فکر و خیالات

دیوالی پر آلودہ دہلی کا غائب ڈاٹا سامنے آنے سے الجھن مزید بڑھ گئی، آخر اے کیو آئی الگ الگ کیوں ہے؟

سی پی سی بی اور ڈی پی سی سی کے ریکارڈ میں فرق نے سوال کھڑے کر دیے ہیں کہ راجدھانی دہلی میں آلودگی کی پیمائش کس طرح ہوتی ہے اور اس کا اندراج کس بنیاد پر کیا جاتا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>دہلی میں فضائی آلودگی (فائل)/ قومی آواز / وپن</p></div>

دہلی میں فضائی آلودگی (فائل)/ قومی آواز / وپن

 

دیوالی کے موقع پر دہلی کا اصل اے کیو آئی (ایئر کوالٹی انڈیکس) کتنا تھا؟ 373 یا 1,747؟ حکومت کے سرکاری اعداد و شمار تو آلودگی کی سطح کافی کم ظاہر کر رہے ہیں، جبکہ دہلی آلودگی کنٹرول کمیٹی (ڈی پی سی سی) کے مانیٹرنگ ڈاٹا سے پتہ چلا ہے کہ جہانگیر پوری میں پی ایم 2.5 کی سطح ہر گھنٹے کے حساب سے بڑھ کر 4,985 مائیکروگرام فی مکعب میٹر تک پہنچ گئی تھی۔ اس بڑے فرق نے راجدھانی میں آلودگی کی پیمائش، اندراج اور اس کی رپورٹنگ کے طریقوں پر سوال کھڑے کر دیے ہیں۔

اعداد و شمار میں پائے جانے والے فرق میں ہر گھنٹے کے پی ایم 2.5 کی سطح کا بہت زیادہ ہونا، بعد میں بعض اعداد و شمار میں تبدیلی کیا جانا اور دیوالی کے آس پاس، جب آلودگی بہت زیادہ تھی، کئی اسٹیشنوں سے ڈاٹا کا غائب ہونا شامل ہے۔ جہانگیر پوری میں دیوالی کے دن شام 6 بجے اور رات 8 بجے پی ایم 2.5 کی سطح 4,985 مائیکروگرام فی مکعب میٹر تک پہنچ گئی تھی۔ بعد میں ڈی پی سی سی کے ڈاٹا میں ان اعداد و شمار کو تبدیل کر دیا گیا، جس میں آدھی رات کے وقت یہ سطح 776 مائیکروگرام فی مکعب میٹر دکھائی گئی۔

ان تبدیلیوں نے سوال کھڑے کر دیے ہیں کہ آلودگی کے اعداد و شمار یا ریڈنگ کو کس طرح پروسیس کیا گیا اور ان میں اتنی بڑی تبدیلیاں کیوں کی گئیں؟ یہ تضاد اس لیے بھی کافی اہم ہے کہ اسی دوران کئی دیگر مانیٹرنگ اسٹیشنوں نے بھی ہر گھنٹے کے حساب سے آلودگی کی سطح بہت زیادہ درج کی تھی۔ مثال کے طور پر، منڈکا میں پی ایم 2.5 کی سطح 8 نومبر کی شام (دیوالی کے دن) 7 بجے 245 مائیکروگرام فی مکعب میٹر تھی، جو اگلے دن صبح (آدھی رات کے بعد) 2 بجے بڑھ کر 3,744 مائیکروگرام فی مکعب میٹر ہو گئی۔ جے این یو میں اتوار کی شام 7 بجے یہ سطح 118 مائیکروگرام فی مکعب میٹر تھی، جو صبح 4 بجے بڑھ کر 3,023 مائیکروگرام فی مکعب میٹر ہو گئی۔ این ایس یو ٹی ویسٹ کیمپس میں 3,008 مائیکروگرام فی مکعب میٹر اور مندر مارگ پر 2,908 مائیکروگرام فی مکعب میٹر درج کی گئی۔ نہرو نگر، وزیر پور، تال کٹورا گارڈن، کامن ویلتھ گیمز اسپورٹس کمپلیکس، پٹپڑ گنج اور اشوک وہار سمیت دیگر اسٹیشنوں پر بھی پی ایم 2.5 کی فی گھنٹہ مقدار 2,500 مائیکروگرام فی مکعب میٹر سے زیادہ درج کی گئی۔

یہ فرق صرف مختلف اسٹیشنوں کے اعداد و شمار تک محدود نہیں ہیں۔ پیر کی شام ڈی پی سی سی نے فی گھنٹہ کے ایسے 125 اعداد و شمار جاری کیے، جو مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ (سی پی سی بی) کے ریکارڈ سے غائب تھے۔ بتایا گیا ہے کہ یہ تمام 125 اعداد و شمار 1,000 مائیکروگرام فی مکعب میٹر سے زیادہ تھے۔ اس کے مطابق منڈکا میں سب سے زیادہ 3,744 مائیکروگرام فی مکعب میٹر آلودگی درج کی گئی۔ جے این یو میں صبح 4 بجے 3,023 مائیکروگرام فی مکعب میٹر درج ہوئی، جبکہ این ایس یو ٹی ویسٹ کیمپس میں صبح 5 بجے 3,008 مائیکروگرام فی مکعب میٹر ریکارڈ کی گئی۔ بتایا گیا ہے کہ 11 مانیٹرنگ اسٹیشنوں پر پی ایم 2.5 کی سطح 2,000 مائیکروگرام فی مکعب میٹر سے زیادہ درج کی گئی۔

اس اہم ڈاٹا کا غائب ہونا آلودگی پر نظر رکھنے والے نیٹورک میں آنے والی ایک بڑی رکاوٹ کا حصہ تھا۔ اتوار اور پیر کے درمیان پوری رات میں دہلی کے 59 مانیٹرنگ مراکز میں سے 36 نے ڈاٹا دینا بند کر دیا۔ ڈاٹا فراہم نہ کرنے والے مراکز کی تعداد اتوار کی شام 7 بجے ایک تھی، جو پیر کی صبح 1 بجے تک بڑھ کر 36 ہو گئی۔ سینٹر فار ریسرچ آن انرجی اینڈ کلین ایئر (سی آر ای اے) نے آدھی رات سے صبح 5 بجے کے درمیان 59 اسٹیشنوں پر 227 گھنٹوں کا ڈاٹا (مشاہدات) غائب پایا۔ ڈی پی سی سی نے ڈاٹا غائب ہونے کی وجہ (کم از کم جزوی طور پر) مانیٹرنگ آلات کی ایک تکنیکی حد کو قرار دیا ہے۔ اس کے رکن انل گپتا نے نیوز چینل این ڈی ٹی وی کو بتایا کہ جب آلودگی کی سطح 999 مائیکروگرام فی مکعب میٹر تک پہنچ گئی تو اسٹیشنوں نے ریڈنگ دینا بند کر دیا۔ انھوں نے اسے ایک تکنیکی خامی قرار دیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈی پی سی سی کے 2019 کے تکنیکی معیارات (اسپیسفکیشن) میں مسلسل کام کرنے والے پارٹیکیولیٹ میٹر اینالائزر کے لیے 0 سے 1,000 مائیکروگرام فی مکعب میٹر تک کی پیمائش کی حد مقرر کی گئی ہے۔ تاہم، اس سے پوری طرح یہ واضح نہیں ہوتا کہ آلودگی کی مختلف سطحوں پر اسٹیشنوں نے ڈاٹا دینا کیوں بند کر دیا۔ مثال کے طور پر آر کے پورم میں درج کی گئی آخری ریڈنگ 924 مائیکروگرام فی مکعب میٹر تھی۔ اس صورت حال سے یہ سوال اٹھتا ہے کہ آیا ڈاٹا غائب ہونے کی وجہ آلات کی حدود، ڈاٹا کی ترسیل میں خرابی یا پھر آلودگی پر قابو پانے والی دونوں ایجنسیوں کی جانب سے اپنائے گئے تصدیقی طریقۂ کار تھے۔ یہ جاننا بھی اہم ہے کہ تاخیر سے موصول ہونے والی ریڈنگ کو شائع کرنے سے پہلے کس طرح حاصل اور اس کی تصدیق کی گئی، اور کیا ان اعداد و شمار کے غائب ہونے سے دہلی کے اوسط اے کیو آئی کی گنتی پر کوئی اثر پڑا۔

مختلف پلیٹ فارمز پر اے کیو آئی کے اعداد و شمار الگ الگ کیوں؟

اس تنازعہ کے ساتھ ساتھ دہلی کے اے کیو آئی کے اعداد و شمار میں بھی کافی فرق دیکھنے کو ملا ہے۔ دیوالی کے دن بعض پلیٹ فارمز نے اے کیو آئی 1,747 بتایا، جبکہ سی پی سی بی کا اعداد و شمار 373 تھا۔ یہ فرق جزوی طور پر اے کیو آئی کی پیمائش کے لیے الگ الگ طریقۂ کار اختیار کیے جانے کو ظاہر کرتا ہے، اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ آلودگی کی حقیقی سطح میں کوئی تضاد ہے۔ سی پی سی بی ہندوستان کے ’نیشنل ایئر کوالٹی انڈیکس‘ (این اے کیو آئی) پر عمل کرتا ہے، جس کی زیادہ سے زیادہ حد 500 ہے، جبکہ کئی بین الاقوامی پلیٹ فارم ’یونائیٹڈ اسٹیٹس انوائرنمنٹل پروٹیکشن ایجنسی‘ کے طریقۂ کار کا استعمال کرتے ہیں، جس کی کوئی مقررہ بالائی حد نہیں ہے۔

ان نظاموں میں آلودگی پھیلانے والے عوامل کے لیے الگ الگ ’بریک پوائنٹس‘ اور ’اوسط مدت‘ (ایوریجنگ پیریڈز) کا استعمال کیا جاتا ہے۔ ہندوستان کے نظام میں عام طور پر کئی آلودگی پھیلانے والے عناصر کے لیے 24 گھنٹے کے اوسط پر توجہ دی جاتی ہے، جبکہ امریکی طریقۂ کار میں اوسط نکالنے کے لیے مختلف مدتیں استعمال ہوتی ہیں۔ مثلاً بعض آلودگی پھیلانے والے عناصر کے لیے ایک گھنٹے اور 8 گھنٹے کی پیمائش۔ نتیجہ کار آلودگی کی مقدار یکساں ہونے کے باوجود اے کیو آئی کے اسکور میں کافی فرق ہو سکتا ہے۔ ڈاٹا کے ذرائع بھی الگ الگ ہو سکتے ہیں۔ سی پی سی بی اپنے ’کنٹینیوئس ایمبینٹ ایئر کوالٹی مانیٹرنگ اسٹیشنز‘ (مسلسل فضائی معیار کی پیمائش کرنے والے مراکز) سے حاصل ہونے والی ریڈنگ کا استعمال کرتا ہے، جبکہ بعض نجی پلیٹ فارم سرکاری ڈاٹا کو نجی طور پر چلائے جانے والے کم لاگت کے سینسر سے حاصل ہونے والی ریڈنگ کے ساتھ ملا دیتے ہیں۔ کیلیبریشن اور ڈاٹا کے معیار میں فرق حتمی اعداد و شمار کو متاثر کر سکتا ہے۔

سی پی سی بی کا ماننا ہے کہ اس کا قومی اے کیو آئی ہی عوام کے درمیان معلومات شیئر کرنے کا سرکاری پیمانہ ہے اور مختلف طریقوں سے حاصل کیے گئے اسکور کا براہ راست ایک دوسرے سے موازنہ نہیں کیا جانا چاہیے۔ لیکن طریقۂ کار سے متعلق یہ فرق سرکاری مانیٹرنگ ریکارڈ سے ڈاٹا غائب ہونے یا اسٹیشن کی سطح پر پی ایم 2.5 کی ریڈنگ میں بعد میں کی گئی ترمیم کی وضاحت نہیں کرتے۔ یہ مسائل بنیادی ڈاٹا کی صداقت اور شفافیت سے جڑے ہوئے ہیں۔

آلودگی کی نگرانی اور اعداد و شمار میں فرق کا کیا مطلب ہے؟

ماحولیاتی ماہرین کے اندازوں میں بھی آلودگی کی سطح کی جھلک ملتی ہے۔ ’انوائروکیٹالسٹ‘ کے بانی سنیل داہیا کے مطابق دیوالی کی رات پی ایم 2.5 کی مقدار اوسطاً 450 سے 550 مائیکروگرام فی مکعب میٹر کے درمیان رہی۔ انھوں نے کہا کہ اس قدر بلند سطح پر چند گھنٹوں تک رہنے سے بھی صحت سے متعلق مسائل شروع ہو سکتے ہیں یا پہلے سے موجود مسائل مزید سنگین ہو سکتے ہیں۔ اس لیے فوری تشویش کا موضوع صرف یہ نہیں ہے کہ اے کیو آئی کا کون سا ڈاٹا درست ہے۔ بلکہ اصل سوال یہ ہے کہ کیا مانیٹرنگ نیٹورک ان اوقات میں آلودگی کی سطح کو مسلسل ریکارڈ کر رہا ہے، جب درست معلومات کی سب سے زیادہ اہمیت ہوتی ہے۔ ایجنسیوں کو یہ واضح کرنے کی ضرورت ہے کہ اسٹیشنوں نے ڈاٹا دینا کیوں بند کر دیا، چھوٹی ہوئی ریڈنگ کو کس طرح سنبھالا گیا، شائع کیے گئے بعض اعداد و شمار میں بعد میں ترمیم کیوں کی گئی اور کیا ان تبدیلیوں کا سرکاری اے کیو آئی کی گنتی پر کوئی اثر پڑا۔

ڈاٹا جمع کرنے، اس کی ترسیل اور تصدیق کے عمل کی شفاف تفصیل سے یہ معلوم کرنے میں مدد ملے گی کہ یہ تضادات کس حد تک موجود ہیں۔ اس سے عام لوگوں کو یہ سمجھنے میں بھی مدد ملے گی کہ یہ فرق اے کیو آئی کی گنتی کے طریقوں کی وجہ سے پیدا ہو رہے ہیں یا پھر بنیادی پیمائش میں کسی کمی یا تبدیلی کا نتیجہ ہیں۔ دہلی کے آلودگی مانیٹرنگ نظام کا مقصد لوگوں کو اس ہوا کے معیار کے بارے میں قابل اعتماد معلومات فراہم کرنا ہے جس میں وہ سانس لیتے ہیں۔ اس کے لیے نہ صرف اے کیو آئی کے اعداد و شمار جاری کرنا ضروری ہے، بلکہ یہ یقینی بنانا بھی لازمی ہے کہ ان کے پیچھے موجود ڈاٹا مکمل اور یکساں ہو اور اس کی جانچ بھی کی جا سکے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔