اور شدید نوعیت کا زلزلہ قرار دیا جا رہا ہے۔

Published: undefined

ڈریک پاسج کا علاقہ دنیا کے ان خطوں میں شمار ہوتا ہے جہاں زلزلے اور سمندری طوفان کے امکانات موجود رہتے ہیں۔ یہ علاقہ دو بڑے سمندری پلیٹوں کے سنگم پر واقع ہے، جس کی وجہ سے یہاں ارضیاتی سرگرمیاں عام ہیں۔ تاہم اس مرتبہ کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔ ماہرین کے مطابق زلزلے کے بعد سونامی کا خطرہ اس وقت پیدا ہوتا ہے جب زلزلے کا مرکز سمندر میں ہو اور اس کی شدت 7.5 یا اس سے زیادہ ہو، لیکن اس زلزلے کے بعد کوئی غیر معمولی سمندری لہریں پیدا نہیں ہوئیں۔

یو ایس جی ایس نے کہا کہ وہ صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے اور کسی بھی ہنگامی حالت میں متعلقہ اداروں کو فوری طور پر اطلاع دی جائے گی۔ ڈریک پاسج میں موسم کی سختی اور سمندری لہروں کے باعث امدادی کارروائیوں کے امکانات محدود رہتے ہیں، لیکن اس زلزلے میں کسی بڑے نقصان کی اطلاع نہ آنا ایک خوش آئند بات ہے۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined