کرکٹ

بارڈر-گواسکر ٹرافی: ’پنک بال ٹیسٹ‘ پر آسٹریلیا کی گرفت مضبوط، دوسری اننگ میں بھی ہندوستانی بلے باز پست

پہلی اننگ میں ہندوستان نے 180 رن بنائے تھے جس کے جواب میں آسٹریلیا نے 337 رن بنا ڈالے، دوسری اننگ میں ہندوستان نے دوسرے دن کا کھیل ختم ہونے تک 5 وکٹ کے نقصان پر 128 رن بنائے ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر&nbsp;<a href="https://x.com/ICC">@ICC</a></p></div>

تصویر @ICC

 

ایڈیلیڈ میں ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلے جا رہے ’پنک بال ٹیسٹ‘ پر مہمان ٹیم کی گرفت مضبوط ہو گئی ہے۔ بارڈر-گواسکر ٹرافی کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں آج دوسرے دن آسٹریلیا کی بلے بازی اور گیندبازی دونوں ہندوستان سے بہتر دکھائی دی۔ آسٹریلیا نے آج کل کے اسکور 1 وکٹ کے نقصان پر 86 رن سے آگے کھیلنا شروع کیا اور ناتھن میکسوینی (39 رن) کی شکل میں جلد ہی ہندوستان کو کامیابی مل گئی۔ بمراہ نے انھیں وکٹ کے پیچھے کیچ آؤٹ کرایا۔ اسٹیو اسمتھ (2 رن) کو بھی بمراہ نے جلد ہی پویلین بھیج دیا۔ یہ وہ وقت تھا جب لابوشین بہترین بلے بازی کر رہے تھے اور ٹریوس ہیڈ بھی ان کا بہترین انداز میں ساتھ دے رہے تھے۔ پھر نتیش کمار ریڈی کی ایک اچھلتی ہوئی گیند پر لابوشین نے جیسوال کو کیچ تھما دیا۔ انھوں نے 126 گیندوں پر 64 رنوں کی اننگ کھیلی۔

Published: undefined

اس وقت ایسا لگ رہا تھا کہ ہندوستانی گیندباز اپنا شکنجہ کسیں گے اور آسٹریلیا کو بہت بڑا اسکور بنانے سے روک دیں گے۔ لیکن ٹریوس ہیڈ نے تیزی سے رن بنانا شروع کر دیا۔ ایک سرے پر تھوڑے تھوڑے وقفہ پر وکٹ گرتے رہے، لیکن دوسری طرف ہیڈ نے سبھی گیندبازوں کی دھنائی جاری رکھی۔ انھیں محمد سراج نے یارکر گیند پر بولڈ کیا، لیکن تب تک وہ 141 گیندوں پر 4 چھکوں اور 17 چوکوں کی مدد سے 140 رن بنا چکے تھے۔ وہ جب آؤٹ ہوئے تو آسٹریلیا کا اسکور 310 رن پہنچ چکا تھا۔ یعنی پہلی اننگ میں آسٹریلیا کو 130 رنوں کی سبقت حاصل ہو چکی تھی اور ہندوستان بیک فٹ پر تھا۔ دیگر بلے بازوں کی بات کریں تو مشیل مارش نے 9 رن، ایلکس کیری نے 15 رن، پیٹ کمنس نے 12 رن، مچیل اسٹارک نے 18 رن ناتھن لائن نے ناٹ آؤٹ 4 رن اور اسکاٹ بولینڈ نے صفر بنائے۔

Published: undefined

ہندوستان کی جانب سے جسپریت بمراہ اور محمد سراج کو 4-4 وکٹ حاصل ہوئے۔ 1-1 وکٹ روی چندرن اشون اور نتیش کمار ریڈی کے حصے میں آئے۔ ہرشت رانا نہ صرف وکٹ سے محروم رہے بلکہ انھوں نے 16 اوورس میں 5.37 کی اوسط سے 86 رن بھی لٹا دیے۔ آسٹریلیا نے پہلی اننگ میں 337 رن بنائے، اور اس طرح سے اس کی پہلی اننگ میں سبقت 157 رنوں کی ہو گئی۔

Published: undefined

ہندوستان کی دوسری اننگ جب شروع ہوئی تو امید کی جا رہی تھی کہ آج کے دن کا آخری سیشن وکٹ بچا کر کھیلیں گے۔ لیکن آسٹریلیائی گیندبازوں نے اس امید پر پانی پھیر دیا۔ پہلے کے ایل راہل محض 7 رن بنا کر آؤٹ ہوئے، اور پھر جب یشسوی جیسوال اور شبھمن گل 30 رنوں کی شراکت داری کرنے کے بعد بہت اچھا کھیلتے دکھائی دے رہے تھے تو اسکاٹ بولینڈ نے آج اپنی پہلی ہی گیند پر یشسوی کو وکٹ کے پیچھے کیچ آؤٹ کرا دیا۔ یشسوی نے 31 گیندوں پر 4 چوکوں کی مدد سے 24 رن بنائے۔ وراٹ کوہلی (11 رن) پہلی اننگ کی طرح دوسری اننگ میں بھی ناکام رہے۔ انھیں بھی اسکاٹ بولینڈ نے وکٹ کے پیچھے کیچ آؤٹ کرایا۔ اچھی بلے بازی کر رہے شبھمن گل کو مچیل اسٹارک نے اپنی ایک بہترین اِن سوئنگ گیند پر بولڈ کر دیا۔ انھوں نے 30 گیندوں پر 3 چوکوں کی مدد سے 28 رن بنائے۔

Published: undefined

یہ وہ وقت تھا جب ہندوستان کے 4 وکٹ محض 86 رنوں پر گر گئے تھے۔ کپتان روہت شرما میدان پر اترے تو سبھی امید کر رہے تھے کہ آج کا دن وہ کسی طرح نکال لیں گے اور کل صبح بلے بازی کے لیے دوبارہ آئیں گے۔ لیکن انھیں آسٹریلیائی کپتان پیٹ کمنس نے 6 رن کے ذاتی اسکور پر بولڈ کر دیا۔ یعنی نصف ہندوستانی ٹیم پویلین لوٹ گئی۔ آج کا کھیل جب ختم ہوا تو ہندوستان نے 5 وکٹ کے نقصان پر 128 رن بنا لیے ہیں اور آسٹریلیا کو اب بھی 29 رنوں کی سبقت حاصل ہے۔ رشبھ پنت 25 گیندوں پر 5 چوکوں کی مدد سے 28 رن بنا کر اور نتیش کمار ریڈی 14 گیندوں پر 3 چوکوں کی مدد سے 15 رن بنا کر ناٹ آؤٹ ہیں۔ اب سارا دار و مدار ان دونوں ہی بلے بازوں پر ہے، کیونکہ آنے والے بلے باز آر اشون، ہرشت رانا، جسپریت بمراہ اور محمد سراج ہیں۔ ان میں آر اشون کو چھوڑ کر کسی دیگر پر رن بنانے سے متعلق بہت زیادہ بھروسہ نہیں کیا جا سکتا۔

Published: undefined

آسٹریلیائی گیندبازی کی بات کریں تو اسکاٹ بولینڈ نے 7 اوورس میں 39 رن دے کر 2 وکٹ حاصل کیے، کپتان پیٹ کمنس نے 8 اوورس میں 33 رن دے کر 2 وکٹ حاصل کیے، اور مچیل اسٹارک نے 9 اوورس میں 49 رن دے کر 1 وکٹ حاصل کیا۔ ان تینوں ہی گیندبازوں نے گیندبازی تو کفایتی نہیں کی ہے، لیکن وکٹ لے کر ہندوستان کو مشکل میں ڈال دیا ہے۔ ہندوستان نے جو 128 رن بنائے ہیں، اس کے لیے محض 24 اوورس کھیلے ہیں۔ یعنی ہندوستانی بلے بازوں نے 5.33 کی اوسط سے رن بنائے ہیں۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined