قومی آواز بلیٹن: بھکمری کا مسئلہ، امریکہ میں قہر اور حیدرآبادی ماں کی ہمت سمیت دن بھر کی اہم خبریں

پیش خدمت ہیں دن بھر کی کچھ اہم خبریں، تفصیلی خبروں کے لئے دیکھیں ویڈیو:

user

قومی آوازبیورو

کورونا بحران: بڑی آبادی کو بھکمری سے بچانا پہلی ضرورت

کورونا وائرس صرف ہیلتھ ایمرجنسی کے لیے چیلنج پیش نہیں کر رہا ہے بلکہ یہ معاشی و اقتصادی خطرہ بھی پیش کر رہا ہے اور اس کی وجہ سے ملک کو جنگ جیسے حالات سے رو برو ہونا پڑے گا۔ کووڈ-19 کے حملے میں صرف طلب ہی نہیں، ملک بھر میں سپلائی کا پورا سسٹم ہی منہدم ہو گیا ہے۔ پروڈکشن دھیرے دھیرے بالکل ہی ختم ہو گیا ہے۔ اندازہ ہے کہ کم از کم 14 کروڑ ہندوستانی اگلے مہینوں میں بے روزگار ہو جائیں گے۔


امریکہ میں 20 لاکھ ٹیسٹ، ہندوستان میں کافی کم

ہندوستان سمیت پوری دنیا میں کورونا وائرس نے کہرام مچا رکھا ہے۔ اس مہلک بیماری کے خلاف پوری دنیا میں جنگ جاری ہے۔ سبھی ممالک اپنے اپنے طریقے سے اس کے خلاف لڑائی لڑ رہے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس مہلک بیماری کے خلاف دو سب سے اہم ہتھیار ہیں... ایک ہے احتیاط اور دوسرا ٹیسٹ۔ امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا کہ ملک میں کووڈ-19 انفیکشن کی جانچ کے لیے اب تک 20 لاکھ (2 ملین) سے زیادہ ٹیسٹ کرائے جا چکے ہیں۔

جرمنی میں متاثرین کے مقابلہ کم اموات، امریکہ میں قہر جاری

کورونا وائرس کے خلاف لڑائی میں جوملک سب سے آگے نظر آ رہا ہے وہ جرمنی ہے۔ جہاں پوری دنیا میں کورونا سے ہونے والی ہلاکتوں میں بہت تیزی کے ساتھ اضافہ دیکھا جا رہا ہے وہیں جرمنی میں متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 18ہزار ہونے کے با وجود اموات کی تعداد 2607 ہے۔


کتوں کے گوشت پر پابندی عائد کرنے کی تیاری!

چین میں کتوں کو انسانی کھانے کے دائرے سے باہر نکال کر دنیا کے دیگر مہذب ممالک کا کلچر اپناتے ہوئے پالتو جانوروں میں شامل کیا جا رہا ہے۔ یہ چین کی طرف سے کتوں کے گوشت پر مکمل پابندی کی جانب ابتدائی قدم ہے جس کا مقصد چینیوں کو یہ باور کرانا ہے کہ کتوں کو انسانی استعمال کے مویشیوں کا حصہ نہیں سمجھا جانا چاہیے۔چین کی وزارت زراعت و دیہی امور کی جانب سے مویشیوں کی اس فہرست پر نظرثانی کی جارہی ہے جن کی تجارت گوشت کے لئے کی جاسکتی ہے۔ واضح رہے کہ نئے نوول کورونا وائرس کی وبا پھیلنے کے بعد چین میں جانوروں کی تجارت اور استعمال پر دو ماہ قبل ہی پابندی لگا دی گئی تھی۔ یہ قدم یہ مان کر اٹھایا گیا تھا کہ جانوروں کے ایک بازار سے ہی کووڈ 19 کی وبا پھیلی تھی۔

چودہ سو کلومیٹر اسکوٹی چلا کر بیٹے کو گھر لائی حیدرآبادی ماں

ایسے وقت میں جب کورونا وائرس کی وجہ سے نافذ ہوئے لاک ڈاؤن کے دوران پڑوس میں جانا بھی مشکل ہو رہا ہے، تلنگانہ کی ایک خاتون نے آندھرا پردیش میں پھنسے اپنے لخت جگر کو گھر واپس لانے کے لئے 1400 کلومیٹر سکوٹی چلائی۔ بودھن قصبہ کی اسکول ٹیچر رضیہ بیگم برقع پہن کر اپنے دو پہیے سے نکلیں اور تمام مشکلات کا سامنا کرتے ہوئے ضلع نیلور تک سفر طے کر کے اپنے بیٹے کو واپس لائیں۔ ان کا بیٹا محمد نظام الدین تقریباً دو ہفتوں سے ضلع نیلور کے رحمت آباد میں پھنسا ہوا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔