لارڈز ٹیسٹ میں شکست کے بعد پاکستانی ٹیم کی سر زنش، 7 کھلاڑی باہر، کوچنگ اسٹاف بھی تبدیل

پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق وائٹ بال کپتان سلمان علی آغا، وکٹ کیپر محمد رضوان اور اوپننگ بلے باز امام الحق کے ساتھ ساتھ علی عثمان، عامر جمال، محمد اویس ظفر اور خرم شہزاد کو ٹیم سے باہر کر دیا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر/آئی اے این ایس</p></div>
i

پاکستانی ٹیم نے اتوار کے روز لارڈز میں انگلینڈ کے خلاف دوسرا ٹیسٹ میچ 194 رنز سے گنوا دیا، جس کے اگلے ہی دن پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے دورے کے درمیان ہی بڑا قدم اٹھاتے ہوئے 7 کھلاڑیوں کو ٹیم سے باہر کر دیا۔ اس کے ساتھ ہی کوچنگ اسٹاف کے ارکان کو بھی تبدیل کر دیا گیا ہے۔ یہ تبدیلیاں ایسے وقت میں کی گئی ہیں، جب پاکستان 3 میچوں کی سیریز میں 2-0 سے پیچھے ہے اور گزشتہ 6 ٹیسٹ میچوں میں سے 5 ہار چکا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سابق وائٹ بال کپتان سلمان علی آغا، وکٹ کیپر محمد رضوان اور اوپننگ بلے باز امام الحق کے ساتھ ساتھ علی عثمان، عامر جمال، محمد اویس ظفر اور خرم شہزاد کو ٹیم سے باہر کر دیا ہے۔

پی سی بی نے پیر کے روز جاری بیان میں کہا ہے کہ ’’پاکستان کرکٹ بورڈ نے آج اعلان کیا ہے کہ لارڈز ٹیسٹ کے بعد ٹیسٹ ٹیم سے 7 کھلاڑیوں کو باہر کر دیا گیا ہے۔ مجموعی طور پر 7 نئے کھلاڑیوں کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے، جن میں ٹیسٹ سطح پر 5 ’ان کیپڈ‘ اور 2 کیپڈ کھلاڑی شامل ہیں۔‘‘ نئے شامل کیے گئے کھلاڑیوں میں پہلے ٹیسٹ کھیل چکے بلے باز صائم ایوب اور عبداللہ فضل کے ساتھ ساتھ بائیں ہاتھ سے اسپن گیند کرنے والے آل راؤنڈر عرفات منہاس شامل ہیں۔ برمنگھم کے ایجبسٹن میں 9 ستمبر سے شروع ہونے والے تیسرے ٹیسٹ سے قبل ’ان کیپڈ‘ کھلاڑی محمد عمران جونیئر، سعد بیگ، محمد عمران اور رضاء اللہ بھی ٹیم سے وابستہ ہو جائیں گے۔


بورڈ نے کہا کہ ’’نئے کھلاڑیوں کے طور پر بلے باز صائم ایوب اور عبد اللہ فضل نے بالترتیب 8 اور 2 ٹیسٹ میچ کھیلے ہیں، جبکہ بائیں ہاتھ سے اسپن گیند کرنے والے آل راؤنڈر عرفات منہاس نے پاکستان کے لیے 3 ون ڈے اور 4 ٹی20 میچ کھیلے ہیں۔ باقی 4 کھلاڑیوں میں بائیں ہاتھ کے تیز گیند باز محمد عمران جونیئر، وکٹ کیپر بلے باز اور قائداعظم ٹرافی 2025-26 کے ’پلیئر آف دی ٹورنامنٹ‘ سعد بیگ، اور دائیں ہاتھ سے تیز گیند بازی کرنے والے آل راؤنڈر محمد عمران اور رضاء اللہ شامل ہیں۔ یہ تبدیلی صرف پلیئنگ اسکواڈ تک ہی محدود نہیں ہے، پاکستان کی خراب کارکردگی کے بعد ریڈ بال ہیڈ کوچ سرفراز احمد اور باؤلنگ کوچ عمر گل کو ان کی ذمہ داریوں سے فارغ کر دیا گیا ہے۔

اسی خراب دور میں شان مسعود کی جگہ بابر اعظم کو ٹیسٹ کپتان بنایا گیا تھا۔ باقی دورے کے لیے بیک روم کی ذمہ داریاں وائٹ بال ہیڈ کوچ مائیک ہیسن اور ایشلے نوفکے سنبھالیں گے۔ برمنگھم ٹیسٹ کے لیے پاکستان کی تبدیل شدہ ٹیسٹ ٹیم: ٹیم کے بابر اعظم (کپتان)، عبد اللہ فضل، عرفات منہاس، اذان اویس، محمد عباس، محمد علی، محمد عمران، محمد عمران جونیئر، محمد غازی غوری (وکٹ کیپر)، رضاء اللہ، سعد بیگ (وکٹ کیپر)، صائم ایوب، ساجد خان، سعود شکیل، شان مسعود اور عبید شاہ پر مبنی ہے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔