ویڈیو: ’میری بات‘ میں شام کی جنگ، سیاسی تبدیلی اور ریاست کی تعمیرِ نو کے چیلنجز کا تجزیہ

’میری بات‘ میں شام کی حکومت کی تبدیلی کے بعد سیاسی استحکام، جنگ کے انسانی نقصانات، مہاجرین، ریاست کی تعمیرِ نو اور احتساب و انصاف کے چیلنجز کا تجزیہ کیا گیا

ملک شام میں بشار الاسد حکومت کے خاتمے کے بعد ملک ایک نئے سیاسی دور میں داخل ہو چکا ہے، تاہم تباہ حال ریاست کی تعمیرِ نو اور سیاسی استحکام اب بھی بڑے چیلنجز ہیں۔ ’میری بات‘ کی تازہ قسط میں قومی آواز کے ڈیجیٹل ایڈیٹر سید خرم رضا نے شام کی موجودہ صورتحال کا تجزیہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کا تختہ الٹنا نسبتاً آسان ہو سکتا ہے، لیکن مختلف مسلح گروہوں، نسلی و مذہبی برادریوں، سیاسی دھڑوں اور علاقائی طاقتوں کے مفادات کو ایک جامع سیاسی نظام میں سمویا جانا کہیں زیادہ مشکل مرحلہ ہے۔

پروگرام میں شام کی جنگ کے انسانی نقصانات پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔ جنگ کے نتیجے میں گھر، شہر، اسکول اور اسپتال تباہ ہوئے جبکہ لاکھوں افراد بے گھر ہو کر ترکی، لبنان، اردن، عراق اور مصر سمیت مختلف ممالک میں پناہ لینے پر مجبور ہوئے۔ قسط میں حکومت کی تبدیلی کے بعد احتساب، انتقام اور انصاف کے درمیان توازن، سابق حکومتی اہلکاروں کے خلاف کارروائیوں اور سابق گرینڈ مفتی احمد بدرالدین حسون کے معاملہ کا بھی جائزہ لیا گیا۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔