
پوسٹر ’120 بہادر‘ / آئی اے این ایس
نئی دہلی: بالی ووڈ اداکار اور فلم ساز فرحان اختر کی نئی جنگ پر مبنی فلم ’120 بہادُر‘ کو دہلی حکومت نے ٹیکس فری قرار دے دیا ہے۔ فلم 21 نومبر کو ریلیز ہوئی تھی اور ایک ہفتے کے اندر ہی اسے دہلی میں یہ خصوصی رعایت مل گئی۔ فلم کو ملنے والے مثبت ردِ عمل اور عوامی دلچسپی کے بعد وزیرِ اعلیٰ ریکھا گپتا نے اسے ٹیکس سے مستثنیٰ کرنے کا اعلان کیا، جس کے بعد جمعہ سے راجدھانی میں فلم کا ٹکٹ کم قیمت میں دستیاب ہوگا۔
Published: undefined
فلم 120 بہار کو ٹیکس فری قرار دئے جانے کے بعد فرحان اختر نے اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر ایک خصوصی پوسٹ شیئر کی۔ انہوں نے فلم کا پوسٹر شیئر کرتے ہوئے لکھا، ’’دہلی میں اب ’120 بہادر‘ ٹیکس فری ہو گئی ہے۔ دہلی کی وزیرِ اعلیٰ ریکھا گپتا کا دل سے شکر گزار ہوں۔ ان کے اس تعاون سے بہادری کی یہ کہانی مزید لوگوں تک پہنچ سکے گی۔‘‘
Published: undefined
وزیرِ اعلیٰ ریکھا گپتا نے جمعرات کی رات ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر باضابطہ اعلان کرتے ہوئے بتایا تھا کہ یہ فلم 1962 میں ہونے والی ریزنگ لا کی تاریخی جنگ میں 13 کماؤں رجمنٹ کی چارلی کمپنی کے 120 جانبازوں کی قربانی اور غیر معمولی حوصلے کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔ انہوں نے لکھا کہ فلم نہ صرف ایک فوجی کمپنی کی داستان ہے بلکہ میجر شیطان سنگھ بھاٹی کی شجاعت اور قیادت کا بھی جامع تعارف کراتی ہے، جن کی بہادری ہندستان کی عسکری تاریخ میں ہمیشہ سنہری حروف میں یاد کی جاتی ہے۔
ریکھا گپتا نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ دہلی حکومت نے 28 نومبر سے فلم کو ٹیکس فری کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد اس متاثرکن کہانی کو دیکھ سکیں۔ انہوں نے فلم کے پروڈیوسرز اور پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ فلم نئی نسل کو سچے ہیروز کی قربانیوں سے روشناس کرانے کا بہترین ذریعہ ہے۔
Published: undefined
اس سے قبل سماجوادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو بھی فلم کی تعریف کر چکے ہیں۔ میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا تھا کہ فلم سرحدوں پر تعینات فوجیوں کی اصل بہادری اور قربانی کو اجاگر کرتی ہے۔ ان کے مطابق یہ کہانی نوجوانوں کو یہ سمجھنے میں مدد دیتی ہے کہ جنگ کے ماحول میں ایک سپاہی اور پورا ملک کس طرح سخت حالات کا سامنا کرتے ہیں۔ انہوں نے اسے ایسی فلم قرار دیا تھا جو ہر ہندوستانی کو ضرور دیکھنی چاہیے۔
یاد رہے کہ ’120 بہادر‘ ہندوستانی فوج کے ان 120 جانبازوں کی حقیقی کہانی پر مبنی ہے جنہوں نے ریزنگ لا کے محاذ پر دشمن کا سامنا انتہائی مشکل حالات میں بھی ڈٹے رہ کر کیا۔ دہلی میں فلم کو ٹیکس فری قرار دیے جانے کے بعد توقع ہے کہ زیادہ لوگ سینما گھروں کا رخ کریں گے اور اس تاریخی قربانی سے آگاہ ہوں گے۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined