بھارت سمٹ: ’جمہوریت 2014 میں ہی ختم ہو گئی تھی‘، راہل گاندھی کا بی جے پی پر براہ راست حملہ
راہل گاندھی نے کہا کہ ’’میں ان متعدد مندوبین اور لیڈران سے معذرت کرنا چاہتا ہوں جنہیں اس پروگرام میں شرکت کرنی تھی، لیکن ہندوستانی حکومت نے انہیں یہاں آنے کی اجازت نہیں دی۔‘‘

لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد اور کانگریس رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے ہفتہ کے روز تلنگانہ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ہندوستان میں اب جمہوریت باقی نہیں رہی ہے۔ انھوں نے مرکز کی مودی حکومت کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ ’’ملک کا جمہوری نظام 2014 میں ہی ختم ہو گیا تھا اور سیاست و انتخابی ماحول میں بڑی تبدیلیوں کے سبب اپوزیشن تقریباً ایک دہائی تک صدمے کی کیفیت میں رہی۔‘‘
راہل گاندھی نے یہ بیان حیدرآباد میں ’بھارت سمٹ 2026‘ سے خطاب کرتے ہوئے دیا۔ انھوں نے کہا کہ 2014 کے لوک سبھا انتخابات کے بعد اپوزیشن کو ابتدا میں یہ سمجھنے میں دشواری ہوئی کہ ہندوستانی سیاست میں آخر ہو کیا رہا ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ ’’2014 میں ہم نے بالکل مختلف نوعیت کا انتخاب دیکھا۔ ایسا کچھ جو ہم نے پہلے کبھی نہیں دیکھا تھا۔ سیاسی نظام میں لاکھوں کروڑ ڈالر لگائے گئے۔ ایک بالکل نئی طرز کی انتخابی مہم چلائی گئی۔ یہ ایک طرح کا سیاسی ڈرامہ تھا، جس کا تجربہ ہم نے پہلے کبھی نہیں کیا تھا۔‘‘ انھوں نے یہ بھی کہا کہ سخت مقابلے اور مخلوط حکومتوں کا عادی انتخابی نظام اچانک بدل گیا، جس کے نتیجے میں اپوزیشن پارٹیاں تقریباً ایک دہائی تک صدمے کی کیفیت میں رہیں۔
اپنی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ ’’اگر میں یہ کہوں کہ اپوزیشن صدمے میں نہیں تھی تو یہ جھوٹ ہوگا۔ ہم صدمے میں تھے۔ ایک سال یا دو سال کے لیے نہیں بلکہ پوری ایک دہائی تک۔‘‘ انہوں نے دعویٰ کیا کہ کانگریس اور دوسری اپوزیشن پارٹیوں نے سیاسی تبدیلیوں کو سمجھنے کے لیے ریاستوں میں انتخابی نتائج کی جانچ شروع کر دی ہے۔ مہاراشٹر کا ذکر کرتے ہوئے انھوں نے الزام لگایا کہ اپوزیشن کو لوک سبھا اور ریاستی اسمبلی کے انتخابات میں تقریباً یکساں ووٹ ملے تھے، لیکن نتائج بالکل مختلف تھے۔ وہ کہتے ہیں کہ ’’دونوں انتخابات کے درمیان 3 ماہ کے دوران ووٹر لسٹ میں 70 لاکھ نئے ووٹرز کے نام شامل کیے گئے اور ان میں سے ہر ایک نے بی جے پی کو ووٹ دیا تھا۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’میں آپ کو ہر ریاست سے ایسی ہی مثالیں دے سکتا ہوں۔ کانگریس نے تفصیلات کی جانچ کی اور اپنے خدشات کو درست ثابت کرنے کے لیے ثبوت بھی حاصل کیے۔ ہم نے جو کچھ پایا اور ثابت کیا ہے، وہ یہ ہے کہ ہندوستان میں حقیقتاً اب جمہوریت باقی نہیں رہی ہے۔‘‘
اپنی تقریر کے دوران راہل گاندھی نے ہندوستان میں حکمراں پارٹی پر طنز کرتے ہوئے اسے فاشسٹ قرار دیا۔ انہوں نے 2 طرح کے لوگوں کے درمیان فرق واضح کرتے ہوئے کہا کہ ایک گروپ کے لوگ سمجھتے ہیں کہ وہ سب کچھ جانتے ہیں اور ان کے پاس ہر سوال کا جواب موجود ہے، جبکہ دوسرے گروپ میں ایسے لوگ شامل ہیں جو تجسس رکھتے ہیں، دوسروں کی بات سنتے ہیں اور اپنی غلطیوں کو تسلیم کرنے کے لیے تیار رہتے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پہلی قسم کے لوگ کاروبار، تعلیمی دنیا اور سیاست میں پائے جاتے ہیں۔ ایسے لوگوں کو یقین ہوتا ہے کہ انہیں سب کچھ معلوم ہے۔ سیاست میں ہم ایسے لوگوں کو فاشسٹ کہتے ہیں۔
موجودہ سیاسی حالات کو ان 2 گروپوں کے درمیان لڑائی قرار دیتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ گزشتہ ایک دہائی کے دوران جن لوگوں کو وہ فاشسٹ کہتے ہیں، وہ عوامی مکالمے پر حاوی رہے، جبکہ بیشتر لوگ الجھن اور صدمے کی کیفیت میں یہ سب دیکھتے رہے۔ انھوں نے کہا کہ ’’جیسے ہی ہم براہ راست لوگوں کے درمیان گئے، ہمیں زبردست ردعمل ملا۔ یہی ہمارا سبق تھا۔ ہم صرف موجودہ وقت کے لیے نہیں لڑ رہے ہیں بلکہ ہماری لڑائی ماضی، حال اور مستقبل کے لیے ہے۔ کانگریس نے ہماری آزادی کے لیے جدوجہد کی۔ بھارت جوڑو یاترا کے دوران ہمیں احساس ہوا کہ ہماری تاریخ مہاتما گاندھی سے بھی بہت آگے تک پھیلی ہوئی ہے۔ ہمیں وہ 2 سیاسی ہتھیار ملے جن کا انہوں نے استعمال کیا تھا، یعنی سچائی اور عدم تشدد۔ مجھے احساس ہوا کہ موجودہ حالات میں یہی سب سے طاقتور ہتھیار ہیں۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’جھوٹ کام نہیں آیا، نفرت، تشدد اور خوف بھی کارگر ثابت نہیں ہوئے۔ محبت، سچائی اور عدم تشدد نے کام کیا، جس کے نتیجے میں ہماری پوری گفتگو کا رخ رحم دلی کی طرف مڑ گیا۔ ہم نے محبت، رحم دلی اور دوسروں کی بات سننے سے شروعات کی۔‘‘
اس دوران راہل گاندھی نے ان بین الاقوامی مندوبین اور لیڈران سے معذرت کا اظہار کیا، جنہیں ’بھارت سمٹ 2026‘ میں شرکت کرنی تھی، لیکن انہیں ہندوستان آنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ’’میں ان متعدد مندوبین اور لیڈران سے معذرت کرنا چاہتا ہوں جنہیں اس پروگرام میں شرکت کرنی تھی، لیکن ہندوستانی حکومت نے انہیں یہاں آنے کی اجازت نہیں دی۔ میں ان سے معافی مانگتا ہوں۔ یہ ہماری غلطی نہیں ہے، لیکن اس سے آپ کو اندازہ ہو جائے گا کہ ہم اپنے ملک میں کن حالات کا سامنا کر رہے ہیں۔‘‘
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
