
ابھگیان کنڈو، تصویر ’ایکس‘ @BCCI
آئی سی سی ’انڈر-19 عالمی کپ 2026‘ میں ہندوستان کی نوجوان ٹیم نے آج شاندار کارکردگی کا سلسلہ برقرار رکھتے ہوئے بنگلہ دیش کو قریبی مقابلے میں شکست دی۔ ٹورنامنٹ کے ساتویں میچ میں ہندوستان نے بنگلہ دیش کو ڈک ورتھ-لوئس قانون کے تحت 18 رنوں سے پٹخنی دی۔ بارش اور گیلی پچ کے باعث میچ میں کئی بار رکاوٹیں آئیں، لیکن ہندوستانی ٹیم نے اپنا دباؤ برقرار رکھا، جس کے نتیجے میں وہ مسلسل دوسری فتح حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔ اس میچ میں ویبھو سوریہ ونشی اور ابھیگیان کنڈو نے ٹیم کے لیے اہم اننگز کھیلیں، لیکن اصل کارنامہ گیندبازی میں ویہان ملہوترا نے انجام دیا۔ ویہان نے حیرت انگیز گیندبازی کا مظاہرہ کیا، جنھوں نے 4 اوورس میں محض 14 رن دے کر 4 وکٹ حاصل کیے۔ اس بہترین کارکردگی کے لیے انھیں پلیئر آف دی میچ ایوارڈ سے نوازا گیا۔
Published: undefined
یہ میچ کوئنز اسپورٹس کلب میں کھیلا گیا، جہاں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے گیندبازی کا فیصلہ کیا۔ بارش کے باعث میچ کو پہلے ہی 49-49 اوورز تک محدود کر دیا گیا تھا۔ میچ شروع ہوتے ہی ہندوستان کو ابتدائی جھٹکوں نے پریشان کر دیا۔ کپتان آیوش مہاترے (6 رن)، ویدانت ترویدی (صفر) اور ویہان ملہوترا (7 رن) جلد ہی پویلین لوٹ گئے۔ ایک طرف سے وکٹ گرتی رہی اور دوسری طرف ویبھو اپنے انداز میں کھیلتے دکھائی دیے۔ وکٹ گرنے کی وجہ سے ان کا اسٹرائیک ریٹ کچھ کم ضرور رہا، لیکن اسکور بورڈ کو انھوں نے رُکنے نہیں دیا۔ بعد میں ابھگیان کنڈو نے ٹیم کو سنبھالا اور ایسے اسکور تک پہنچنے میں مدد کی جہاں سے گیندباز اپنا کام کر سکتے تھے۔
Published: undefined
ویبھو سوریہ ونشی نے آج 67 گیندوں پر 72 رن بنائے، جن میں 6 چوکے اور 3 شاندار چھکے شامل تھے۔ بڑا شاٹ لگانے کی کوشش میں ہی وہ کیچ آؤٹ ہو گئے۔ ابھیگیان کنڈو نے 112 گیندوں پر بہت ذمہ دارانہ انداز میں 80 رن کی اننگ کھیلی۔ اس اننگ میں 4 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔ ان کے علاوہ کنشک چوہان نے 26 گیندوں پر 28 رن جوڑے جو آخر میں بہت اہم ثابت ہوئے۔ ہندوستانی ٹیم 48.4 اوورس میں 238 رن بنانے میں کامیاب رہی۔ بنگلہ دیش کی جانب سے الفہد نے شاندار گیندبازی کرتے ہوئے 5 وکٹیں حاصل کیں۔
Published: undefined
239 رنوں کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے بنگلہ دیش کی شروعات بہت اچھی رہی۔ ایک موقع پر ٹیم نے 17.2 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 90 رن بنا لیے تھے، لیکن بارش کے باعث کھیل روک دیا گیا۔ دوبارہ کھیل شروع ہونے پر بنگلہ دیش کو 29 اوورس میں 165 رنوں کا ہدف ملا۔ یہی موقع تھا جب ہندوستانی ٹیم نے میچ کا رخ مکمل طور پر اپنی طرف موڑ لیا۔ دیکھتے ہی دیکھتے بنگلہ دیش کی ٹیم 28.3 اوورس میں 146 رنوں پر ڈھیر ہو گئی۔ بنگلہ دیش کی جانب سے کپتان عزیز الحکیم نے سب سے زیادہ 51 رنوں کی اننگ کھیلی۔ ہندوستان کی طرف سے گیندبازی میں ویہان ملہوترا نے سب سے زیادہ 4 وکٹیں حاصل کیں۔ کھلن پٹیل نے بھی 2 کامیابیاں حاصل کیں، جبکہ دیپیش دیویندرن، ہینل پٹیل اور کنشک چوہان نے ایک ایک بلے باز کو پویلین کی راہ دکھائی۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined