بالی ووڈ

ثریا کی برسی پر خاص: ایسی محبت کون کرےگا!

9 سال کی عمر میں انہوں نے فلموں کے لئے گانا شروع کیا۔14 سال کی عمر میں وہ اداکارہ بن گئیں اور 17 کی ہوتے ہوتے ملک بھر میں ان کا جادو سر چڑھ کر بولنے لگا۔ اور2004 میں ثریا نے اس دنیا کو الوداع کہہ دیا۔

تصویر بشکریہ فلم فیئر، 25 نومبر، 1955
تصویر بشکریہ فلم فیئر، 25 نومبر، 1955 اداکارہ ثریا

نو سال کی عمر میں گیت گانا شروع کر دیا، 14 برس کی عمر میں وہ ادکارہ بن گئیں اور 17برس کی ہوتے ہوتے ملک بھر میں ان کا جادو سر چڑھ کر بولنے لگا۔ یہ قصہ ہے اداکارہ ثریا کا۔ ان کی رہائش گاہ پر چاہنے والوں کی بھیڑ اس قدر رہتی تھی کہ حالات سنبھالنے کے لئے پولس کو خاص اقدامات اٹھانے پڑتے تھے۔

سب کچھ صحیح چل رہا تھا کہ اچانک ثریا کی زندگی میں دیو آنند داخل ہو گئے۔ ثریا اور دیو آنند کی پہلی فلم ’وِدیا‘ تھی۔ ودیا کی شوٹنگ کے دوران دریا میں تیرتی کشتی پر دیوآنند اور ثریا پر ایک گیت فلمایا جانا تھا۔ چونکہ ایک طویل شاٹ لیا جانا تھا اس لئے یونٹ سے وابستہ افراد ثریا اور دیو کی کشتیوں سے دور دوسری کشتیوں میں بیٹھے تھے۔ اچانک نہ جانے کس وجہ سے دیو اور ثریا کی کشتیاں پلٹ گئیں۔ دریا زیادہ گہرا نہیں تھا لیکن ثریا بالکل بھی تیرنا نہیں جانتی تھیں۔ ایسے حالات میں دیوآنند نے اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر بری طرح گھبرائی اور خوفزدہ ثریا کو بچا لیا۔

Published: 31 Jan 2018, 4:26 PM IST

تصویر بشکریہ فلم فیئر، 16 دسمبر، 1955

جس طرح فلمی کہانیوں میں ہوتا ہے اسی طرح ثریا کے دل و دماغ میں کشتی کے حادثہ کے بعد دیوآنند کے لئے خاص مقام پیدا ہو گیا۔ لیکن ثریا اور ان کے خاندان پر پوری طرح نظر رکھنے والی نانی ہر وقت ثریا کے ساتھ رہتی تھیں اس لئے دیو اور ثریا کے درمیان خطوط کے ذریعہ محبت پروان چڑھنے لگی۔ خطوط کو ایک دوسرے تک پہنچانے کا کام دونوں کے دوست گرودت، کامنی کوشل اور درگا کھوٹے انجام دیا کرتے تھے۔

Published: 31 Jan 2018, 4:26 PM IST

ثریا اور دیو آنند کے دوست چاہتے تھے کہ دونون کی شادی ہو جائے۔ ایک دن باتوں ہی باتوں میں دیو اور ثریا کی شادی کا منصوبہ تیار ہو گیا۔ ان دنوں وہ دونوں فلم ’جیت‘ کی شوٹنگ میں مصروف تھے۔ اس فلم میں دیو اور ثریا کی شادی کا ایک منظر تھا۔ منصوبہ تھا کہ اس منظر کو حقیقت میں تبدیل کر دیا جائے۔ پنڈت کو بلا کر شادی کرا دی جائے۔ یونٹ کے کئی اداکار اور ٹیکنیشین بھی اس منصوبہ میں شامل تھے۔ ساری تیاریاں مکمل ہوچکی تھیں لیکن اس بات کی خبر کسی کو نہیں تھی۔ لیکن ثریا سے یکطرفہ محبت کرنے والا یونٹ کا ایک معاون دیوآنند سے حسد رکھتا ہے۔ شادی کے منصوبے کی خبر اس شخص کو بھی تھی۔ شوٹنگ شروع ہونے سے قبل ہی اس نے پورامنصوبہ ثریا کی نانی کو بتا دیا۔ بس پھر کیا تھا، نانی سیٹ پر ہی آگ بگولہ ہوگئیں، ان کا مشتعل رویہ دیکھ کر کسی کی اتنی ہمت نہیں ہو پائی کہ ان سے کوئی بات بھی کر سکے۔ نانی سب کے سامنے ثریا کو گھسیٹ کر گھر لے گئیں۔ غصہ، بے عزتی اور صدمے میں ڈوبی ثریا کو تجربہ کار نانی نےسمجھانا شروع کیا کہ وہ اس وقت ملک کی سب سے بڑی اسٹار ہیں، ان کو پسند کرنے والے ناظرین کی تعداد کروڑوں میں ہے۔ وہ کسی ہندو سے شادی کریں گی تو ملک میں فساد بھی ہوسکتے ہیں اور دیوآنند کی جان کو بھی خطرہ ہو سکتا ہے۔ ثریا نے اس سے قبل کبھی اس سمت میں سوچا ہی نہیں تھا۔

Published: 31 Jan 2018, 4:26 PM IST

تصویر بشکریہ فلم فیئر، 14 جولائی، 1953

ادھر اس واقعہ کے بعد دیوآنند بھی کافی پریشان رہنے لگے۔ جب ان کی بے چینی اور گھٹن انتہا تک پہنچ گئی تو وہ سیدھے ثریا کے گھر جا پہنچے۔ انہیں دیکھتے ہی ثریا کے ماموں ظہور نے ان کا کالر پکڑ کر گھر کے باہر دھکا دے دیا۔ دیوآنند کو یہ بھروسہ تھا کہ وہ ثریا کو شادی کے لئے راضی کر لیں گے۔ جب فلم نیلی کی شوٹنگ ہوئی تو ایک دن دیوآنند نانی کی نظروں سے بچ کر ثریا کے سامنے جا کھڑے ہوئے۔ ثریا کو بھی دیو سے بے حد محبت تھی اور وہ ان کے ساتھ زندگی گزارنا چاہتی تھیں لیکن وہ گھر سے بھاگنے کی ہمت نہیں جٹا پائیں۔ بے تحاشہ دھڑکتے ہوئے دل پر قابو پاتے ہوئے انہوں نے دیو سے محض اتنا ہی کہا کہ وہ ان سے شادی نہیں کر سکتیں۔

دکھ اور غصہ سے کانپتے ہوئے دیو نے ثریا کے چہرے پر زور کا طمانچہ رسید کر دیا۔ یہی وہ لمحہ تھا جس نے ثریا کی پوری زندگی کو بدل کر رکھ دیا۔ ثریا پر ہاتھ اٹھانے کے بعد دیوآنند نے شرمندگی محسوس کرتے ہوئے سر جھکا کر ثریا سے اپنے کئے کی معافی مانگی اور وہاں سے چلے گئے۔ اس وقت ثریا محض 20 برس کی تھیں۔ ثریا اور دیو آنند کا ملن تو نہیں ہو پایا لیکن دونوں نے ایک دوسرے سے بے پناہ محبت کی تھی۔ محبت کو اپنے دل میں ہمیشہ زندہ رکھنے کے لئے ثریا نے تاعمر شادی نہ کرنے کا مصمم ارادہ کرلیا۔

ثریا کا ارادہ اتنا پختہ اور مضبوط تھا کہ 15 جون 1929 میں پیدا ہوئیں 31 جنوری 2004 کو اپنی وفات تک وہ بالکل یک و تنہا رہیں۔

Published: 31 Jan 2018, 4:26 PM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 31 Jan 2018, 4:26 PM IST