آخری مقابلے کے بعد خوب روئے روجر فیڈرر، طویل مدت تک رینکنگ میں نمبر-1 رہنے والے فیڈرر کے 10 اہم ریکارڈس

فیڈرر کے نام سب سے زیادہ عمر میں ومبلڈن جیتنے کا ریکارڈ درج ہے، انھوں نے 2017 میں 35 سال 342 دن کی عمر میں ومبلڈن خطاب جیتا تھا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

مشہور و معروف ٹینس کھلاڑی روجر فیڈرر نے 23 ستمبر کو بالآخر ٹینس کورٹ کو الوداع کہہ دیا۔ لیور کپ کے ڈبلز مقابلے میں انھیں جمعہ کے روز اپنے شراکت دار رافیل نڈال کے ساتھ شکست کا سامنا کرنا پڑا اور اسی کے ساتھ ان کا چمکدار کیریر بھی ختم ہو گیا۔ اس آخری مقابلے کے بعد روجر فیڈرر اپنے آنسو روک نہیں پائے۔ وہ پھوٹ پھوٹ کر روتے ہوئے دکھائی دیے۔ اس جذباتی لمحہ میں رافیل نڈال بھی اپنے آنسو نہیں روک پائے۔

روجر فیڈرر گزشتہ دو دہائی سے ٹینس کھیل رہے تھے۔ اپنے اس طویل کیریر میں انھوں نے کئی بڑے ریکارڈس اپنےنام کیے ہیں۔ 2018 تک تو وہ سب سے زیادہ گرینڈ سلیم جیتنے والے کھلاڑی تھے۔ اس کے بعد گزشتہ چار سالوں میں لگاتار زخمی ہونے کے سبب وہ اپنا بہترین کھیل نہیں دکھا پائے اور پیچھے ہوتے چلے گئے۔ آئیے ڈالتے ہیں ان کے 10 بڑے ریکارڈس پر ایک نظر۔


  1. روجر فیڈرر تیسرے سب سے زیادہ گرینڈ سلیم جیتنے والے کھلاڑی ہیں۔ انھوں نے اپنے کیریر میں 20 گرینڈ سلیم خطاب جیتے۔ اس معاملے میں ان سے آگے صرف رافیل نڈال (22) اور نواک جوکووِچ (21) ہیں۔

  2. ٹینس کے اوپن دور میں فیڈرر سب سے زیادہ خطاب جیتنے والے دوسرے کھلاڑی ہیں۔ ان کے نام 103 خطاب درج ہیں۔ پہلے نمبر پر جمی کارنرس (109) ہیں۔

  3. فیڈرر دوسرے سب سے زیادہ سنگلز میچ جیتنے والے کھلاڑی بھی ہیں۔ انھوں نے اپنے کیریر میں 1251 میچ جیتے ہیں۔ یہاں بھی جمی کارنرس (1274) سب سے آگے ہیں۔

  4. فیڈرر کے نام سب سے طویل وقت تک اے ٹی پی رینکنگ میں نمبر-1 رہنے کا ریکارڈ درج ہے۔ وہ مجموعی طور پر 237 فہتوں تک پہلے مقام پر رہے۔

  5. نمبر-1 رینکنگ حاصل کرنے والے سب سے عمر دراز کھلاڑی کا ریکارڈ بھی فیڈرر کے نام ہے۔ وہ 36 سال 320 دن کی عمر میں بھی اے ٹی پی رینکنگ میں نمبر-1 رہ چکے ہیں۔

  6. فیڈرر سب سے زیادہ ومبلڈن جیتنے والے کھلاڑی ہیں۔ انھوں نے 8 ومبلڈن مینس سنگلز ٹائٹل جیتے ہیں۔

  7. فیڈرر کے نام سب سے زیادہ عمر میں ومبلڈن جیتنے کا ریکارڈ بھی درج ہے۔ انھوں نے 2017 میں 35 سال 342 دن کی عمر میں ومبلڈن خطاب جیتا تھا۔

  8. فیڈرر کے نام گراس کورٹ پر لگاتار سب سے زیادہ میچ (65) جیتنے کا ریکارڈ بھی درج ہے۔

  9. فیڈرر لگاتار 10 گرینڈ سلیم فائنل کھیلنے والے واحد کھلاڑی ہیں۔ 06-2005 میں انھوں نے یہ ریکارڈ بنایا تھا۔

  10. 2006، 2007 اور 2009 میں فیڈرر نے چاروں گرینڈ سلیم فائنل کھیلے۔ وہ واحد کھلاڑی ہیں جو تین کیلنڈر ایئر میں چاروں گرینڈ سلیم فائنل کھیلے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔