پی وی سندھو نے جاپان اوپن خطاب جیتا، فائنل میں ’اکانے یاماگوچی‘ کو دی شکست
پی وی سندھو نے فائنل میں اپنی روایتی حریف جاپان کی اکانے یاماگوچی کو شکست دی۔ سندھو نے ٹوکیو ’میٹروپولیٹن جمنازیم‘ میں 4 مرتبہ کی چمپئن یاماگوچی کو 21-17، 21-17 سے شکست دی۔

سابق عالمی چیمپئن اور دو مرتبہ کی اولمپک تمغہ یافتہ ہندوستانی بیڈمنٹن کھلاڑی پی وی سندھو نے اتوار کے روز جاپان اوپن سپر 750 کا خطاب اپنے نام کر لیا۔ 2 برسوں میں یہ سندھو کا پہلا بی ڈبلیو ایف ورلڈ ٹور خطاب ہے۔ پی وی سندھو نے فائنل میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے اپنی روایتی حریف جاپان کی اکانے یاماگوچی کو شکست دی۔ سندھو نے ٹوکیو ’میٹروپولیٹن جمنازیم‘ میں 4 مرتبہ کی چیمپئن یاماگوچی کو 21-17، 21-17 سے شکست دی۔ اس کامیابی کے ساتھ سندھو جاپان اوپن جیتنے والی پہلی ہندوستانی کھلاڑی بن گئی ہیں۔ یہ سابق عالمی چیمپئن کا دسمبر 2024 میں سید مودی ٹورنامنٹ جیتنے کے بعد پہلا بی ڈبلیو ایف ورلڈ ٹور خطاب ہے۔ اس کے ساتھ ہی سپر 750 یا اس سے اعلیٰ درجے کا خطاب جیتنے کے لیے ان کا 7 برس کا انتظار بھی ختم ہو گیا۔
سندھو کو شاندار کھیل کے ساتھ ساتھ قسمت کا بھی ساتھ ملا۔ پری کوارٹر فائنل میں انہوں نے عالمی سطح پر نمبر 5 کھلاڑی ’ہان یو‘ کو شکست دی، جبکہ کوارٹر فائنل اور پھر سیمی فائنل میں ان کی حریف کھلاڑی انجری کی وجہ سے مقابلے سے دستبردار ہو گئیں۔ سندھو نے فائنل کا آغاز انتہائی جارحانہ انداز میں کیا۔ انہوں نے مسلسل ابتدائی دو پوائنٹس حاصل کیے اور تیسرے پوائنٹ کے لیے کامیاب چیلنج لیتے ہوئے 3-0 کی برتری بنا لی۔ حالانکہ جاپان کی اکانے یاماگوچی نے جلد ہی شاندار واپسی کرتے ہوئے اسکور برابر کر دیا۔ اس کے بعد سندھو نے یاماگوچی کی چند غلطیوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے 9-7 کی برتری حاصل کی، لیکن یاماگوچی نے دباؤ کے باوجود عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور مسلسل 4 پوائنٹس جیت کر مقابلے کا رخ بدل دیا۔ مڈ گیم وقفے تک انہوں نے برتری حاصل کر لی تھی۔
کھیل دوبارہ شروع ہونے کے بعد سندھو کا انداز بالکل مختلف نظر آیا۔ وہ اپنے حملوں میں کہیں زیادہ جارحانہ دکھائی دیں۔ انہوں نے یاماگوچی کو بیک فٹ پر دھکیل دیا اور اپنی برتری 16-12 تک پہنچا دی۔ دونوں کھلاڑیوں میں سے کوئی بھی ہار ماننے کو تیار نہیں تھا اور اسکور 17-17 سے برابر ہو گیا۔ حالانکہ ہندوستانی اسٹار نے اس کے بعد مسلسل 4 پوائنٹس حاصل کرتے ہوئے پہلا گیم 21-17 سے اپنے نام کر لیا۔ سندھو نے دوسرے گیم کا آغاز بھی شاندار انداز میں کیا۔ انہوں نے پہلے 6-3 کی برتری حاصل کی اور پھر اسے بڑھا کر 8-3 کر دیا۔ جاپانی شٹلر نے مسلسل 4 پوائنٹس جیت کر کچھ دیر کے لیے سندھو کی رفتار کو روک دیا، لیکن آخرکار ہندوستانی کھلاڑی 11-7 کی برتری کے ساتھ مڈ گیم وقفے میں پہنچیں۔
وقفے کے بعد سابق عالمی چیمپئن یاماگوچی کچھ دباؤ میں نظر آئیں۔ سندھو نے اس کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے تیز رفتار کھیل پیش کیا اور جلد ہی 14-7 کی مضبوط برتری حاصل کر لی۔ اس کے بعد بھی انہوں نے اپنی عمدہ کارکردگی برقرار رکھی اور 16-12 کے اسکور کے ساتھ مقابلے پر اپنی گرفت مضبوط کر لی۔ یاماگوچی نے مسلسل 5 پوائنٹس جیت کر واپسی کی کوشش کی اور خسارہ کم کرتے ہوئے اسکور 18-17 کر دیا۔ تاہم سندھو نے تیزی سے 3 میچ پوائنٹس حاصل کیے اور 21-17 سے دوسرا گیم بھی جیت کر خطاب اپنے نام کر لیا۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
