
بمل پٹیل / آئی اے این ایس
اقوام متحدہ: ہندوستان کے ممتاز قانون داں بمل پٹیل کو بین الاقوامی بحری ٹربیونل کا جج منتخب کیا گیا ہے۔ وہ ستمبر میں اپنے عہدے کا چارج سنبھالیں گے۔ ان کا انتخاب اقوام متحدہ کے سمندری قانون کنونشن کے رکن ممالک کی جانب سے کیا گیا ہے۔ بمل پٹیل کے انتخاب کے ساتھ اس عالمی ادارے میں ہندوستان کی نمائندگی کا تسلسل برقرار رہے گا، کیونکہ موجودہ نائب صدر نیرو چڈھا ستمبر میں اپنی 9 سالہ مدت مکمل کرنے کے بعد سبکدوش ہو جائیں گی۔
Published: undefined
بمل پٹیل ایک ممتاز بین الاقوامی قانون داں ہیں اور اس وقت اقوام متحدہ کے بین الاقوامی قانون کمیشن کے رکن ہونے کے ساتھ ساتھ گجرات میں واقع نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے وائس چانسلر کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ وہ قومی سلامتی کونسل سکریٹریٹ کے قومی سلامتی مشاورتی بورڈ کے بھی رکن ہیں۔ انہوں نے نیدرلینڈ کی لیڈن یونیورسٹی اور جے پور نیشنل یونیورسٹی سے بین الاقوامی قانون میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کی ہے۔
اقوام متحدہ میں ہندوستان کے مستقل مشن نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر کہا کہ بمل پٹیل کا انتخاب کثیر جہتی نظام اور بحری قوانین کے تئیں ہندوستان کے دیرینہ عزم کو مزید مستحکم کرتا ہے۔ ہندوستانی سفارت کار گزشتہ برس سے اقوام متحدہ میں ان کے حق میں حمایت حاصل کرنے کی مہم چلا رہے تھے۔
Published: undefined
اس سال بین الاقوامی بحری ٹربیونل کی سات نشستوں میں سے دو ایشیائی خطے کے لیے مخصوص تھیں، جن پر بمل پٹیل اور ویتنام کی نگوین لن آن تھی منتخب ہوئیں۔ تھائی لینڈ کے موجودہ جج کریانگسک کٹیچاساری، جن کی مدت پوری ہو رہی تھی، دوبارہ انتخاب میں کامیاب نہ ہو سکے، جبکہ انڈونیشیا نے ووٹنگ سے قبل اپنا امیدوار واپس لے لیا تھا۔
بمل پٹیل کو 168 درست ووٹوں میں سے 115 ووٹ حاصل ہوئے۔ یہ انتخاب سمندری قانون کنونشن کے چھتیسویں اجلاس کے دوران منعقد ہوا، جس میں 172 رکن ممالک شریک تھے۔
Published: undefined
جرمنی کے شہر ہیمبرگ میں قائم بین الاقوامی بحری ٹربیونل سمندروں اور بحری حدود سے متعلق تنازعات کے تصفیے اور سمندری قوانین کی تشریح کا ایک اہم عالمی ادارہ ہے۔
ہندوستان کے وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے بمل پٹیل کو مبارکباد دیتے ہوئے سمندری قانون کنونشن کے رکن ممالک کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ انتخاب عالمی سطح پر بحری قوانین اور کثیر جہتی تعاون کے لیے ہندوستان کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
Published: undefined
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined