دوسرا ونڈے: بارش سے متاثرہ کم اسکور والے دلچسپ مقابلے میں ہندوستان نے نیوزی لینڈ کو 4 رنز سے دی شکست

پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ جیتنے والے گرنور برار نے 10 اوور میں 30 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔ ان کے علاوہ عاقب نبی، انشل کمبوج اور اکشر پٹیل کو 2-2 وکٹیں ملیں۔

<div class="paragraphs"><p>گرنور برار، تصویر، سوشل میڈیا&nbsp;@BCCI</p></div>
i

ہندوستان نے نیوزی لینڈ کو بارش سے متاثرہ دوسرے ونڈے میں ’ڈک ورتھ لوئس‘ اصول کے تحت 4 رنز سے شکست دے دی۔ اس جیت کے ساتھ ہی ہندوستانی ٹیم نے 5 میچوں کی سیریز میں 2-0 کی برتری حاصل کر لی ہے۔ بارش کے باعث مقابلہ تاخیر سے شروع ہوا اور دونوں ٹیموں کے لیے اوور کی تعداد گھٹا کر 47-47 کر دی گئی۔ ٹاس ہار کر پہلے بلے بازی کرنے اتری نیوزی لینڈ کی ٹیم 41 اوور میں محض 134 رنز پر سمٹ گئی۔

نیوزی لیند نے 1.5 اوور میں ٹم سیفرٹ (0) کی شکل میں اپنا پہلا وکٹ گنوا دیا، اس وقت تک ٹیم کا کھاتہ بھی نہیں کھل سکا تھا۔ یہاں سے ہینری نکولس (11) نے ول ینگ (6) کے ساتھ 11 رنز اور ڈیرل مچل کے ساتھ 12 رنز کی شراکت داری کرتے ہوئے کسی طرح ٹیم کا اسکور 23 رنز تک پہنچایا۔ اس کے بعد ڈیرل مچل نے ٹام لیتھم (7) کے ساتھ چوتھے وکٹ کے لیے 30 رنز، جبکہ کپتان سینٹنر کے ساتھ چھٹے وکٹ کے لیے 59 رنز کی شراکت داری کرتے ہوئے کیوی ٹیم کو 100 رنز کے پار پہنچا دیا۔ سینٹنر 38 گیندوں میں 2 چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 31 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ مچل نے 104 گیندوں میں 2 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 55 رنز کی اننگ کھیلی۔ پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ جیتنے والے گرنور برار نے 10 اوور میں 30 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔ ان کے علاوہ عاقب نبی، انشل کمبوج اور اکشر پٹیل کو 2-2 وکٹیں ملیں۔


134 رنز کا معمولی ہدف تعاقب کرنے اتری ہندوستانی ٹیم کی شروعات بھی اچھی نہیں رہی۔ ہندوستان نے محض 4 رنز کے اسکور پر کپتان شبھمن گل (0) کا وکٹ گنوا دیا۔ اس کے بعد وراٹ کوہلی میدان میں اترے، لیکن وہ روہت شرما کے ساتھ دوسرے وکٹ کے لیے صرف 13 رنز ہی جوڑ سکے۔ ہندوستان نے 17 رنز کے اسکور پر دوسرا وکٹ گنوا دیا۔ روہت نے شریئس ایئر کے ساتھ تیسرے وکٹ کے لیے 22 رنز کی شراکت داری کی، لیکن روہت (23) کے آؤٹ ہونے کے بعد اکشر پٹیل (7) بھی زیادہ دیر تک کریز پر نہیں ٹک سکے اور ہندوستان نے 47 رنز کے اسکور تک چوتھا وکٹ بھی گنوا دیا۔ اس کے بعد کے ایل راہل (ناٹ آؤٹ 26) نے ذمہ داری سنبھالی۔ انہوں نے شریس ایئر (30) کے ساتھ پانچویں وکٹ کے لیے 43 گیندوں میں 39 رنز کی شراکت داری کی، جبکہ نمن دھیر (12) کے ساتھ چھٹے وکٹ کے لیے 22 رنز جوڑے۔

ہندوستانی ٹیم نے 108 رنز کے اسکور پر اپنا چھٹا وکٹ گنوا دیا اور اس کے بعد انشل کمبوج  ساتویں وکٹ کی شکل میں 1 رن بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ ہندوستان نے 26 اوور میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 113 رنز بنا لیے تھے کہ بارش نے کھیل روک دیا۔ بارش رکنے کا کافی دیر تک انتظار کیا گیا، لیکن کھیل دوبارہ شروع نہ ہونے پر ڈک ورتھ لوئس اصول کے تحت ہندوستان کو فاتح قرار دے دیا گیا۔ میزبان ٹیم کی جانب سے جیمیسن اور جیکب ڈفی نے 3-3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ میتھیو فشر نے ایک وکٹ حاصل کی۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔