کرکٹ

پاکستان کی آسٹریلیا کے خلاف ٹسٹ تاریخ کی سب سے بڑی جیت

پاکستان نے آسٹریلیا کے سامنے 538 رن کا ہدف رکھا تھا جس کے جواب میں آسٹریلیائی ٹیم 49.4 اووروں میں محض 164 رن بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

ابوظبی: تیز گیند باز محمد عباس (62 رن پر پانچ وکٹ) کی تباہ کن گیند بازی کی بدولت پاکستان نے آسٹریلیا کو دوسرے اور آخری کرکٹ ٹسٹ کے چوتھے روز آج 373 رن سے شکست دے کر اپنی ٹسٹ تاریخ کی سب سے بڑی فتح حاصل کی۔

پاکستان نے اس کے ساتھ ہی دو میچوں کی سیریز 1۔0 سے جیت لی۔ آسٹریلیا نے پہلا ٹسٹ بڑی مشکل سے ڈرا کرایا تھا۔ لیکن دوسرے ٹسٹ میں ہدف اتنا بڑا تھا کہ آسٹریلیائی ٹیم کے پاؤں اکھڑ گئے۔

پاکستان نے آسٹریلیا کے سامنے 538 رن کا ہدف مقرر کیا تھا جس کے جواب میں آسٹریلیائی ٹیم 49.4 اووروں میں محض 164 رن بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

پہلی اننگز میں 33 رن پر پانچ وکٹ لینے والے 28 سالہ عباس نے دوسری اننگز میں بھی اپنی بہترین گیند بازی کا سلسلہ جاری رکھا اور 62 رن پر 5 وکٹ لے کر آسٹریلیائی ٹیم کی کمر توڑ دی۔ عباس کے کیریر میں یہ پہلا موقع ہے جب انہوں نے ایک ٹسٹ میں دس وکٹ حاصل کئے ہیں۔ اس کارکردگی کی وجہ سے انہیں مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

پاکستان نے اس طرح آسٹریلیا کےخلاف 2014 میں ابوظہبی میں 356 رن کی گزشتہ سب سے بڑی جیت کے اپنے ریکارڈ کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔ ٹسٹ تاریخ میں رنوں کے لحاظ سے یہ 17ویں سب سے بڑی جیت ہے۔

Published: undefined

آسٹریلیا نے چوتھے دن ایک وکٹ پر 47 رن سے آگے کھیلنا شروع کیا اور آرون فنچ نے 24 اور ٹریوس ہیڈ نے 17 رن سے اننگز آگے بڑھائی۔ ہیڈ 36 رن بنانے کے بعد اس وقت آؤٹ ہوئے جب ٹیم کا مجموعی اسکور 71 تھا۔ عباس نے ہیڈ کا وکٹ لیا۔ اس شراکت کے ٹوٹتے ہی آسٹریلیائی اننگ لڑکھڑا گئی اور اس کے پانچ وکٹ صرف 78 رن پر گرگئے۔ عباس نے مشیل مارش، آرون فنچ اور ٹم پین کو آؤٹ کیا۔

فنچ نے 61 گیندوں میں 31 رن بنائے جبکہ مارنس لابوچانگے نے 43 رن اسکور کئے اور مشیل اسٹارک (28) کے ساتھ چھٹے وکٹ کی شراکت میں اننگز میں 67 رن کا اضافہ کیا۔ لیگ اسپنر یاسر شاہ نے اسٹارک کو ایل بی ڈبلیو کرکے یہ شراکت توڑ دی۔ آسٹریلیا نے اپنے آخری پانچ وکٹ 19 رن جوڑ کر گنوا دیئے اور اس کےساتھ اس کی اننگز ختم ہوگئی۔ عباس نے لابو چانگے کو آؤٹ کرکے اس اننگز میں اپنا پانچواں وکٹ حاصل کیا۔

عباس نے 17 اوور میں 62 رن دے کر پانچ وکٹ حاصل کئے۔ جبکہ یاسر شاہ نے 45 رن کے عوض تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ میر حمزہ کو ایک وکٹ ملا۔

دو ٹسٹ میچوں کی سیریز مکمل ہونے کے بعد اب دونوں ٹیمیں 24 اکتوبر سے 28 اکتوبر تک 3 ٹی۔20 میچوں کی سیریز کھیلیں گی۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined