ثانیہ مرزا کے امید سے ہونے کی چہ میگوئیاں

ثانیہ مرزا اور شعیب ملک کی جانب سے بیک وقت ایک ہی تصویر شیئر کیے جانےاور اس میں ’مرزا ملک‘ کے الفاظ لکھے ہوئے دکھائی دینے سے پتہ چلتا ہے کہ ان کے یہاں جلد بچے کی پیدائش ہونے والی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نئی دہلی: ہندوستان کی سرکردہ خاتون ٹینس کھلاڑی ثانیہ مرزا اور ان کے شوہر شعیب ملک کے ایک ساتھ سوشل میڈیا پر ٹوئٹ سے مختلف حلقوں میں ثانیہ مرزا کے امید سے ہونے سے متعلق چہ میگوئیاں شروع ہوگئی ہیں۔ ثانیہ مرزا نے جو تصویر ٹوئٹ کی ہے اس سے ثانیہ مرزا کے حاملہ ہونے کی خبروں کو تقویت ملتی ہے۔اسی تصویر کو ان کے پاکستانی کرکٹر شوہر شعیب ملک نے بھی ٹوئٹ کیا ہے۔

رواں ماہ 9 اپریل کو ہندستانی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے ایک پروگرام کے دوران انکشاف کیا تھا کہ انہوں نے اپنے بچے کا نام طے کرلیا ہے۔ثانیہ مرزا کا کہنا تھا کہ اگرچہ ان کے پاکستانی شوہر شعیب ملک چاہتے ہیں کہ ان کے یہاں پہلے بیٹی پیدا ہو، تاہم ان کے ہاں جو بھی بچہ پیدا ہوگا، انہوں نے ان کا نام طے کرلیا ہے۔ثانیہ مرزا نے بتایا تھا کہ دونوں میاں بیوی نے طے کیا ہے کہ ان کے بچے کے نام کے آخر میں ’مرزا ملک‘ لگایا جائے گا، جس کا مطلب یہ ہوگا کہ بچہ دونوں خاندانوں کے نام آگے بڑھائے گا۔

ٹوئٹر پر جو تصویر شیئر کی گئی ہے، اس میں بچوں کے کپڑے اور دیگر چیزیں دکھائی گئی ہیں اور اس تصویر میں ’مرزا ملک‘ لکھا ہوا نظر آ رہا ہے۔دونوں نے تصویر کو کیپشن دیے بغیر ہی شیئر کیا، تاہم ثانیہ مرزا نے لکھا کہ ’بے بی مرزا ملک‘۔

ثانیہ مرزا اور شعیب ملک کی جانب سے بیک وقت ایک ہی تصویر شیئر کیے جانے، اس میں بچوں کے کپڑے اور دیگر چیزیں دکھائے جانے اور اس میں ’مرزا ملک‘ کے الفاظ لکھے ہوئے دکھائی دینے سے پتہ چلتا ہے کہ ان کے ہاں جلد بچے کی پیدائش ہونے والی ہے۔

شعیب ملک نے کہا کہ ہم زندگی کے اس نئے دور میں داخل ہونے پر بہت پرجوش ہیں۔ ہم ایک عرصے سے اس بارے میں سوچ رہے تھے اور ہماری نظریں والدین کی حیثیت سے اپنا سفرشروع کرنے پر مرکوز ہیں۔ ہم اس موقع پر بہت خوش ہیں اور یہ بات اپنے شائقین اور چاہنے والوں سے شیئر کرنا چاہتے ہیں۔

ثانیہ مرزا نے بھی اپنے بیان میں خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم جلد والدین بن جائیں گے۔ ہم دونوں سمجھتے ہیں کہ یہ فیملی شروع کرنے کا صحیح وقت ہے اور زندگی کے اس نئے دور میں داخل ہونے کے حوالے سے بہت خوش ہیں۔خیال رہے کہ شعیب ملک اور ثانیہ مرزا نے 8 سال قبل اپریل 2010 میں شادی کی تھی، شادی کے بعد بھی دونوں کھلاڑی اپنے اپنے ملک کے لیے کھیل کھیلتے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 24 Apr 2018, 10:52 AM
/* */