صنعت و حرفت

ہر پانچ میں ایک آئی فون کی تیاری اب ہندوستان میں، لوکل مینو فیکچرنگ سے فروخت میں نمایاں اضافہ

ایپل نے بتایا ہے کہ دنیا میں بننے والا ہر پانچ میں ایک آئی فون اب ہندوستان میں تیار ہو رہا ہے۔ کمپنی کی لوکل مینو فیکچرنگ سے فروخت بڑھی ہے اور ہندوستان کا عالمی پروڈکشن میں حصہ 12 فیصد تک پہنچ گیا ہے

آئی-فون، تصویر آئی اے این ایس
آئی-فون، تصویر آئی اے این ایس 

عالمی اسمارٹ فون مارکیٹ میں ایپل کے بڑھتے قدموں کے ساتھ ہندوستان کی اہمیت تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ کمپنی کی تازہ فائلنگ کے مطابق دنیا میں تیار ہونے والے ہر پانچ میں ایک آئی فون اب ہندوستان میں مینو فیکچر کیا جا رہا ہے۔ اس کے ساتھ ہی ایپل کی عالمی پروڈکشن ویلیو میں ہندوستان کا حصہ بڑھ کر 12 فیصد تک پہنچ گیا ہے، جو گزشتہ برسوں کے مقابلے میں ایک بڑی پیش رفت ہے۔

ایپل کی فائلنگ میں بتایا گیا کہ اس کی ہندوستانی ذیلی کمپنی ایپل انڈیا کی گھریلو فروخت مالی سال 2025 میں بڑھ کر 9 ارب ڈالر ہو گئی، جو کہ مقامی مینو فیکچرنگ اور صارفین کی بڑھتی طلب کا نتیجہ ہے۔ کمپنی کے مطابق گزشتہ دس برسوں میں ہندوستانی یونٹ کی کل آمدنی تقریباً آٹھ گنا بڑھی ہے، جس میں آئی فون، میک بُک، آئی پیڈ، ایئر پوڈز اور دیگر ایکسیسریز کا نمایاں کردار رہا ہے، جبکہ سروسز کا حصہ اب بھی محدود ہے۔

Published: undefined

مارکیٹ اینالسٹس کے مطابق ایپل کی مجموعی عالمی آمدنی 416.1 ارب ڈالر ہے، جس میں ہندوستان کی شراکت تقریباً دو فیصد ہے۔ اگرچہ یہ حصہ اب بھی کم سمجھا جاتا ہے، لیکن آئی فون کی تیاری میں ہندوستان کا کردار تیزی سے بڑھ رہا ہے اور آنے والے برسوں میں اس میں مزید اضافہ ممکن ہے۔

اہم پیش رفت یہ ہے کہ کمپنی نے پہلی مرتبہ اپنے ہائی اینڈ پرو اور پرو میکس ماڈلز کی مینو فیکچرنگ بھی ہندوستان میں شروع کر دی ہے۔ پہلے یہ ماڈلز زیادہ تر چین میں تیار کیے جاتے تھے، لیکن ہندوستانی فیکٹریوں میں پروڈکشن بڑھنے سے ایپل کی سپلائی چین مزید متنوع ہو رہی ہے۔

Published: undefined

فائلنگ میں اس بات کا بھی انکشاف کیا گیا ہے کہ 2025 میں امریکی صارفین نے 178.4 ارب ڈالر مالیت کے ایپل پراڈکٹس خریدے، جو کمپنی کی مجموعی آمدنی کا 43 فیصد ہے۔ یورپ 26.7 فیصد حصے کے ساتھ دوسرے اور گریٹر چائنہ 15.4 فیصد حصے کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔

ایپل نے بتایا کہ ہندوستان سے امریکہ کو آئی فون کی شپمنٹ میں بھی تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، جو مینو فیکچرنگ کے فروغ اور معیار میں بہتری کی غمازی کرتا ہے۔

Published: undefined

مالی سال 2025 میں ہندوستان میں تیار کیے گئے ایپل پراڈکٹس کی فریٹ آن بورڈ (ایف او بی) ویلیو 22 ارب ڈالر رہی، جن میں سے 7.5 ارب ڈالر کے آئی فون برآمد کیے گئے۔ لوکل مینو فیکچرنگ کمپنی کو اس فائدے تک بھی پہنچا رہی ہے کہ درآمد شدہ فونز پر لگنے والی 16 فیصد کسٹم ڈیوٹی سے بچ کر گھریلو فروخت میں نمایاں اضافہ ہو رہا ہے۔

ایپل کے سی ای او ٹِم کُک نے اپنی اَرننگ کال میں کہا کہ کمپنی سال کے سب سے مصروف دور میں اپنے ’’اب تک کے بہترین لائن اپ‘‘ کے ساتھ داخل ہو رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ چند مہینوں میں ہندوستان اور یو اے ای سمیت کئی ابھرتی ہوئی مارکیٹوں میں نئے اسٹورز کھولے گئے ہیں، جب کہ امریکہ اور چین میں بھی نئی ریٹیل لوکیشنز کا اضافہ کیا گیا ہے۔

ایپل کے مطابق ہندوستان مستقبل میں نہ صرف ایک بڑی کنزیومر مارکیٹ کے طور پر، بلکہ ایک مضبوط مینوفیکچرنگ حب کے طور پر بھی عالمی حکمت عملی میں نمایاں کردار ادا کرے گا۔

Published: undefined