وزارت کھیل نے ہندوستانی ٹیبل ٹینس فیڈریشن کی منظوری منسوخ کر دی
ہندوستانی وزارت کھیل نے انڈین اولمپک ایسوسی ایشن (آئی او اے) سے کہا کہ ایک ایڈ-ہاک کمیٹی بنائی جائے، جو ملک میں ٹیبل ٹینس کے معاملات کی نگرانی کرے جب تک کہ صحیح گورننس اسٹرکچر بحال نہ ہو جائے۔

وزارت کھیل نے ہندوستانی ٹیبیل ٹینس فیڈریشن کو بڑا جھٹکا دیا ہے۔ انتظامی خامیوں کا حوالہ دیتے ہوئے فیڈریشن کی منظوری کو منسوخ کر دیا گیا ہے۔ فیڈریشن کی طرف سے بار بار انتظامی ناکامی دیکھنے کو مل رہی تھی۔ کھلاڑیوں کے معاملے میں شفافیت بھی ایک مسئلہ بنی ہوئی تھی۔ انہی تمام وجوہات کے پیش نظر یہ فیصلہ لیا گیا۔ بدھ (12 اگست) کو خبر رساں ایجنسی (پی ٹی آئی) کی رپورٹ میں ٹیبل ٹینس فیڈریشن کی منظوری ختم کرنے کی بات کی گئی۔ ہندوستانی وزارت کھیل نے انڈین اولمپک ایسوسی ایشن (آئی او اے) سے کہا کہ ایک ایڈ-ہاک کمیٹی بنائی جائے، جو ملک میں ٹیبل ٹینس کے معاملات کی نگرانی کرے جب تک کہ صحیح گورننس اسٹرکچر بحال نہ ہو جائے۔
حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ ’’آئی او اے بین الاقوامی ادارے (آئی ٹی ٹی ایف) سے مشاورت کر کے ایک اندرونی ریگولیٹری نظام بنانے کے لیے ضروری اقدامات کرے گا۔ اس میں ایک ایڈ-ہاک کمیٹی بنانا بھی شامل ہے۔ یہ تب تک کیا جائے گا جب تک ٹی ٹی ایف آئی میں صحیح طریقے سے گورننس اسٹرکچر بحال نہیں ہو جاتا۔‘‘ وزارت کی جانب سے کہا گیا کہ وقت پر انتخاب نہ کرا پانا اور پہلے جاری کیے گئے وجہ بتاؤ نوٹس کا اطمینان بخش جواب نہ دینا بھی معطلی کی وجوہات میں سے ایک رہا۔ واضح رہے کہ یہ صاف نہیں کیا گیا ہے کہ منظوری کب تک کے لیے منسوخ کی گئی ہے اور اسے کب بحال کیا جائے گا۔
قابل ذکر ہے کہ ہندوستان کی ٹیبل ٹینس فیڈریشن میں کام کاج اور مینجمنٹ کو لے کر ہمیشہ سے خدشات رہے ہیں۔ ہندوستان کی ٹاپ کھلاڑی منیکا بترا نے 2021 میں نیشنل کوچ سومیہ دیپ رائے پر الزام عائد کیا تھا کہ انہوں نے اپنے ذاتی ٹرینی کو فائدہ پہنچانے کے لیے منیکا پر میچ ہارنے کا دباؤ ڈالا تھا۔ مفادات کے ٹکراؤ کے اس سنگین معاملے میں دہلی ہائی کورٹ نے 2022 میں فیڈریشن کی ایگزیکٹو کمیٹی کو معطل کر دیا تھا اور اس کے طریقۂ کار کو انتہائی خراب صورتحال قرار دیا تھا۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
