جولی ایل ایل بی 3 کے پوسٹر / بشکریہ ایکس
ممبئی: بالی ووڈ فلم ’جولی ایل ایل بی 3‘ کے خلاف دائر عرضی کو بامبے ہائی کورٹ نے خارج کر دیا ہے۔ فلم میں ججوں اور وکلاء کا مبینہ طور پر مذاق اُڑانے کے الزام میں ’ایسوسی ایشن فار ایڈنگ جسٹس‘ کی جانب سے وکیل چندر کانت گائیکواڑ کے ذریعے یہ عرضی دائر کی گئی تھی۔ عرضی میں مطالبہ کیا گیا تھا کہ فلم کی ریلیز پر پابندی لگائی جائے اور ’بھائی وکیل ہے‘ گانے کو ہٹایا جائے، جسے وکالت کے پیشے کے لیے توہین آمیز قرار دیا گیا تھا۔
Published: undefined
اس معاملے کی سماعت چیف جسٹس شری چندر شیکھر اور جسٹس گوتم انکھڈ کی بنچ نے کی۔ عرضی گزار کے وکیل دیپیش سیرویا نے دلیل دی کہ فلم کے ایک گانے اور منظر میں نہ صرف وکلاء بلکہ ججوں کا بھی مذاق اڑایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلم کے ایک سین میں ججوں کو ’مامو‘ کہا گیا ہے جو عدلیہ کے احترام کے خلاف اور توہین آمیز رویہ ہے۔
تاہم عدالت نے ان دلائل کو سننے کے بعد عرضی خارج کرتے ہوئے کہا کہ اس پر کسی قسم کی روک لگانے کی ضرورت نہیں ہے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے، ’’پہلے دن سے ہی ہمارا مذاق اڑایا جا رہا ہے۔ ہماری فکر مت کیجیے، ہمیں اس کی عادت ہے۔‘‘ عدالت نے یہ بھی کہا کہ محض طنز یا مذاق کی بنیاد پر فنکارانہ آزادی کو محدود نہیں کیا جا سکتا۔
Published: undefined
فلم کے پروڈیوسرز نے عدالت کو بتایا کہ اس سے پہلے بھی فلم کے خلاف ایک عرضی الہ آباد ہائی کورٹ میں داخل کی گئی تھی، جسے وہاں بھی خارج کر دیا گیا تھا۔
قابل ذکر ہے کہ ’جولی ایل ایل بی‘ سیریز کی پہلی دو فلمیں بھی عدالتوں اور وکلاء کے موضوع پر بنائی گئی تھیں۔ ارشد وارثی نے پہلی فلم میں مرکزی کردار ادا کیا تھا، جبکہ دوسری فلم میں اکشے کمار شامل ہوئے۔ اب تیسری قسط میں دونوں اداکار ایک ساتھ نظر آئیں گے۔ یہ فلم عدالتوں میں ہونے والے دلچسپ واقعات کو طنز و مزاح کے انداز میں پیش کرتی ہے۔
Published: undefined
فلم کے خلاف دائر عرضی میں کہا گیا تھا کہ گانے ’بھائی وکیل ہے‘ سے وکلاء کی ساکھ کو نقصان پہنچتا ہے اور عوام میں ان کے بارے میں غلط تاثر پیدا ہوتا ہے۔ تاہم عدالت نے واضح کر دیا کہ وکلاء اور جج اتنے کمزور نہیں کہ فلم یا گانے سے ان کے وقار کو دھچکا پہنچے۔
اس فیصلے کے بعد فلم کی ریلیز کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔ ’جولی ایل ایل بی 3‘ رواں ہفتے 19 ستمبر کو سینما گھروں میں پیش کی جائے گی۔ اس فلم میں اکشے کمار اور ارشد وارثی مرکزی کرداروں میں نظر آئیں گے۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined
تصویر سوشل میڈیا