ٹوکیو اولمپکس میں طلائی تمغہ جیتنے والے نیرج چوپڑا پر انعامات کی بارش، ہریانہ کا 6 کروڑ، پنجاب کا 2 کروڑ دینے کا اعلان

حکومت ہریانہ نے نیرج چوپڑا کو 6 کروڑ روپے کے علاوہ درجہ اول کی نوکری دینے کا بھی وعدہ کیا ہے۔ وہیں حکومت پنجاب نے 2 کروڑ جبکہ بی سی سی آئی اور چنئی سپر کنگز نے ایک ایک کروڑ روپے دینے کا اعلان کیا ہے

نیرج چوپڑا / ٹوئٹر
نیرج چوپڑا / ٹوئٹر
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: ٹوکیو اولمپکس کے جیولن تھرو ایونٹ (نیزہ پھینکنے کا مقابلہ) میں طلائی تمغہ حاصل کر کے نیرج چوپڑا نے تاریخ رقم کر دی ہے۔ نیرج چوپڑا ایتھلیٹکس میں ہندوستان کی طرف سے تمغہ حاصل کرنے والے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ نیرج چوپڑا کے یہ کارنامہ انجام دینے کے ساتھ ہی ان پر انعامات کی بارش ہونے لگی ہے۔ پانی پت کے رہائشی نیرج چوپڑا کو حکومت ہریانہ نے 6 کروڑ روپے دینے کا اعلان کیا ہے۔ نیز ہریانہ حکومت نے انہیں اول درجہ کی ملازمت بھی فراہم کرنے کا وعدہ کر دیا ہے۔

وزیر اعلیٰ ہریانہ منوہر لال کھٹر نے نیرج چوپڑا کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ نیرج چوپڑا نے پورے ملک کا دل جیت لیا ہے۔ انہوں نے کہا، ’’نیرج چوپڑا نے نہ صرف تمغہ جیتا ہے بلکہ ملک کا دل بھی جیت لیا ہے۔ ملک کو اس لمحہ کا مدت طویل سے انتظار تھا۔ پورے ملک کو ان پر فخر ہے۔‘‘


خیال رہے کہ حکومت ہریانہ کی جانب سے اولمپکس کی شروعات سے قبل ہی اعلان کر دیا گیا تھا کہ ہریانہ کا جو بھی کھلاڑی اولمپکس کا طلائی تمغہ جیت کر آئے گا اسے 6 کروڑ روپے بطور انعام فراہم کئے جائیں گے۔ نیرج کو اول درجہ کی ملازمت کے علاوہ پنچکولہ میں فلیٹ خریدنے پر بھی حکومت رعایت فراہم کرے گی۔

وہیں، وزیر اعلیٰ پنجاب کیپٹن امریندر سنگھ نے بھی نیرج کو ٹوکیو میں تاریخی کامیابی حاصل کرنے کے لئے مبارک باد پیش کی ہے۔ حکومت پنجاب نے اعلان کیا کہ نیر کو 2 کروڑ روپے سے نوازا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ نے ٹوئٹ کیا، ’’نیرج چوپڑا آپ نے تاریخ رقم کی ہے اور ملک کو فاخر بنا دیا ہے۔‘‘


بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) نے بھی نیرج چوپڑا کی کامیابی کی تعریف کی ہے۔ بی سی سی آئی نے نیرج چوپڑا کی سراہنا کرتے ہوئے انہیں ایک کروڑ روپے بطور انعام فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

آئی پی ایل فرینچائیزی چنئی سپر کنگز نے بھی نیرج چوپڑا کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے ایک کروڑ روپے فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ جبکہ آنند مہیندرا نے کہا ہے کہ وہ نیرج چوپڑا کو ہندوستان واپس لوٹنے پر ایک ایس یو وی 700 کار تحفہ میں دیں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔