آر بی آئی گورنر سنجے ملہوترا / آئی اے این ایس
ممبئی: ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) کے گورنر سنجے ملہوترا نے کہا ہے کہ برطانیہ کے ساتھ آزاد تجارت کا معاہدہ (ایف ٹی اے) ہندوستان کی معیشت کے کئی اہم شعبوں کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگا۔ انہوں نے اسے ایک ’تاریخی چھلانگ‘ قرار دیا جس کے ذریعے مینوفیکچرنگ، سروسز، زراعت، ایم ایس ایم ای اور اسٹارٹ اپ جیسے شعبوں کو نئی سمت ملے گی۔
Published: undefined
ملہوترا نے نئی دہلی میں ایک پروگرام میں خطاب کرتے ہوئے کہا، ’’بدقسمتی سے آج کا عالمی منظرنامہ کثیر فریقی (ملٹی لیٹرل) تعاون سے ہٹ چکا ہے اور ایسے میں دو طرفہ معاہدے ہی آگے بڑھنے کا راستہ ہیں۔ برطانیہ کے ساتھ آزاد تجارت کا معاہدہ اس سمت میں ایک اہم قدم ہے۔‘‘
انہوں نے کہا کہ ہندوستان کو دیگر ممالک کے ساتھ بھی ایسے معاہدے کرنے کی ضرورت ہے تاکہ عالمی معیشت میں اپنی شرکت کو مستحکم کیا جا سکے۔ آر بی آئی گورنر کے مطابق امریکہ کے ساتھ بھی دو طرفہ تجارتی معاہدے (بی ٹی اے) پر بات چیت آخری مرحلے میں ہے، جبکہ یورپی یونین، نیوزی لینڈ، چلی، پیرو اور عمان جیسے ممالک سے مذاکرات جاری ہیں۔
Published: undefined
دریں اثنا، مرکزی وزیر تجارت و صنعت پیوش گوئل نے لندن میں ایک گفتگو کے دوران بتایا کہ ہندوستان اور برطانیہ کے درمیان آزاد تجارت کے اس معاہدے سے دونوں ممالک کو اربوں ڈالر کے مواقع حاصل ہوں گے۔ ان کے مطابق یہ معاہدہ نہ صرف برآمدات کو فروغ دے گا بلکہ روزگار، سرمایہ کاری اور مہارتوں کے تبادلے کے نئے امکانات بھی پیدا کرے گا۔
گوئل نے بتایا کہ امریکہ کے ساتھ دو طرفہ تجارتی معاہدے پر پانچویں دور کی بات چیت واشنگٹن ڈی سی میں مکمل ہو چکی ہے اور مثبت پیش رفت متوقع ہے۔ ساتھ ہی، ہندوستان اور یورپی فری ٹریڈ ایسوسی ایشن (ای ایف ٹی اے) کے درمیان اقتصادی شراکت داری کا معاہدہ (ٹی ای پی اے) یکم اکتوبر سے نافذ ہوگا، جس سے ہندوستان میں 10 لاکھ براہ راست روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔
Published: undefined
آر بی آئی گورنر ملہوترا نے کہا کہ یوکے ایف ٹی اے کے تحت ہندوستان کے 95 فیصد زرعی مصنوعات کو برطانیہ میں ڈیوٹی فری رسائی حاصل ہوگی، جو کسانوں کے لیے ایک بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ یہ معاہدہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار، اسٹارٹ اپس، اور نوجوانوں کے لیے مواقع کا دروازہ کھولے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایسے معاہدے ہندوستان کو عالمی معیشت سے جوڑنے، برآمدات میں اضافہ کرنے اور مقامی صنعتوں کو نئی منڈیاں فراہم کرنے میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined