
ممبئی انڈینس کی جانب سے مستفیض الرحمن اور میک لیگھن نے امید کے مطابق گیندبازی نہیں کی اور 10 سے زائد فی اوور رن لٹا دیے۔ بمراہ بھی کچھ خاص نہیں کر سکے اور انھوں نے 4 اوور میں 37 رن دیے۔ان تینوں ہی کھلاڑیوں کو ایک ایک وکٹ حاصل ہوا۔ لیکن ایم مرکنڈے نے 4 اوور میں 23 رن دے کر 3 وکٹ لیے۔ ہارڈک پانڈیا نے بھی 4 اوور میں 24 رن دے کر 3 وکٹ لیے۔
چنئی سپر کنگس کی جانب سے ڈوین بریوو کی اننگ بے مثال تھی جنھوں نے اپنی ٹیم کی جانب سے سب سے زیادہ 68 رن بنائے۔ انھوں نے یہ رن محض 30 گیندوں میں 3 چوکے اور 7 چھکے کے ساتھ بنائے۔ دیگر قابل ذکر بلے بازوں میں امباتی رائیڈو نے 22 اور کیدار جادھو نے ناٹ آوٹ 24 رن بنائے۔ علاوہ ازیں واٹسن 16 اور رویندر جڈیجہ 12 اچھی شروعات کے بعد آوٹ ہو گئے۔ بقیہ بلے باز دوہرے ہندسہ تک بھی نہیں پہنچ پائے۔
آئی پی ایل 11 کے پہلے اور انتہائی دلچسپ مقابلے میں آج چنئی سپر کنگس نے ممبئی انڈینس کو اس کے ہی میدان پر ایک وکٹ سے شکست دے کر بہترین آغاز کیا ہے۔ سانس روک دینے والے مقابلے کے آخری اوور میں چنئی سپر کنگس کو سات رن بنانے تھے اور مستفیض الرحمن نے پہلے 3 بال ڈاٹ ڈال دیے تھے۔ یعنی 3 گیندوں میں 7 رن بنانے تھے لیکن چوتھی گیند پر کیدار جادھو نے 6 رن بنا کر ممبئی انڈینس کو فتح سے دور کر دیا۔ پانچویں گیند پر جادھو نے چوکا لگا کر چنئی سپر کنگس کو فتح سے ہمکنار کیا۔
واٹسن کے آؤٹ ہونے کے بعد امباتی رائیڈو نے کچھ اچھے شاٹ لگائے۔ انھوں نے 4 چوکوں کی مدد سے 12 گیند میں 20 رن بنا لیے ہیں۔ دوسری طرف سریش رینا ان کے ساتھ کریز پر ڈٹے ہوئے ہیں۔ چنئی سپرکنگس کا اس وقت 5 اوور میں اسکور 39 رن پر ایک وکٹ ہے۔
اچھی شروعات دینے کے بعد واٹسن ہارڈک پانڈیا کے شکار بن گئے۔ انھوں نے 14 گیندوں میں 1 چوکا اور 1 چھکا کے ساتھ 16 رن بنائے۔ امباتی رائیڈو ابھی 15 رن بنا کر کھیل رہے ہیں۔ چنئی سپر کنگس کا اسکور 4 اوور کے بعد 31 رن پر 1 وکٹ ہے۔
چنئی سپر کنگس کی جانب سے شین واٹسن اور امباتی رائیڈو بلے بازی کرنے کے لیے اترے ہیں۔ انھوں نے ممبئی انڈینس کے گیندباز میک لیگھن کے پہلے اوور میں 7 رن بنائے۔
ممبئی انڈینس کی جانب سے سوریہ کمار یادو نے سب سے زیادہ 43 رن بنائے۔ اس کے بعد کرونال پانڈیا نے ناٹ آؤٹ 41 رن، ایشان کشن نے 40 رن، ہارڈک پانڈیا نے ناٹ آؤٹ 22 رن اور کپتان روہت شرما نے 15 رن بنائے۔ ای. لیوس بغیر کوئی رن بنائے ہوئے آؤٹ ہوئے۔
چنئی سپر کنگس کی جانب سے گیندبازی میں واٹسن نے 4 اوور میں 29 رن دے کر 2 وکٹ لیے جب کہ دیپک چہر نے 3 اوور میں 14 رن دے کر ایک وکٹ لیا۔ ایک وکٹ عمران طاہر کو ملا جنھوں نے اپنے دو اوور میں 23 رن دیے۔ دیگر گیندبازو میں بریوو نے 4 اوور میں 25 رن، مارک ووڈ نے 4 اوور میں 49 رن، رویندر جڈیجہ نے 1 اوور میں 9 رن اور ہربھجن سنگھ نے 2 اوور میں 14 رن دیے۔
ممبئی انڈینس نے 20 اوور میں 4 وکٹ پر 165 رن بنائے۔ اس طرح چنئی سپر کنگس کو جیت کے لیے 166 رن کا نشانہ ملا ہے۔ آخری اوور میں ڈوین براوو نے محض 5 رن دے کر ممبئی کو بڑا اسکور کھڑا کرنے سے روک دیا۔ حالانکہ ہارڈک پانڈیا اور کرونال پانڈیا جیسے بلے بازوں سے ممبئی انڈینس کو بڑے شاٹ کی امید تھی لیکن 20ویں اوور میں انھوں نے کچھ خاص نہیں کیا۔
چنئی سپر کنگس کی جانب سے مارک ووٹ کافی مہنگے ثابت ہوئے۔ انھوں نے اپنے 4 اوور میں 49 رن دیے اور کوئی وکٹ نہیں لیا۔
ممبئی انڈینس کی پاری اختتام کی طرف بڑھ رہی ہے اور 19ویں اوور میں کرونال پانڈیا نے 2 چوکے اور 1 چھکا لگایا۔ اس اوور میں کل 17 رن بنے۔ اس کے ساتھ ہی ممبئی انڈینس کا اسکور 160 رن پر 4 وکٹ ہو گیا۔
جلدی جلدی دو وکٹ گرنے سے ممبئی انڈینس کے رن کی رفتار ایک بار پھر دھیمی ہو گئی ہے۔ 15 اوور کے خاتمہ پر اسکور 117 رن ہیں۔ ایشان کشن کو عمران طاہر نے ووڈ کے ہاتھوں کیچ کرا کر چنئی سپر کنگس کو چوتھی کامیابی دلائی۔ ایشان کشن نے 29 گیند میں 40 رن بنائے۔ اب ہارڈک پانڈیا کا ساتھ دینے ان کے بھائی کرونال پانڈیا آئے ہیں۔
ممبئی انڈینس کو 13ویں اوور میں تیسرا جھٹکا لگا۔ تیز رن بنانے کی کوشش میں سوریہ کمار یادو واٹسن کے شکار ہو گئے۔ ان کا کیچ ہربھجن سنگھ نے لیا۔ سوریہ کمار یادو نے محض 29 گیندوں میں 43 رن بنائے۔ اب ایشان کشن کا ساتھ دینے ہاردک پانڈیا آئے ہیں۔
ڈوین بریوو کے ذریعہ پھینکے گئے بارہویں اوور میں سوریہ کمار یادو نے اپنے ہاتھ دکھائے۔ شروع کی لگاتار تین گیندوں پر انھوں نے چوکے لگائے۔ اس اوور میں کل 14 رن بنے
ایشان کشن نے چنئی سپر کنگس کے اسپن گیندباز عمران طاہر کو نشانہ بنایا اور لگاتار تین گیندوں پر دو چوکا اور ایک چھکا جما دیا۔ اس اوور میں ممبئی کی ٹیم نے 18 رن بنائے۔
دس اوور ختم ہونے کے بعد ممبئی انڈینس کا اسکور 62 رن پر دو وکٹ ہے۔ ایشان کشن اور سوریہ کمار یادو نے کپتان کا وکٹ گرنے کے بعد بہت سنبھل کر کھیلتے ہوئے ٹیم کو مزید کوئی جھٹکا نہیں لگنے دیا ہے لیکن آخر کے دس اوور میں تیز رن درکار ہے۔ اس وقت سوریہ کمار یادو 29 اور ایشان کشن 19 رن بنا کر کھیل رہے ہیں۔
ممبئی انڈینس کے دو وکٹ گرنے کے بعد سوریہ کمار اور ایشان کشن نے سنبھل کر کھیلتے ہوئے ٹیم کو پچاس رن کے پار پہنچا دیا۔ ایشان کشن نے آٹھویں اوور کی پانچویں گیند پر چوکا لگا کر ٹیم کا اسکور 52 رن پہنچایا۔
ممبئی انڈینس کو پانچ اوور میں ہی دو جھٹکے لگ چکے ہیں اور اس نے محض 26 رن بنائے ہیں۔ اس طرح شروع کے پانچ اووروں میں چنئی سپر کنگس نے ممبئی انڈینس کو تیزی سے رن بنانے سے روک دیا ہے۔ ممبئی انڈینس کے کپتان روہت شرما کے محض 15 رن پر آؤٹ ہو جانے سے ٹیم پر دباؤ بڑھ گیا ہے۔ روہت شرما کو واٹسن نے رائیڈو کے ہاتھوں کیچ کروایا۔
چنئی سپر کنگس کی جانب سے دیپک چہر نے ٹیم کو پہلی کامیابی دلائی۔ ای لوئس بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ۔ اس وقت ممبئی انڈینس کا اسکور 2.1 اوور میں سات رن ہے۔
چنئی سپر کنگس کے کپتان مہندر سنگھ دھونی نے ٹاس جیت کر پہلے گیندبازی کا فیصلہ کیا ہے۔ ممبئی انڈینس کے کپتان روہت شرما نے ٹاس ہارنے کے بعد کہا کہ وہ بلے بازی کرنے کو لے کر خوش ہیں اور زیادہ بڑا اسکور بنانے کی کوشش کریں گے۔
آئی پی ایل 2018 کا پہلا مقابلہ ممبئی انڈینس اور چنئی سپر کنگس کے درمیان ہونا ہے جو تھوڑی ہی دیر میں شروع ہونے والا ہے۔ ممبئی انڈینس کے کپتان روہت شرما ہیں جب کہ چنئی سپر کنگس کی کپتانی ایک بار پھر مہندر سنگھ دھونی سنبھال رہے ہیں۔
بالی ووڈ کے بہترین ڈانسروں میں سے ایک رتک روشن نے ’دھوم اگین‘، ’نگاہوں نے نگاہوں سے‘ اور ’ایک پل کا جینا‘ گانے پر زبردست ڈانس کا مظاہرہ کیا۔ ان کے پرفارمنس کے بعد آئی پی ایل 11 کی رنگارنگ افتتاحی تقریب اختتام کی طرف گامزن ہوئی۔ اس کے بعد افتتاحی تقریب میں پرفارمنس کرنے والے سبھی اداکار اسٹیج پر پہنچے اور اجتماعی طور پر پرفارمنس دیا۔
سری لنکا سے تعلق رکھنے والی اور بالی ووڈ میں قدم جما چکی جیکلین فرنانڈیز نے ’اونچی ہے بلڈنگ‘ اور ’ایک دو تین...‘ جیسے گانوں پر ڈانس کر کے اسٹیڈیم میں موجود ہزاروں لوگوں کا دل جیت لیا۔
جنوبی ہندوستان کی فلموں کی مشہور و معروف اداکارہ تمنا بھاٹیا نے آئی پی ایل کی افتتاحی تقریب میں ’باہوبلی‘ کے میوزک پر انٹری کی اور پھر ’پنگا گپورے پنگا گپورے‘ گانے کے ساتھ ساتھ کچھ جنوبی ہند کی فلموں کے گانے پر رقص کیا۔
موجودہ دور کے مشہور اداکار ورون دھون نے آئی پی ایل میں پرفارمنس کے دوران ’کمبخت تمھارے جائیں کہاں‘ ’ٹن ٹنا ٹن ٹن ٹن ٹارا‘ اور ’بدری کی دلہنیا‘ جیسے گانوں پر ڈانس پیش کیا۔
انڈین پریمیر لیگ یعنی ’آئی پی ایل‘ کا میلہ ایک بار پھر شروع ہو چکا ہے۔ آج اس کا ممبئی کے وانکھیڑے اسٹیڈیم میں رنگارنگ آغاز ہوا۔ اس موقع پر ورون دھون، پربھو دیوا، جیکلین فرنانڈیز، رنویر سنگھ اور ’باہو بلی‘ اداکارہ تمنا بھاٹیا وغیرہ نے اپنا پرفارمنس پیش کیا۔ پربھو دیوا نے ’اس موقع پر اُروشی، اُروشی‘ گانے کے بعد ساؤتھ کے کچھ گانوں پر مدہوش کرنے والا ڈانس پیش کیا۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 07 Apr 2018, 6:52 PM IST