قومی آواز بلیٹن: کورونا مریض نے مرنے سے قبل بنایا دردناک ویڈیو؛ پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر دہشت گردانہ حملہ، 5 شہری ہلاک

پیش خدمت ہے آج کی کچھ اہم خبریں: کیجریوال نے دہلی میں پہلا پلازمہ بینک قائم کرنے کا کیا اعلان؛ سید علی شاہ گیلانی حریت کانفرنس سے علیحدہ؛ دہلی کے شیلٹر ہوم میں 23 کورونا مریض ملنے سے افرا تفری

user

قومی آوازبیورو

’’انھوں نے میرا وینٹی لیٹر ہٹا دیا، میں مر رہا ہوں‘‘ مرنے سے پہلے کورونا مریض نے بنایا ویڈیو

کووڈ-19 انفیکشن میں مبتلا مریض طرح طرح کے مسائل سے دو چار ہیں۔ کہیں بیڈ موجود نہیں ہے، کہیں آکسیجن کا انتظام نہیں ہے تو کہیں وینٹی لیٹر کا مسئلہ ہے۔ ہندوستان کے کئی اسپتالوں میں مریضوں کے ساتھ ہو رہے ناروا سلوک اور بدنظمی کی خبریں لگاتار سامنے آ رہی ہیں۔ اس درمیان حیدر آباد کے ایک کورونا مریض کا ایسا ویڈیو سامنے آیا ہے جو انتہائی دردناک ہے۔ مریض نے اپنے مرنے سے کچھ دیر پہلے ہی اس ویڈیو کو بنایا اور بتایا کہ کس طرح ڈاکٹروں نے اس کا وینٹی لیٹر ہٹا دیا اور بار بار کہنے کے باوجود دوبارہ نہیں لگایا گیا۔

دراصل کورونا کے 35 سالہ ایک مریض نے بہت مشکل حالات میں ایک ویڈیو بنا کر اپنے اہل خانہ کو بھیجا تھا جس کی بنیاد پر مرنے والے کے والد نے الزام عائد کیا ہے کہ اسپتال انتظامیہ نے ان کے بٹیے کے علاج میں لاپروائی برتی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ نوجوان کو کورونا انفیکشن کا علاج کرانے کے لیے گزشتہ 24 جون کو حیدر آباد کے سٹی ہاسپیٹل میں داخل کرایا گیا تھا، لیکن گزشتہ جمعہ کو اس کی موت ہو گئی۔ اپنی موت سے ٹھیک پہلے جو ویڈیو نوجوان نے گھر والوں کو بھیجا تھا اس میں وہ کافی تکلیف میں نظر آ رہا تھا اور وینٹی لیٹر مہیا نہ کیے جانے کی بات کی تھی۔


سید علی شاہ گیلانی نے حریت کانفرنس سےعلیحدگی کا اعلان کیا

حریت کانفرنس کے چیئرمین اور عمر رسیدہ لیڈر سید علی شاہ گیلانی نے پیر کے روز اچانک حریت فورم سے مکمل علیحدگی اختیار کرنے کا اعلان کردیا۔ حریت فورم سے علیحدگی اختیار کرنے کا اعلان کرتے ہوئے موصوف نے اپنا ایک مختصر آڈیو پیغام جاری کیا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ ’حریت کانفرنس کی موجودہ صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے میں اس فورم سے علیحدگی اختیار کرنے کا اعلان کرتا ہوں، اس فیصلہ سے فورم کی تمام اکائیوں کو ایک تفصیلی مکتوب کے ذریعہ مطلع کیا گیا ہے‘۔ اس سلسلے میں شعبہ نشر و اشاعت کی طرف سے سید علی شاہ گیلانی کے ذاتی لیٹر ہیڈ پر بھی ایک پریس ریلیز جاری کی گئی ہے۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر دہشت گردانہ حملہ، 5 شہریوں کی موت، 4 حملہ آور بھی ہلاک

کراچی میں واقع پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں گولی باری اور گرینیڈ حملہ میں کم و بیش 5 شہریوں کی ہلاکت کی خبر موصول ہوئی ہے۔ اس دہشت گردانہ حملہ میں 3 شہری زخمی بھی ہو گئے ہیں جن کو علاج کے لیے قریبی اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔ جیو نیوز کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسٹاک ایکسچینج کی عمارت میں 4 دہشت گردوں نے صبح دس بجے حملہ کر دیا اور پھر گولی باری شروع کردی۔ پولس کا کہنا ہے کہ سبھی دہشت گرد جوابی کارروائی کے دوران مارے گئے۔ دہشت گردوں نے عمارت کے مین گیٹ پر گرینیڈ سے حملہ کیا تھا اور پھر اندھا دھند گولی باری کے بعد عمارت کے اندر داخل ہو گئے تھے۔


دہلی کے شیلٹر ہوم میں 8 بچوں سمیت 23 کورونا مریض ملنے سے افرا تفری

شیلٹر ہوم میں کورونا پھیلنے کا خطرہ دن بہ دن بڑھتا ہی جا رہا ہے۔ ابھی زیادہ دن نہیں ہوئے ہیں جب اتر پردیش کے ایک شیلٹر ہوم میں کئی لڑکیوں کے کورونا پازیٹو ہونے کی خبرسامنے آئی تھی۔ اب دہلی کے شیلٹر ہوم میں بھی کچھ ایسا ہی معاملہ سامنے آیا ہے۔ میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق دہلی کے روہنی علاقہ میں ذہنی طور سے معذور لوگوں کے لیے بنے آشا کرن شیلٹر ہوم میں کم از کم 23 لوگوں میں کورونا انفیکشن کی تشخیص ہوئی ہے۔ اس خبر کے بعد شیلٹر ہوم میں ایک افرا تفری کا ماحول دیکھنے کو مل رہا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ کورونا پازیٹو پائے جانے والوں میں بچے، وہاں رہ رہے معذور افراد اور شیلٹر ہوم کے ملازم بھی شامل ہیں۔ خبروں کے مطابق دہلی حکومت کے محکمہ سماجی فلاح و بہبود کے ذریعہ چل رہے اس شیلٹر ہوم میں 960 معذور افراد کو رکھا گیا ہے جب کہ اس کی صلاحیت 550 لوگوں کی ہی ہے۔

دہلی میں قائم ہوگا پہلا پلازمہ بینک، کیجیریوال کا اعلان

دہلی کے وزیراعلی اروند کیجریوال نے اعلان کیا ہے کہ دہلی حکومت پلازمہ بینک قائم کرے گی۔ صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی نے اعلان کیا ہے کہ دہلی حکومت پلازمہ بینک قائم کرے گی اور ایسا کرنے والی وہ ملک کی پہلی ریاستی حکومت ہوگی۔ انہوں نے کووڈ سے ٹھیک ہونے والے مریضوں سے اپیل کی ہے کہ وہ پلازمہ ڈونیٹ کریں۔ وزیراعلی نے ایل این جے پی کے ڈاکٹر اسیم گپتا کے گھر والوں کو ایک کروڑ روپے کی مدد دینے کا اعلان کیا ہے۔ واضح رہے ڈاکٹر گپتا کورونا کے مریضوں کا علاج کر رہے تھے اور ان کی کورونا سے ہی موت ہو گئی ہے۔


دہلی ہائی کورٹ میں 15 جولائی تک کام بند

دہلی میں کورونا کے بڑھتے معاملات کی وجہ سے دہلی ہائی کورٹ نے اعلان کیا ہے کہ دہلی ہائی کورٹ اور دہلی کی نچلی عدالتوں کو 15 جولائی تک کے لئے بند کر دیا گیا ہے۔ واضح رہے صرف انتہائی ضروری معاملوں کی سنوائی ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ ہوگی۔

قومی آواز کے قارئین و ناظرین سے گزارش، اپنا خیال رکھیں، سماجی دوری بنائے رکھیں، شکریہ

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */