ایران میں پھنسے ہندوستانی ملاح کی جلد وطن واپسی ہوگی، وزارت خارجہ نے جاری کیا ایمرجنسی سرٹیفکیٹ
ہندوستانی ملاح اکشے ہریش کو ایمرجنسی سرٹیفکیٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ وزارت خارجہ (ایم ای اے) کے مطابق اکشے نے 9 نومبر کو تہران واقع ہندوستانی مشن سے رابطہ کیا تھا۔

ایران میں پھنسے ہندوستانی ملاح کی وطن واپسی کا راستہ صاف ہو گیا ہے۔ ہندوستانی ملاح اکشے ہریش کو ایمرجنسی سرٹیفکیٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ وزارت خارجہ (ایم ای اے) کے مطابق اکشے نے 9 نومبر کو تہران واقع ہندوستانی مشن سے رابطہ کیا تھا۔ وہ 2025 میں جاپان سے ایک تجارتی جہاز پر سوار ہوئے تھے۔ جہاز کے ایران کے چابہار بندرگاہ پہنچنے پر ہندوستانی ملاح کو بتایا گیا کہ ان کا پاسپورٹ اور سی ڈی سی (کنٹینیوس ڈسچارج سرٹیفکیٹ) کھو گیا ہے، جس کے بعد انہیں جہاز سے اتار دیا گیا۔ ہندوستانی مشن نے کمپنی اور جہاز کے مالک سے رابطہ کر دستاویزات سے متعلق کارروائی مکمل کرائی۔ اب ان کی جلد ہندوستان واپسی کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔
وزارت خارجہ نے بتایا کہ 19واں ’پرواسی بھارتیہ دیوس‘ کانفرنس 7 سے 9 جنوری 2027 تک کولکاتہ میں منعقد ہوگی۔ وزیر اعظم مرکزی تقریب میں شرکت کریں گے، جبکہ صدر جمہوریہ اختتامی اجلاس میں شریک ہوں گی۔ کانفرنس میں نوجوان تارکین وطن کو وطن سے جوڑنے، سرمایہ کاری، کاروبار، اختراع اور خواتین کو بااختیار بنانے کے موضوعات پر خصوصی پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔
پاکستان میں منعقد ہونے والی چوتھی بین الاقوامی پنجابی کانفرنس میں پنجاب کے وزیر اعلیٰ کو مدعو کیے جانے کے معاملے پر وزارت خارجہ نے کہا کہ بیرونی ممالک سے متعلق معاملات میں قومی پالیسی پر عمل کرنا ضروری ہے۔ بیرون ملک سفر کے لیے سیاسی منظوری وزارت کی مجموعی پالیسی کی بنیاد پر طے کی جاتی ہے۔ پہلگام دہشت گردانہ حملے کے بعد پاکستان کے حوالے سے ہندوستان کا موقف سب کے سامنے واضح ہونا چاہیے۔
یو اے ای میں پیش آئے سڑک حادثہ میں 14 افراد کی موت کی خبر پر رندھیر جیسوال نے کہا کہ انہیں بھی اس واقعہ کی اطلاع ملی ہے۔ ہندوستانی مشن سے رابطہ کر کے مرنے والوں اور واقعہ سے متعلق تفصیلی معلومات جمع کی جا رہی ہیں۔ تفصیلی معلومات ملنے کے بعد انہیں شیئر کیا جائے گا۔ یوکرین میں پھنسے ہندوستانی شہری کی بحفاظت واپسی کے لیے ہندوستانی حکومت یوکرین کے رابطے میں ہے۔ وزارت خارجہ کے مطابق ہندوستانی افسران اس شہری سے مل چکے ہیں اور اس کی صورتحال سے متعلق معلومات حاصل کر لی گئی ہے۔ ہندوستان کی کوشش ہے کہ وہ جلد از جلد وطن واپس لوٹ سکے۔
