یو پی: ایشین پیرا گیمز میں 3 بار گولڈ میڈل جیتنے والے نیرج یادو نے کی خودکشی
اتر پردیش کے رہنے والے نیرج ہندوستان کے معروف پیرا ایتھلیٹس میں شمار کیے جاتے تھے۔ انہوں نے تقریباً 7 برسوں تک وہیل چیئر ٹینس کھیلنے کے بعد 2015 میں ایتھلیٹکس میں اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا۔

ایشین پیرا گیمز میں جویلن تھرو کے چمپئن رہ چکے نیرج یادو نے منگل کے روز اپنے فلیٹ پر خودکشی کر لی۔ واضح رہے کہ نیرج یادو 3 بار طلائی تمغہ جیت چکے تھے۔ نیشنل چیف پیرا ایتھلیٹکس کوچ ایس ستیہ نارائن نے بدھ (28 اکتوبر) کو ’آئی اے این ایس‘ سے بتایا کہ ’’نیرج نے اپنے فلیٹ میں خودکشی کر لی ہے۔ یہ انتہائی افسوسناک اور دل دہلا دینے والا واقعہ ہے۔ اس قدم کے پیچھے کی وجہ کا اب تک پتہ نہیں چل سکا ہے۔‘‘
اتر پردیش کے رہنے والے نیرج ہندوستان کے معروف پیرا ایتھلیٹس میں شمار کیے جاتے تھے۔ انہوں نے تقریباً 7 برسوں تک وہیل چیئر ٹینس کھیلنے کے بعد 2015 میں ایتھلیٹکس میں اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا۔ انہوں نے 2016 میں فازا گرینڈ پرکس میں مردوں کے شاٹ پٹ اور ڈسکس ایف55 مقابلوں میں چاندی کے تمغے جیتے تھے۔ 2018 ایشین پیرا گیمز میں انہوں نے 29.84 میٹر کا ایشین ریکارڈ قائم کرتے ہوئے گولڈ میڈل جیتا تھا۔ نیرج نے اکتوبر 2023 میں چین کے ہانگژو میں منعقدہ ایشین پیرا گیمز میں 2 گولڈ میڈل جیتے تھے۔ ان میں ایف 54/55/56 کلاس میں ڈسکس تھرو اور مردوں کے ایف 55 زمرے میں جویلن تھرو کا گولڈ میڈل شامل تھا۔
2022 میں انہوں نے مراکش میں ماراکیچ پیرا ایتھلیٹکس گرینڈ پرکس میں نیا ہندوستانی قومی ریکارڈ قائم کرتے ہوئے گولڈ میڈل جیتا تھا۔ نیرج کو 7 برس کی عمر میں پولیو ہونے کا پتہ چلا تھا۔ اس کے بعد انہوں نے وہیل چیئر کے سہارے کھیلوں کے میدان میں نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔ تقریباً 7 برسوں تک وہیل چیئر ٹینس کھیلنے کے بعد انہوں نے 2015 میں ایتھلیٹکس میں اپنے کیریئر کا آغاز کیا۔ جلد ہی وہ ہندوستانی دستے میں شامل ہو گئے۔ انڈونیشیا میں 2018 کے ایشین پیرا گیمز میں جویلن تھرو کے ایف 55 زمرے میں گولڈ میڈل جیتنے سے انہیں بڑی پہچان ملی۔ نیرج کو 2015 کے دہلی اسٹیٹ ایتھلیٹکس میٹ میں کامیابی ملی تھی۔ انہوں نے شاٹ پٹ، جویلن تھرو اور ڈسکس کے مقابلوں میں گولڈ میڈل جیتے تھے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
