قومی آواز بلیٹن: راہل گاندھی نے مزدوروں کے لیے اٹھائی آواز؛ آج سے ریل ٹکٹوں کی بکنگ شروع

پیش خدمت ہیں آج کی کچھ اہم خبریں: بحرین میں ایک ہی فیملی کے 16 اراکین افطار پارٹی میں شرکت کے بعد کورونا کے شکار؛ یو پی میں سابق رکن پارلیمنٹ دھننجے سنگھ گرفتار

user

قومی آوازبیورو

مزدوروں کے حقوق روندنا کسی بھی طرح مناسب نہیں: راہل گاندھی کا ٹوئٹ

کانگریس پارٹی کے سابق صدر راہل گاندھی نے لاک ڈاؤن کے درمیان کچھ ریاستوں کی طرف سے لیبر قوانین میں ترمیم کیے جانے کے فیصلے کی سخت الفاظ میں مخالفت کی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ اس وقت ملک کورونا سے لڑ رہا ہے اور کسی کو بھی مزدوروں کے بنیادی حقوق روندنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی ہے۔ راہل گاندھی نے اس سلسلے میں ایک ٹوئٹ کیا جس میں انھوں نے لکھا ہے”کئی ریاستوں کے ذریعہ لیبر ایکٹ میں ترمیم کی جا رہی ہے۔ ہم کورونا کے خلاف مل کر جدوجہد کر رہے ہیں، لیکن یہ ترامیم انسانی حقوق کو روندنے، غیر محفوظ کام کے مقام کی اجازت، مزدوروں کے استحصال اور ان کی آواز دبانے کا بہانہ نہیں ہو سکتیں۔ ان بنیادی اصولوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا۔“ واضح رہے ایسی باتیں سامنے آئی ہیں کہ باہر سے سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لئے کچھ ریاستوں میں لیبر قوانین میں ترامیم کی گئی ہیں۔


اتر پردیش میں سابق رکن پارلیمنٹ دھننجے سنگھ گرفتار، 14 دن کے لئے بھیجے گئے جیل

اترپردیش کے ضلع جونپور کے لائن بازار تھانے کی پولیس نے سیور ٹریٹمنٹ پلانٹ کے پروجیکٹ منیجر کو اغوا کرنے اور اسے دھمکانے کے الزام میں سابق رکن پارلیمنٹ دھننجے سنگھ کو گرفتار کر کے 14 دنوں کی عدالتی حراست میں جیل بھیج دیا گیا ہے۔ عدالت سے جیل جاتے وقت سابق رکن پارلیمان نے میڈیا نمائندوں سے کہا کہ انہیں جونپور کے رکن اسمبلی و ریاست کے وزیر مملکت برائے رہائش گاہ گریش چند یادو کے اشارے پر گرفتار کیا گیا ہے۔

آج سے ریل ٹکٹوں کی بکنگ شروع، راجدھانی ٹرین جتنا ہوگا کرایہ

ملک میں کورونا اور لاک ڈاؤن کے درمیان ریلوے نے ٹرین سروس شروع کرنے کا اعلان کیا ہے اور آج شام 4 بجے سے ٹکٹوں کی بکنگ شروع بھی ہو گئی ہے، ٹکٹ صرف آئی آر سی ٹی سی کی ویب سائٹ www.irctc.co.in پر دستیاب ہوں گے، اسٹیشنوں پر موجود ٹکٹ کھڑکیاں بند رہیں گی، پلیٹ فارم ٹکٹ سمیت کوئی ٹکٹ جاری نہیں ہوں گے۔ ریلوے آغاز میں 15 ٹرینیں یعنی اپ اور ڈاؤن 30 ٹرینیں چلائے گی، اس میں حکومت کی جانب سے نشان زدہ ضرورت مند لوگ ہی سفر کر پائیں گے، ان ٹرینوں میں صرف وہی لوگ سفر کر پائیں گے جن کا ٹکٹ کنفرم ہوگا۔ واضح رہے کامگاروں اور مزدوروں کے لئے چل رہی خصوصی ٹرینیں چلتی رہیں گی۔

ان ٹرینوں کا کرایہ راجدھانی ایکسپریس جتنا ہوگا، فی الحال دہلی سے جن شہروں کے لئے ٹرینیں چلیں گی ان میں اگرتلا، ہاوڑہ، پٹنہ، بلاسپور، رانچی، بھوبنیشور، سکندرآباد، بنگلور، چنئی، ترواننتا پورم، مڈگاؤں، ممبئی سینٹرل، احمد آباد اور جموں شامل ہیں۔


ٹرک حادثہ میں 2 مزدوروں کی موت، 7 دیگر زخمی

اترپردیش کے ضلع گورکھپور میں پیر کو حیدرآباد سے گاؤں آرہے مزدوروں سے بھرے ٹرک کے پلٹ جانے سے دو لوگوں کی موت ہوگئی، جبکہ دیگر سات زخمی ہوگئے۔ پولیس ذرائع نے یہاں بتایا کہ مہاراج گنج چوکی تھانہ علاقے کے بریار پور گاؤں کے کچھ مزدور حیدرآباد سے ایک ٹرک میں سوار ہوکر گھر واپس آرہے تھے۔ اس درمیان کسرول کے نزدیک ٹرک بے قابو ہوکر پلٹ گیا۔ اس حادثے میں 35 سالہ پرشورام گوڑ اور25 سالہ راہل کیوٹ کی موقع پر ہی موت ہوگئی جبکہ دیگر سات زخمی ہوگئے۔ سبھی زخمیوں کو گورکھپور میں واقع ضلع اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔

روس میں کورونا متاثرین کی تعداد میں اضافہ جاری، متاثرین کی تعداد 2 لاکھ 21 ہزار سے زیادہ

  • روس میں کورونا متاثرین کے معاملوں میں مستقل اضافہ ہو رہا ہے اور وہاں اب تک 2 لاکھ 21 ہزار سے زیادہ افراد کورونا سے متاثر ہو چکے ہیں لیکن روس میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد صرف 2009 ہے۔
  • پوری دنیا میں آخری اعداد و شمار ملنے تک 2 لاکھ 84 ہزار افراد اس وبا سے جاں بحق ہو چکے ہیں جبکہ کورونا متاثرین کی تعداد 42 لاکھ کے قریب پہنچ گئی ہے۔
  • امریکہ میں متاثرین کی تعداد ساڑھے 13 لاکھ سے زیادہ ہو گئی ہے اور وہاں اموات کی تعداد ساڑھے 80 ہزار سے زیادہ ہو گئی ہے۔
  • برطانیہ میں کورونا سے ہونے والی اموات کی تعداد 31 ہزار سے زیادہ ہے۔ اٹلی میں اس وبا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 30 ہزار سے زیادہ ہے۔ اسپین اور فرانس میں یہ تعداد 26 ہزار سے زیادہ ہے۔

مہنگی پڑی افطار پارٹی، ایک ہی خاندان کے 16 افراد کورونا کی گرفت میں

عالمی وبا کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے اس ماحول میں بھی بحرین کا ایک خاندان افطار پارٹی میں جانے کی خواہش ترک نہیں کر پایا اور 16 اراکین کے ساتھ وائرس لے کر گھر لوٹا۔ دراصل جس افطار پارٹی میں یہ خاندان شامل ہوا وہاں ان کا ایک رشتہ دار بھی آیا ہوا تھا جو کورونا سے متاثر رہا ہوگا اور اسی کے رابطے میں آنے پر یہ سولہ لوگ متاثر ہوئے ہیں۔ بحرین کے محکمہ صحت نے ٹوئٹ کرکے یہ اطلاع دی ہے۔

وزارت نے بتایا کہ افطارمیں شامل ان لوگوں نے وائرس سے بچنے کے احتیاطی اقدامات مثلا بھیڑ میں شرکت سے بچنا، ماسک پہننا اور سوشل ڈسٹنسنگ پر عمل نہیں کیا جس کے نتیجے میں یہ اس وائرس کی چپیٹ میں آ گئے۔

قومی آواز کے قارئین و ناظرین سے ضروری گزارش، لاک ڈاؤن کے ضوابط کی پابندی ضرور کریں۔ شکریہ

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔