شیام بینیگل کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے دوست و احباب، ویڈیو گریب
فلم انڈسٹری کے مشہور و معروف فلمکار شیام بینیگل آج شام ممبئی میں آخری سفر پر روانہ ہو گئے۔ بینیگل کی آخری رسومات میں جاوید اختر، نصیرالدین شاہ، گلزار، شبانہ اعظمی، بومن ایرانی سمیت کئی مشہور و معروف بالی ووڈ ہستیاں موجود تھیں۔ سبھی اداکاروں اور دوست و احباب نے نم آنکھوں کے ساتھ اپنے محبوب ہدایت کار کو الوداع کہا۔
Published: undefined
آنجہانی فلمکار بینیگل کی آخری رسومات ممبئی میں شیواجی پارک الیکٹرک شمشان گھاٹ پر ادا ہوئی۔ اداکارہ شبانہ اعظمی، نصیر الدین شاہ، گلزار، دِوّیا دتہ، شریئس تلپڑے، دلیپ تاہل، اتل تیواری، پرتیک گاندھی کے ساتھ ہی بالی ووڈ کے جواں سال اداکار وکی کوشل کے والد اور ایکشن کوریوگرافر شیام کوشل بھی شمشان گھاٹ پر بینیگل کے جسد خاکی کو خراج عقیدت پیش کرنے پہنچے۔
Published: undefined
اس سے قبل شبانہ اعظمی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر ایک پوسٹ شیئر کر فلمساز کی آخری رسومات کے بارے میں جانکاری دی۔ وہ بینیگل کی آخری رسومات میں انتہائی مغموم بھی دکھائی دیں۔ اس موقع پر دِوّیا دتہ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’میں کیا کہوں، مجھے سمجھ نہیں آ رہا ہے۔ انھوں نے ہمیں سنیما کی شکل میں کافی کچھ دیا ہے۔ یہ نہ صرف ذاتی بلکہ ملک کے لیے بھی بہت بڑا خسارہ ہے۔‘‘ شریئس تلپڑے نے اپنے غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’یہ ملک کے لیے بڑا نقصان ہے۔ وہ اپنی فلموں کے ذریعہ ہمیشہ ہمارے درمیان زندہ رہیں گے۔‘‘
Published: undefined
مشہور اداکار دلیپ تاہل بھی کافی جذباتی دکھائی دیے۔ انھوں نے کہا کہ ’’میں خوش قسمت ہوں کہ شیام بابو کے ساتھ میں نے فلم ’انکر‘، ’ترکال‘ اور ایک دیگر فلم میں کام کیا۔ ان کے ساتھ میری کئی یادیں جڑی ہوئی ہیں، جسے کبھی بھلایا نہیں جا سکتا۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’35 سالوں میں میرے پاس یادوں کا ایک خزانہ ہے اور میں نے ان کے اوپر ایک کتاب لکھی ہے جس کا اجرا انھوں نے خود کیا تھا۔‘‘ اس کے ساتھ ہی انھوں نے بتایا کہ وہ والد کی طرح سر پر ہاتھ رکھتے تھے، ان کی شخصیت کمال کی تھی۔
Published: undefined
متوازی سنیما سے روبرو کرانے والے شیام بینیگل کے انتقال پر فلم انڈسٹری کے ستاروں نے سوشل میڈیا پر پوسٹ شیئر کرتے ہوئے اپنے اپنے غم کا اظہار کیا۔ ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ شیئر کرتے ہوئے رندیپ ہڈا نے لکھا کہ ’’شیام بینیگل بھلے ہی چلے گئے ہوں، لیکن وہ کبھی نہ بھولنے والی اپنی فلموں کے ذریعہ ہمیشہ زندہ رہیں گے۔‘‘ جنوبی ہند کے سپراسٹار چرنجیوی نے سوشل میڈیا پوسٹ میں لکھا کہ ’’ہمارے ملک کے بہترین فلمسازوں اور شاندار شخصیتوں میں سے ایک شیام بینیگل کے انتقال پر بہت تکلیف ہوئی۔ انھوں نے ہندوستان میں ایسی صلاحیتوں کی تلاش کی جو فلم میں اچھا کرنے میں کامیاب ہوئے۔‘‘
Published: undefined
انوپم کھیر نے بھی سوشل میڈیا پر شیام بینیگل کے انتقال پر اپنا غم ظاہر کیا۔ انھوں نے لکھا کہ ’’عظیم فلمساز شیام بینیگل کے انتقال کے بارے میں جان کر بہت دکھ ہوا۔ وہ ہندوستانی سنیما میں اداکاروں، اسکرپٹ رائٹرس اور دیگر فنکاروں کے لیے مسیحا تھے۔ انھوں نے کہانیوں کو ناظرین کے سامنے الگ طرح سے رکھا۔ جب میں ان کی فلم ’منڈی‘ کی تیاری کے دوران ان سے ایک کردار مانگنے گیا تو انھوں نے میری طف دیکھا اور کہا تھا ’میرے پاس اس فلم میں آپ کے لیے کچھ خاص نہیں ہے اور مجھے نہیں لگتا کہ آپ کو کوئی چھوٹا کردار نبھانا چاہیے۔ آپ انتظار کیوں نہیں کرتے۔ ہو سکتا ہے کہ کچھ خاص آپ کے ہاتھ لگ جائے‘۔ اور جب ان کی فلم ’سارانش‘ بننے والی تھی تو وہ میرے لیے بے حد خوش تھے۔ الوداع شیام بابو۔ آپ کی صلاحیت اور ہمدردی کے لیے شکریہ۔ آپ کو اور آپ کی دلکش مسکان کو یاد کروں گا۔‘‘
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined