
آئی اے این ایس
جبل پور: اداکار منوج باجپئی کی فلم گھوس خور پنڈت کے گرد تنازع کم ہونے کا نام نہیں لے رہا۔ حال ہی میں سپریم کورٹ نے فلم کے عنوان پر سخت رویہ اپناتے ہوئے اسے تبدیل کرنے کی ہدایت دی تھی، اور اب معاملہ مدھیہ پردیش کے شہر جبل پور کی ضلع عدالت تک پہنچ گیا ہے، جہاں اس کے خلاف باضابطہ شکایت درج کرائی گئی ہے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق شکایت اس بنیاد پر دائر کی گئی ہے کہ فلم کا عنوان برہمن سماج کے لیے توہین آمیز اور ہتک آمیز ہے۔ یہ شکایت اسکرپٹ رائٹر، فلمی فنکار اور جیوتشی پنڈت ویبھو پاٹھک کی جانب سے پیش کی گئی۔ شکایت میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ فلم کے نام میں استعمال کیا گیا لفظ مخصوص برادری کی ساکھ کو متاثر کرتا ہے اور سماجی ہم آہنگی کے خلاف ہے۔
Published: undefined
عدالت نے ابتدائی سماعت کے بعد 20 فروری کو فرسٹ کلاس جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں بیانات قلم بند کرنے کی تاریخ مقرر کی ہے۔ آئندہ سماعت کے بعد قانونی کارروائی کی سمت مزید واضح ہوگی۔ شکایت میں فلم کے پروڈیوسر نیرج پانڈے اور او ٹی ٹی پلیٹ فارم نیٹ فلکس کے سربراہ ریڈ ہیسٹنگز سمیت دیگر ذمہ داران کو مجوزہ ملزمان کے طور پر شامل کیا گیا ہے۔ عدالت میں معاملہ زیر سماعت ہے اور قانونی عمل جاری ہے۔
یاد رہے کہ 12 فروری کو سپریم کورٹ نے بھی فلم سازوں کو سخت تنبیہ کی تھی۔ عدالت کا کہنا تھا کہ اظہار رائے کی آزادی کا مطلب یہ نہیں کہ کسی خاص طبقے کو نشانہ بنایا جائے۔
Published: undefined
عدالت نے سوال اٹھایا تھا کہ عنوان میں پنڈت لفظ کا استعمال کیوں کیا گیا اور ہدایت دی تھی کہ فلم کا نام تبدیل کیے بغیر اسے ریلیز نہ کیا جائے۔ ساتھ ہی پروڈیوسر کو حلف نامہ داخل کرنے کا حکم دیا گیا تھا، جس میں وضاحت کی جائے کہ فلم کا مقصد کسی برادری کی توہین نہیں ہے۔
عدالتی سختی کے بعد فلم سے متعلق تشہیری مواد سوشل میڈیا سے ہٹا لیا گیا ہے اور مختلف پلیٹ فارمز سے پوسٹر اور ریلیز ٹیزر بھی واپس لے لیے گئے ہیں۔ اگرچہ نئے عنوان کا اعلان تاحال نہیں کیا گیا، تاہم قانونی پیچیدگیاں بڑھنے سے فلم کی ریلیز پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ فلم ساز نیا نام اختیار کر کے واپسی کرتے ہیں یا منصوبہ عارضی طور پر روک دیا جاتا ہے۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined