
دہلی کے لال قلعہ کے نزدیک پیر کی شام ہوئے خوفناک کار دھماکے کے بعد ملک بھر میں سکیورٹی ایجنسیاں الرٹ پر ہیں۔ اسی تناظر میں کولکاتا میں 14 نومبر سے شروع ہونے والے ہندوستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان پہلے ٹیسٹ میچ کے لیے غیر معمولی حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔ پولیس نے ایڈن گارڈنز اور اس کے اطراف کے علاقوں میں سکیورٹی کو سخت کر دیا ہے، جہاں ہزاروں شائقین کے پہنچنے کی توقع ہے۔
Published: undefined
کولکاتا پولیس کمشنر منوج ورما نے تصدیق کی کہ شہر میں ہائی الرٹ نافذ کر دیا گیا ہے۔ ان کے مطابق، "دہلی دھماکے کے بعد ہم نے حفاظتی سطح بڑھا دی ہے۔ حساس مقامات پر خصوصی فورس اور اضافی پولیس اہلکار تعینات کیے جا رہے ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو روکا جا سکے۔"
پولیس کے ایک سینئر افسر نے بتایا کہ اسپیشل ٹاسک فورس (ایس ٹی ایف) بھی میدانِ عمل میں ہوگی۔ انہوں نے کہا، "ایڈن گارڈنز کے اندر اور باہر، ہر آنے والے فرد کی دو مرحلوں میں تلاشی لی جائے گی۔ کسی کو بھی مشکوک بیگ یا سامان کے ساتھ داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔" پولیس نے اسٹیڈیم کے تمام داخلی راستوں پر میٹل اسکینر نصب کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ سادہ لباس میں اہلکار بھی موجود رہیں گے تاکہ مجمع میں کسی مشتبہ حرکت پر فوری کارروائی ہو سکے۔
Published: undefined
ذرائع کے مطابق، کولکاتا پولیس نے نہ صرف ایڈن گارڈنز بلکہ اس کے اردگرد کے حساس مقامات جیسے پشچم بنگال اسمبلی، راج بھون، کلکتہ ہائی کورٹ اور آکاشوانی کے اطراف بھی سیکورٹی بڑھا دی ہے۔ یہ تمام علاقے ’ہائی سکیورٹی زون‘ میں شمار کیے جاتے ہیں۔
پولیس کمشنر منوج ورما اور کرکٹ ایسوسی ایشن آف بنگال (سی اے بی) کے عہدیداران کے درمیان منگل کو ایک اہم میٹنگ طے ہے، جس میں میچ کے دوران حفاظتی انتظامات کا حتمی جائزہ لیا جائے گا۔ امکان ہے کہ اس میٹنگ میں اسٹیڈیم کے اندر شائقین کے داخلے اور ٹیموں کی آمد و رفت کے راستوں کو لے کر نئی ہدایات جاری کی جائیں گی۔
Published: undefined
اس کے ساتھ ہی دونوں ٹیموں کے قیام پذیر ہوٹلوں کی سکیورٹی بھی سخت کر دی گئی ہے۔ ہوٹل کے داخلی حصوں میں خصوصی چیکنگ کی جا رہی ہے اور باہر پولیس کا پہرہ بڑھا دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق، حفاظتی خدشات کے سبب ہندوستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ گوتَم گمبھیر کا کالی گھاٹ مندر جانے کا منگل کا پروگرام ملتوی کیا جا سکتا ہے۔
یاد رہے کہ پیر کی شام تقریباً 6 بج کر 52 منٹ پر دہلی کے لال قلعہ کے قریب کار میں ہوئے دھماکے میں کم از کم 10 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے تھے۔ واقعے کے بعد قومی راجدھانی سمیت کئی شہروں میں ہائی الرٹ نافذ کیا گیا ہے، اور خفیہ ایجنسیاں اس حملے کی نوعیت اور ممکنہ نیٹ ورک کی تفتیش کر رہی ہیں۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined